(پیش رفت ..... 2022ء تک) مکتبہ خدّام القرآن - مدیر شعبہ

24 /

(8) مکتبہ خدّام القرآن

’’مکتبہ خدّام القرآن‘‘ مرکزی انجمن خدّام القرآن لاہور کا ایک اہم شعبہ ہے جو ادارے کی کتب ‘ محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ کے دروس و خطابات کی USBs اور کتب کو سٹاک کرنے‘ فروخت کرنے‘اندرون و بیرون ملک ان پروڈکس کے آرڈرز وصول کرنے اور ان کی ترسیل کا ذمہ دار ہے۔مرکزی انجمن اور تنظیم اسلامی کے تحت شائع ہونے والے جرائد ﴿ماہنامہ میثاق‘ سہ ماہی حکمت ِقرآن اور ہفت روزہ ندائے خلافت کی مستقل خریداروں‘ ایجنسی ہولڈروں اور تنظیم اسلامی کے حلقہ جات کو بروقت ترسیل بھی مکتبہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ انجمن خدّام القرآن کے تمام شعبہ جات کی بیرون ڈاک بھیجنے کی ذمہ داری بھی مکتبہ خدّام القرآن بطریق احسن سر انجام دے رہا ہے۔
الحمدللہ یہ شعبہ مکتبہ جہاں اپنی معمول کی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہا ہے‘وہیں بعض دیگر امور میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہاہے جن میں اجتماعاتِ جمعہ ‘ہفتہ وار دروسِ قرآن ‘رمضان المبارک اور سیمینارز کے پروگرامز میں سٹال لگانے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ گزشتہ پچیس سالوں کے دوران کچھ دیگر معاملات بھی مکتبہ نے بہت عمدہ طریقے سے نبھائے جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
1۔ دہلی کتاب میلہ(2004ء)
2۔ سالانہ اجتماعات ﴿(تنظیم اسلامی)
3۔ لاہور انٹرنیشنل بک فیئر
4۔ رمضان گفٹ پیک سکیم
5۔ قرآن اکیڈمی کےبیرون (برلب سڑک)سیل پوا ئنٹ کا اجراء
6۔ سیل بذریعہ کمپیوٹرائزیشن
7۔ آن لائن بک سٹور
دہلی کتاب میلہ(2004ء)
محترم سیّد قاسم محمود صاحب نے مرکزی انجمن کی انتظامیہ کو توجّہ دلائی کہ دہلی میں ہر سال کتب کا ایک بہت بڑا عالمی میلہ منعقد ہوتا ہے۔ اس سال اس میلہ میں پاکستانی شرکاء کو خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ مرکزی انجمن کو اپنے فکری لٹریچر اور محترم صدر مؤسس کے دروس و خطابات کو بھارت میں بڑے پیمانے پر متعارف کرانے کا یہ بہترین موقع ہے لہٰذا ہمیں اس میں ضرور شرکت کرنی چاہیے ۔چنانچہ اس رائے سے اتفاق کرتے ہوئے میلے میں شرکت کا فیصلہ کر لیاگیا‘ جس پر مکتبہ نے ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں شروع کر دیں۔ اگر چہ میلے کے انعقاد میں بہت کم دن باقی رہ گئے تھے پھر بھی لگ بھگ پانچ لاکھ روپے مالیت کی CDs اور تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کی کتب ارسال کر دی گئیں ۔ سٹال کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے مولانا شیخ رحیم الدین صاحب اور شاہد ندیم صاحب کا انتخاب عمل میں آیا‘ جنہوں نے مقامی رفقاء کی مدد سے آٹھ روز تک جاری رہنے والے اس کتاب میلے میںایک خوبصورت اور کامیاب اسٹال کا انعقاد یقینی بنایا۔مختلف شہروں سے ہزاروں لوگوں نے سٹال کا وزٹ کیا اور کتب و سی ڈیز کی خریداری کی۔
سالانہ اجتماعات( ﴿تنظیم اسلامی)
پہلے یہ اجتماع فردوسی فارم ‘ دراجکے(سادھوکی) کے مقام پر منعقد ہوتا تھا‘اب بہاول پور میں منعقد ہوتا ہے۔ ہر سال اس موقع پر مکتبہ ایک بھرپور‘خوبصورت ‘وسیع و عریض سٹال کا اہتمام کرتاہے جوکہ شرکاء ِاجتماع کی توجّہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔ اس موقع پر تمام کتب پچاس فیصد رعایت پر دستیاب ہوتی ہیں جس سے رفقاء تنظیم اسلامی اور احباب بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہیں ۔
لاہور انٹرنیشنل بک فیئر
