صرف کتاب نہیں بلکہ استاد بھی!
ڈاکٹر ابصاراحمد
قارئین ِ’’حکمت قرآن‘‘ کے علم میں ہے کہ مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور کے زیر انتظام قرآن اکیڈمی میں طویل عرصے سے رجوع الی القرآن کورسز کا اہتمام ہو رہا ہے۔ اس میں ابتدا میں صرف ایک سالہ کورس کی کلاس لیکن بعد ازاں دو سالہ کورس کا اجراء ہوا‘ جو کم وبیش تین دہائیوں سے قرآن اکیڈمی(مرکز علمی) میں بہت باقاعدگی اور نظم وضبط کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔ بعض اسباب کی بنا پر خواتین کو صرف پہلے سال کی کلاس میں داخلہ دیا جاتا ہے‘ چنانچہ وہ بھی اس علمی تدریس سے استفادہ کرتی ہیں۔ اس طرح تمام طلبہ دینی شعور میں ازدیاد اور فرائض دینی کو انجام دینے کی تحریک حاصل کرتے ہیں۔ اکیڈمی کے منتظمین اور فاضل اساتذہ رسول اللہ ﷺ کی صحبت و تربیت سے فیض یافتہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور تابعی امام حسن بصری رحمہ اللہ کے اقوال کو جدیدیت گزیدہ ذہنیت اور ترجیحات کی بجائے عقلی و منطقی جزرسی کے ساتھ قلب کی تاثیرات کوعلمیاتی(epistemic)اعتبار سے زیادہ اہم‘ پُر حکمت اور مآل کار کے حوالے سے زیادہ باثروت سمجھتے ہیں۔ قرآن مجید بھی ہم سے فہم و تدبرکے ساتھ باطنی تاثیر اور قلبی احوال میں خوف و خشیت اور تضرع کا تقاضا کرتا ہے۔
راقم سینئر (پارٹII)کی کلاس میں گاہے گاہے شامل ہو کر مشہور حدیث ((کُنْ مُعَلِّمًا اَوْ مُتَعَلِّمًا)) میں مؤخر الذکر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قرآن وحدیث اور علوم نبوت کے جملہ موضوعات کی وقیع تشریحات و توضیحات سے قلب و نظر کو منور کرتا ہے۔ بحمد ِاللہ قرآن اکیڈمی کے تمام اساتذہ کا علمی فیضان بے پایاں ہے اور ان کے لیکچرز کی نشست حقیقتاً مجالسٌ ایمانیۃٌ یعنی ایمانی مجالس ہوتی ہیں۔ ہفتے کے روز تقریباً چار گھنٹے جاری رہنے والی کلاس محاضرات اصول الدین بھی بھرپور ہوتی ہے‘ جس میں کچھ سابق طلبہ اور موجودہ ارشد تلامذہ بہت باقاعدگی سے تشریف لاتے ہیں۔ سینئر کلاس کا ماحول بالعمومOpen house کا ہوتا ہے۔ ایک بیدار مغز ‘حساس دل اور رسوخ فی العلم رکھنے والے مدرس کی پہچان یہی ہے کہ وہ معاشرے میں اٹھنے والے سوالات اور اشکالات سے نہ صرف باخبر ہو بلکہ قرآن وحدیث کی روشنی میں اس کا درست و متوازن جواب اور صائب حل بھی پیش کرے۔ تبھی اللہ تعالیٰ طلبہ کی طرف سے محبوبیت‘ مرجعیت اور مقبولیت سے نوازتے ہیں۔ سہ ماہی’’حکمت قرآن‘‘ کے لیے اضافی فائدہ یہ ہے کہ قرآن اکیڈمی کے سکالر اساتذہ کے درسی تعلیقات‘ امالی اور افادات تحریری شکل میں آکر جریدے کے قارئین کا علمی و دینی افق وسیع کرتے ہیں اور وہ آخرت میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی رضا حاصل کر کے جنت کےحق دار بن سکتے ہیں۔
