تعارف و تبصرہ
نام کتاب:دینی مدارس اور معاشرتی رویوں میں ان کاکردار
مصنف و مولف:پروفیسر سیدہ مسعودہ شاہ
ضخامت: 706صفحات قیمت:1500روپے پبلشر:اعلیٰ ادب پبلیکیشنز‘ اردو بازار ‘ لاہور
یہ ضخیم کتاب دراصل مصنفہ کا پی ایچ ڈی کا مقالہ ہے جس میں دینی مدارس کی اہمیت اور ضرورت بیان کی گئی ہے۔ نیز یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان مدارس سے فارغ التحصیل ہونے والوں کا معاشرتی رویوں میں اس وقت کیا کردار ہے اور درحقیقت کیا ہونا چاہیے۔ مدارس کے انتظام میں اصلاحات بھی تجویز کی گئی ہیں۔ اس مسئلے پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ مدارس کے تعلیم یافتہ اکثر مساجد کے مؤذن اور امام بن کر تنگ دستی کی زندگی بسر کرتے ہیں۔لہٰذا ضرورت ہے کہ ان کو جدید تعلیم سے روشناس کیا جائے تاکہ وہ قرآن وحدیث کی تعلیم حاصل کر کے اچھے انسان بنیں اورساتھ ہی عصری تعلیم حاصل کر کے معاشرے میں بااثر بنیں اور عزت حاصل کریں۔ مقالے میں اگرچہ ریسرچ کا دائرہ کوئٹہ اور اس کے مضافات تک ہی محدود کیا گیا ہے مگر پورے ملک کے دینی اداروں اور وہاں سے فارغ ہونے والے طلبہ کا حال تقریباً ایسا ہی ہے۔
یہ کتاب سات ابواب پر مشتمل ہے۔ ہر باب کی تین سے آٹھ تک فصلیں ہیں جن میں متعلقہ باب کے مختلف پہلوئوں کو واضح کیا گیا ہے۔ باب نمبر7 میں وہ سوال نامے درج ہیں جن کو بڑی محنت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور پھربڑی کوشش اور جدّوجُہدسے اُن کے جوابات حاصل کیے ہیں۔ ان ہی جوابات کی روشنی میں مقالے کے عنوان کی تحقیق کے نتائج اخذ کیے گئے ہیں۔ کتاب میں ان حوالہ جات کی فہرست دی گئی ہے جن سے دورانِ تحقیق فائدہ اٹھایاگیا ہے۔ اشاریہ اور فہرست اعلام بھی دی گئی ہیں تاکہ مطالعہ کرنے والوں کے لیے سہولت ہو۔
مصنفہ نے سو سے زیادہ کتابوں اور جریدوں کے نام درج کیے ہیں جن سے مقالے کی تیاری میں فائدہ اٹھایا گیا ہے۔ ان میں انگریزی کتب کے علاوہ9 رپورٹس بھی شامل ہیں۔ آن لائن ویب سائٹس سے بھی معلومات اکٹھی کی گئی ہیں۔ اصلاحِ احوال کے لیے جو اصلاحات تجویز کی گئی ہیں‘ وہ محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں کے لیے چشم کشا ہیں۔ دینی مدارس کے متعلق تحقیق کرنے والے بھی اس کتاب سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
کتاب کا ٹائٹل عمدہ اور جلد مضبوط ہے۔ (تبصرہ نگار:پروفیسر محمد یونس جنجوعہ)
نام کتاب:پیغمبر اسلام ﷺ
ترتیب وتالیف:محمد عبدالقیوم
صفحات :700‘قیمت:4000 روپے ناشر : ضیا ء القرآن پرنٹنگ پریس ‘ لاہور
ملنے کا پتہ :فیصل الیکٹرک کمپنی ‘27۔وحدت روڈ‘لاہور۔فون:0300-1351947
اسلام دین حق ہے اورحق کا راستہ کسی بھی دور میں پھولوں کی سیج نہیں رہا ۔حق کے راستے میں مصائب وآلام آیا ہی کرتے ہیں ۔اس کائنات کی سب سے برگزیدہ ہستیاں انبیاء و رُسل علیہم السلام ہیں۔ہم جب ان ہستیوں کی سیرت کامطالعہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ انہیں قدم قدم پر مشکلات کا سامنا رہا ۔ بہت سوں کو راہِ حق میں اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرنا پڑا‘مگر ان میں سے کسی ایک کے بھی راہ ِحق سے نہ قدم ڈگمگائے ‘نہ ارادے کمزور پڑے اورنہ ہی نشان منزل ان کی نگاہوں سے اوجھل ہوئی ۔ ان کے لیےکوہِ استقامت کا استعارہ بہت ہلکا محسوس ہوتا ہے۔انبیاء و رُسلؑ میں سب سے اعلیٰ وارفع ہستی پیغمبر آخرالزماں حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی ہے ‘راہِ حق میں جس قدر آپ ﷺ کو تنگ کیا گیا ‘اتنا کسی بھی پیغمبرکو نہیں ستایا گیا۔
کتاب ’’پیغمبر ِاسلام ‘‘ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے ان واقعات پر مشتمل ہےجو انسانی تاریخ کے سب سے عظیم انسان کوپہنچنے والی تکالیف اورمصائب ومشکلات کا احاطہ کرتے ہیں۔ یہ سیرت النبی ﷺ کا ایک اچھوتا موضوع ہے اور میرےعلم کی حدتک یہ ایک منفرد کتاب ہے ۔مؤلف محترم محمد عبدالقیوم صاحب نے کتاب کے آغازہی میں ’’حرف ِنیاز‘‘ کے عنوان سے موضوع کی تصریح کردی ہے کہ اہل ِعرب کا قول ہے: ’’آج جس دُکھ یا مصیبت نے تجھے مغموم اوردل گرفتہ کردیا ہے‘ اس عرصہ ٔ غم میں تم اگر اللہ کے حبیب رسول کریم ﷺ کی حیات ِطیبہ میں پیش آنے والے دُکھ کے لمحات اورصدمات کو یادکرو تو تمہیں اپنی تکالیف اور غم چھوٹے نظر آئیں گے۔‘‘
کتاب میں درج واقعات مستند ‘ اندازِتحریر نہایت سادہ ‘عام فہم اورانتہائی دل نشیں ہے۔منتخب اشعار اوردرودوسلام نے اس کتاب کوچارچاند لگادیے ہیں ‘جس سے مؤلف کی پیغمبر اسلام ﷺ سےبےپناہ محبت اور خلوص کا اظہار ہوتا ہے۔یہ کتاب اپنی مقصدیت اورافادیت کے حوالےسے خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔
کتاب کا سرورق دیدہ زیب ‘ کمپوزنگ وطباعت عمدہ ‘ کاغذ انتہائی قیمتی ہے۔رنگین صفحات پر مشتمل یہ کتاب اسلامی تحریکات ‘ واعظین ومربیین‘ تحقیقی وتعلیمی اداروں ‘لائبریریوں ‘ مکتبہ جات ‘ ہر گھر اور ہر فرد ‘ خاص طور پر نوجوان طلبہ وطالبات کے لیے ایک بہترین اورانمول تحفہ ہے۔(تبصرہ نگار:احمد علی محمودی)
tanzeemdigitallibrary.com © 2024