ہر سال ایکسپو سنٹر لاہور میں انٹرنیشنل بک فیئر کا انعقادہوتا ہے جس میں مکتبہ خدام القرآن‘تنظیم اسلامی حلقہ لاہور غربی کے اشتراک سے شرکت کرتا ہے۔سٹال کی تشہیر کےلیے دیدہ زیب اشتہار ڈیزائن کیا جاتا ہے جسے فیس بک اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بڑی تعداد میں احباب اور رفقاء تک پہنچایا جاتا ہے۔لوگوں کی کثیر تعداد سٹال کا وزٹ کرتی ہے۔اس موقع پر رفقاء ِتنظیم اسلامی اور کارکنان انجمن ڈاکٹر اسرار احمد ؒکی کتب میں دلچسپی رکھنے والے خواتین و حضرات میں کتابچوں اور کورسز کے ہینڈ بل مفت تقسیم کرتے ہیں اور موقع کی مناسبت سے ان کے سامنے انجمن اور تنظیم کا تعارف رکھتے ہیں۔
رمضان گفٹ پیک سکیم
رمضان المبارک کے موقع پر ہرسال خصوصی رمضان گفٹ پیک نئے اور دلکش ٹائٹل کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے جس میں محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ کی مختلف کتب پر خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے اور اس کی بھر پور تشہیر کی جاتی ہے۔اس سکیم میں بیان القرآن سیٹ ‘ قرآن حکیم اورہم ‘رسولِ اکرمﷺ اورہم ‘ اربعین نوویؒ (دو جلد)‘ منتخباتِ بیان القرآن ‘قلب ِقرآن سورۂ یٰسین اور خطباتِ سیرت جیسی کتب قابلِ ذکرہیں۔ان کے علاوہ MP3 بیان القرآن سی ڈیز بھی لاکھوں کی تعداد میں فروخت ہوئیں۔دورۂ ترجمہ قرآن کے دوران جامع مسجدقرآن اکیڈمی کے باہرسٹال لگایا جاتا ہے جو رات ایک بجے تک کھلا رہتا ہے۔
قرآن اکیڈمی کے بیرون سیل پوا ئنٹ کا اجراء
مرکزی انجمن کی کتب‘کیسٹس اور خصوصاً CDs کی تیزی سے بڑھتی ہوئی فروخت کے باعثیہ احساس شدّت اختیار کرتا جا رہا تھا کہ ان اشیاء کی خریداری کے لیے آنے والے افراد کو قرآن اکیڈمی کے اندر تہہ خانے تک پہنچنا کچھ گراں گزرتا ہے۔ یہ بات انتظامی اعتبار سے بھی کچھ زیادہ اطمینان بخش نہ تھی۔لہٰذا طے کیا گیا کہ نقد فروخت کے لیے اکیڈمی کے باہر ایک سیل پوائنٹ قائم کر دیا جائے ۔ الحمدللہ‘ اکتوبر 2004 ء سے سیل پوائنٹ کا قیام عمل میں آچکا ہےجس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں اور فروخت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
سیل بذریعہ کمپیوٹرائزیشن
2010 ء میں سیل پوائنٹ اور مین سٹور کمپوٹرائز کردیا گیا۔ سٹاک کمپوٹرائز ہونے کے علاوہ کمپیوٹرائز ڈ کیش میمو / رسیدات کا اجراء بھی ہو رہا ہے جس سےمکتبہ کے کام اور کسٹمر سروس میں بہتری آئی ہے۔
آن لائن بک سٹور
کچھ عرصہ یہ بات زیر ِغور رہی کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے کتب کی فروخت کی جائے۔اس مقصد کے لیے ایک ویب سائٹ www.maktaba.com.pk تیارکی گئی جس پر جولائی 2021 ءسے آن لائن فروخت شروع ہو چکی ہے۔ اسی سلسلے میں ایک واٹس ایپ نمبر 03011115348 بھی مکتبہ کے لیے حاصل کیا گیا جس کے ذریعے سے لوگ کتب منگوا رہے ہیں۔
اسی طرح فیس بک پر’’مکتبہ خدّام القرآن‘‘ کے نام سے ایک پیج تیار کیا گیا ہے جس پر گاہے بگاہے کتب کے اشتہارات ڈیزائن کر کے لگائے جا رہے ہیں۔زیادہ تر اشتہارات کسی ادائیگی کے بغیر لگائے جاتے ہیں‘ جبکہ کسی خاص موقع پر رقم ادا کر کے اشتہار چلوایا جاتا ہے۔
ان کے علاوہ گزشتہ 25 سالوں کے دوران ایوانِ اقبال ‘ الحمرا ہال ‘ قرآن آڈیٹوریم ‘ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ‘ باغِ جناح‘پنجاب یونیورسٹی ‘فاسٹ انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز‘ UMTاورکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے کتب میلوں اور سیمینارز میں بھی مکتبہ خدّام القرآن کی کتب اور CDs کے بھرپور سٹال لگانے کا اہتمام کیا گیا جس سے مرکزی انجمن کے اصل مقصد یعنی دعوت رجوع الی القرآن کے پھیلاؤ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