استاذ ڈاکٹر رشید ارشد نے جولائی کے اواخر میں رجوع الی القرآن کورسز کے اختتام پر تقسیم اسناد کے موقع پر طلبہ کو جن خیالات اور مواعظ سے نوازا وہ افادئہ عام کے لیے ذیل میں دیے جا رہے ہیں۔ وہ کئی سال سے اکیڈمی کی تقریب تقسیم اسناد اور کلیۃ القرآن میں ختم بخاری شریف میں ناظم اعلیٰ حافظ عاطف وحید صاحب کی دعوت پرمختصر خطاب کرتے رہے ہیں۔
خطبہ مسنونہ اور درود وسلام کےبعد:
آج آپ لوگوں کے لیے‘ ماشاءاللہ ‘بہت خوشی کا موقع ہےاور شکر کا بھی ۔ اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں میرے استاد محترم ڈاکٹر فضل الٰہی اپنے آخری دروس میں چند باتیں فرمایا کرتے تھے ‘اور اس کا آغاز وہ یہیں سے کرتے تھے کہ ہر ابتدا کی ایک انتہا ہوتی ہے۔ جیسے چند مہینے پہلے ہم اس کورس میں جمع ہوئے ‘ اس کے بعد یہ ختم ہو گیا تو ایسے ہی ہماری زندگی کی ایک انتہا ہوگی۔ موت کی یاددہانی اصل منزل ہے‘ اس کی طرف توجہ دلائی جائے۔ نصائح کے حوالے سے ایک معیاری نصیحت کے بارے میں علماء فرماتے ہیں: ’’ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی ایک وصیت جو پہلوں کے لیے اور بعد والوں کے لیے ہے‘ وہ اللہ کا تقویٰ ہے۔‘‘ارشاد باری تعالیٰ ہے:
{وَلَقَدْ وَصَّیْنَا الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْکِتٰبَ مِنْ قَبْلِکُمْ وَ اِیَّاکُمْ اَنِ اتَّقُوا اللہَ ط} (النساء:۱۳۱)
’’اور (دیکھو مسلمانو!) تم سے پہلے جن لوگوں کو کتاب دی گئی تھی انہیں بھی ہم نے وصیت کی تھی اور اب تمہیں بھی یہی وصیت ہے کہ اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔‘‘
نبی اکرمﷺ کا بھی یہ مبارک معمول تھااور آپﷺ فرمایاکرتے تھے :
((اُوصِيكُمْ بِتَقْوَى اللَٰهِ وَ السَّمْعِ وَ الطَّاعَةِ...)) [سنن ابی داوٗد، جامع الترمذی]
’’میں تمہیں اللہ سے ڈرنے‘ بات سننے اور ماننے کی وصیت کرتا ہوں...‘‘
اس کورس کے سال دوم میں ’’ریاض الصالحین‘‘ کے مطالعہ کا معمول ہے ۔ساتویں صدی ہجری میں مرتب کردہ اس کتاب کے ابتدا میں امام یحییٰ بن شرف الدین النوویؒ نے جو مقدمہ لکھا ہے ‘اس کو ہم پڑھتے ہیں۔اس حوالے سے چند باتیں عرض کردوں۔ جیسے قرآن مجید کے بارے میں آتا ہے الحالُّ المُرْتَحِل ‘ کہ تراویح میں جب قرآن کی تکمیل ہوتی ہے تو اس کے بعد دوبارہ سے سورۃالبقرہ پڑھی جاتی ہے۔ اس لحاظ سے بھی یہ مفید ہے۔ امام صاحب حمد و ثنااور الصلوٰۃ والسلام علیٰ رسول اللہﷺ کے بعد فرماتے ہیں کہ مجھے معلوم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
{وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ (۵۶)} (الذّٰریت)
’’اور مَیں نے نہیں پیدا کیا جنوں اور انسانوں کو مگر صرف اس لیے کہ وہ میری بندگی کریں۔‘‘
اس سےاس بات کی تصریح ہو جاتی ہے کہ بندوں کو عبادت کے لیےخلق کیا گیا ہے۔ چنانچہ لازم ہے کہ جس چیز کے لیے ان کو خلق کیا گیاہے‘ اس کی طرف اعتنا کریں۔ اس کا تقاضا یہ ہے کہ دنیا کے حظوظ سے زیادہ سے زیادہ اعراض کریںاور زہد کی زندگی اختیار کریں۔ مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ فرمایا کرتے تھے کہ ایک تو حقوق النفس ہوتے ہیں جبکہ دوسری طرف حظوظِ نفس ہوتے ہیں۔ حقوق النفس تو ضروری ہیں بلکہ کچھ معاملات میں اگر کوتاہی ہو گی توآخرت میں پکڑ ہو جائے گی‘ لیکن حظوظ ( لذتوں) کے پیچھے ساری زندگی بھاگنا ٹھیک نہیں ہے۔ ایسا کیوں ہے ؟ فرماتے ہیں :
فَاِنَّھَا دَارُ نَفَاد لَا مَحَلُّ اِخْلاد
’’کیونکہ یہ دنیا ختم ہونے والی ہے، یہ محل خلود نہیں ہے۔‘‘
وَ مَرْکَبُ عُبُور لَا مَنْزِلُ حُبُور
’’اور یہ گزرنے کی سواری ہے ، سرور وخوشی کی منزل نہیں۔‘‘
یہ ایک مَرکب ہے جس کے ذریعے آپ نے سواری کرنی ہے‘رستہ عبور کرنا ہے؛ یہ منزل نہیں ہے جہاں پر مزے کرنے ہیں۔تُحْبَرُوْنَ کا لفظ قرآن مجید میں آیا ہے کہ جنت میں تم اور تمہارے جیسے لوگ یا تمہارے جوڑے مزے کر رہے ہوں گے۔یہ ایک ایسا مَشْرَعْ ہے جہاں سے آپ کوعلیحدگی اختیار کرنی ہے۔ یہ مَوْطِنُ دَوَام نہیں ہے۔ آگے فرماتے ہیں کہ دنیا والوں میں صاحب ِایقاظ (awakend beings and enlightened beings) کون ہیں!
ھُمُ الْعُبَّادُ: وہی ہیں کہ جو اللہ کی بندگی میں لگ جائیں،کھپ جائیں ۔
وَأعْقَلُ النَّاسِ فِیھَا ھُمُ الزُّھَّادُ
’’اور زہد وتقویٰ والے ہی سب سے بڑے عقلاء ہیں۔‘‘
دُنیا میں سب سے زیادہ ذہین‘ فطین ‘عقیل لوگ وہ ہیں جو دنیا میں زہد اختیار کریں۔ دنیا میں رہیں‘ اسے برتیں لیکن قناعت کی زندگی اختیار کریں۔ پھر انہوں نے آیت نقل کی ہے جس میں تفصیل ہے؛جیسے بارش کی مثال ہے‘ پھر فصل نکلتی ہے‘ وہ اپنی ہریالی پر آتی ہے‘ پھر اس کو کاٹ دیا جاتا ہے۔ یہی دنیا کی زندگی ہے۔ آگے تین اشعار نقل کیے ہیں:
اِنَّ لِلّٰہِ عِبَادًا فُطَنَا
طَلَّقُوا الدُّنْیَا وَخَافُوا الْفِتَنَا
اللہ کے کچھ بندے ایسے تھے جو ذہین‘ فطین‘ سمجھ دار‘intellectual تھے اور انہوں نے دنیا کو تج دیا فتنوں کے اندیشے سے۔
نَظَرُوا فِیھَا فَلَمَّا عَلِمُوا
أنَّھَا لَیْسَتْ لِحَیٍّ وَطَنَا
’’جب انہوں نے دنیا میں نگاہ کی تو وہ جان گئے کہ یہ کسی زندہ کا وطن نہیں بن سکتا۔ ‘‘
یعنی وہ آدمی جو ابدی زندگی چاہتا ہے‘جوeternityچاہتاہے اس کا یہ مقام نہیں ہوسکتا۔ ایک روایت ہے: ((حُبُّ الْوَطَنِ مِنَ الْاِیْمَانِ)) اگرچہ کہا گیا کہ یہ روایت ثابت نہیں ہے لیکن کچھ اسلاف نے اس کو قبول کیا۔ امام شافعی علیہ الرحمہ کی طرف منسوب ہےاور انہوں نے کہا کہ بالکل ٹھیک حدیث ہے ۔البتہ اس میں ’’وطن‘‘ سے مراد خراسان‘کوفہ یابصرہ نہیں ہےبلکہ جنت ہے۔ امام صاحب ابھی جوان تھے تو انہوں نے عصا لینا شروع کر دیاتھا۔ کسی نے پوچھا کہ آپ کو حاجت تو نہیں ہے‘ توکہا میں عصا لیتا ہوں تاکہ مجھے یاد رہے کہ میں مسافر ہوں۔ آگے فرماتے ہیں:
جَعَلُوھَا لُجَّۃً وَاتَّخَذُوا
صَالِحَ الْاَعْمَالِ فِیھَا سُفُنَا
انہوں نے دنیا کو سمندر کی طرح‘ ایک دریا کی طرح دیکھا اور اس میں نیک اعمال کو سفینہ بناکر سفر کیا۔ یہ بات واضح ہو گئی کہ دنیا فانی ہے اور جس چیز کے لیے ہمیں پیدا کیا گیا ہے اس کے حوالے سے ہر مکلف کے لیے لازم ہے کہ وہ مذہب ِاخیار پر چلے اور مَسْلک اُولِی النُّھٰی وَالْاَبْصَار کو اختیار کرے۔ جو ہوش مند ہیں‘ ذہین ہیں‘ سمجھ دار ہیں اس کا اہتمام کریں۔ چنانچہ کہتے ہیںکہ اس کا سب سے صائب رستہ اور سب سے رشد والا طریقہ یہ ہے کہ بندگی کرنی ہے‘ دنیا سے دل نہیں لگانا۔اس کے لیے سب سے اچھا منہج‘ مذہب اور مسلک کون سا ہے‘ اس ضمن میں فرمایا:
التأدُّبُ بِما صَحَّ عَنْ نَبِیِّنَا سَیِّدَ الْاَوَّلِیْنَ وَالْآخِرِیْن وَاَکْرَمِ السَّابِقِیْنَ وَاللَّاحِقِیْنَ
رسول اللہﷺ سے جو چیزیں صحت کے ساتھ ثابت ہیں ان کو اختیار کرنا ‘ ان کواپنا اخلاق بنانا ‘ان کا ادب حاصل کرنا۔ پھر وہ کہتے ہیں کہ چونکہ قرآن حکیم میں کہا گیا ہے:
{وَ تَعَاوَنُوْا عَلَی الْبِرِّ وَ التَّقْوٰی ۠} (المائدۃ:۲)
’’ اور تم نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں تعاون کرو ۔‘‘
اور اللہ کے نبیﷺ نے بھی فرمایا:
((وَاللّٰهُ فِي عَوْنِ الْعَبْدِ مَا كَانَ الْعَبْدُ فِي عَوْنِ أَخِيهِ))[صحیح مسلم]
(( مَنْ دَلَّ عَلٰی خَیْرٍ فَلَہُ مِثْلُ اَجْرِ فَاعِلِہٖ)) [صحیح مسلم]
تو ان تمام چیزوں کو سامنے رکھتے ہوئے مجھے خیال ہوا کہ میں صحیح احادیث پر مشتمل ایک مختصر مجموعہ مرتب کروں۔
مُشْتَمِلًا عَلٰی مَا یَکُوْنُ طَرِیْقًا لِصَاحِبِہٖ اِلَی الْآخِرَۃِ
’’اس کے مشمولات یہ ہوں گے کہ کسی بھی آدمی کے لیے آخرت کے سفر میںاس کا صاحب بنوں۔‘‘
جو لوگ حدیث ابتدائی درجے میں پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں تو ان کو شوق ہوتا ہے کہ بخاری ‘مسلم پڑھیں۔ ہم کہتے ہیں کہ یہ تو حدیث کی بڑی کتابیں ہیں جو بنیادی طور پر علماء کے لیے ہیں۔ علماء جو کاملین ہیں‘ وہ ان بڑی کتابوں سے استفادہ کرتے ہیں ۔ہمارے اورآپ جیسے لوگوں کے لیے کچھ دوسری کتابیں مفید ہیں‘مثلاً ریاض الصالحین اور امام نووی رحمہ اللہ کی اربعین وغیرہ۔ اردو میں مولانا منظور نعمانی رحمہ اللہ کی ’’معارف الحدیث‘‘ ہے۔ پھر مجموعے ہیں جن سے مقصود واضح ہو رہا ہے ۔یہ پتہ لگ رہا ہے کہ اس کتاب کا مفاد کیا ہے! دراصل یہ سب کا مفاد ہے۔ علماء ہوں یا عوام‘ سب کو اس کی ضرورت ہے۔ اس کے ذریعے آدابِ ظاہرہ اور آدابِ باطنہ حاصل ہوتے ہیں۔ یہ ترغیب و ترہیب کی جامع ہونی چاہئیں۔ اللہ کی طرف چلنے والوں کے لیے جو سلوک درکار ہیں‘ ان سب کی جانب راہنمائی ہو۔جن احادیث پر فوکس ہو‘ ان کے بارے میں کہا گیا :
مِنْ اَحَادِيثِ الزُّهْدِ وَ رِيَاضَاتِ النُّفُوسِ وَ تَھْذِيبِ الْاَخْلَاقِ، وَ طَھَارَاتِ الْقُلُوبِ وَ عِلَاجِھَا، وَ صِيَانَةِ الْجَوَارِحِ وَ اِزَالَةِ اِعْوِجَاجِھَا، وَغَيْرَ ذَالِكَ مِنْ مَقَاصِدِ الْعَارِفِينَ
یہ سب کے مقاصد ہیںکہ جو زہد کی احادیث ہیں ‘نفس کی ریاضتوں کا بیان ہے‘ تہذیب ِاخلاق ہے ‘ تمام آفات سے قلب کو پاک کو کرنا ہے ‘اس کا علاج کرنا ہے اور اعضاء و جوارح کوہر طرح کے ٹیڑھ سے بچانا ہے۔ یہ سمجھ لیں کہ دین کا علم آپ نے جتنا بھی حاصل کیا ہے‘ اس کا مقصود بھی یہی ہے۔ موجودہ دور میں یہ بات ہمارے سامنے رہنی چاہیے۔ایک زمانہ تھا کہ بڑے لوگ بھی یہ کہا کرتے تھے کہ کچھ لوگوں کا علم بہت کتابی سا ہوتا ہے‘ بس وہ کتابیں پڑھتے رہتے ہیں لیکن اس سے کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔اشعار میں بہت سی چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ ’’بے کتاب‘ بے حروف و بے استاد‘‘۔ اس کا مطلب یہ ہوتا تھا کہ صرف پڑھ پڑھا کے کچھ حاصل نہیں ہوتا بلکہ اس کے ساتھ فیضانِ الٰہی ، فضل ربانی اور اللہ والوں کی صحبت بھی ضروری ہوتی ہے۔ بہت سے لوگوں کو اللہ تعالیٰ معارف دے دیتے ہیں۔ اِنَّمَا الْعِلْمُ بِالتَّعَلُّمِ ’’علم توتعلّم ہی سے ہوتا ہے‘‘ لیکن رشید بستی ہوں یا بشر حافی ہوں یا قریب کے دور میں حاجی امداداللہ مہاجرمکی ہوں رحمۃ اللّٰہ علیہم اجمعین‘ بہت سے لوگوں کو اللہ تعالیٰ معارف دے دیتے ہیں ‘نواز دیتے ہیں۔ البتہ عام طور پر سیکھنے کا طریقہ یہی ہوتا ہے کہ اِنَّمَا الْعِلْمُ بِالتَّعَلُّمِ !
شیخ حامد کمال الدین صاحب نے کئی سال پہلے مضمون لکھا جس کا عنوان بہت اچھا تھا: ’’لبرل ازم کے بارے میں نری کتابی معلومات‘‘۔اس کو بعض دفعہdegrade بھی کیا جاتا تھا کہ خارج کا آپ کو زیادہ پتا نہیں اور آپ نے اس علم کو ہضم نہیں کیا‘اساتذہ کے ساتھ نہیں بیٹھے جبکہ کتابیں یہاں پڑھتے تھے۔ آج کے دور میں تو کتاب کا علم بہت ہی غنیمت ہے۔ آج اس پر بہت توجہ دلانے کی ضرورت ہے کہ کتاب پڑھا کریں۔ سائبر ٹیکنالوجی کی آمد کے بعداب تو لوگ کتاب پڑھتے ہی نہیں‘ اس سے تعلق نہیں رکھتے۔ چیزیں پری ریکارڈڈ موجود ہیں‘ جن کو سن کربظاہر بہت فائدہ ہوتا ہے ۔ اسی طریقے سے آن لائن لرننگ کا بھی تصور ہے ‘ جس سے کچھ نہ کچھ حاصل ہو جاتا ہے۔ البتہ اصل علم یہیں سے شروع ہوتا ہے کہ ایک تو استاد سے تعلق ہو اور دوسرا کتاب سے تعلق ہو۔ جہاں تک ہمارا بس چلتا ہے ‘ ہم لوگوں سے یہی کہتے ہیں کہ جس شخص کے علم کا واحد ذریعہ سکرین ہے ‘ وہ بالکل بھی کچھ نہیں پائےگا۔ یہ بہت خطرناک صورت حال ہے۔ یہ لازم ہے کہ گوشت پوست کا باقاعدہ استاد ہوناچاہیے اور آپ کو کتاب پڑھنی چاہیے۔
ہمارے استاد نے بتایا کہ book reading کے دو poles نہیں بلکہ تین کونے ہوتے ہیں: کتاب‘ قاری اور استاد۔ ایسا نہیں ہوتا کہ ہر کتاب آپ سبقاً سبقاً پڑھتے ہیں۔ کچھ کتابیں پڑھنے کے بعد آپ کسی استاد سے اس کی تفہیم کو بہتر کرواتے ہیں۔ ایسے لوگ جو سکرین پر کچھ پڑھنے کے بعد اس سے متاثر ہو جاتے ہیں تو پھر اسی کے پیچھے لگ جاتے ہیں اور اس طرح کم فہم اور گمراہ مقررین کے follower بن جاتے ہیں۔ چنانچہ یہ ضروری ہوتا ہے کہ کوئی ایسا شخص ہو جو آپ کو یہ بتائے کہ تدریج کیسے ہو ۔اس طرح کے اقوال بھی ملتے ہیں کہ جو آدمی اس منہاج سے محروم ہوتا ہے وہ پھر حصول علم سے محروم ہو جاتا ہے۔ ایک ترتیب ہوتی ہے کہ پہلے یہ پڑھنا ہے ‘پھر وہ‘ اس کے بعد کچھ اور۔
الحمد للہ‘ آپ لوگوںنے طلب ِعلم کے راستے میں ابتدائی قدم رکھ دیا ہے اور کچھ لوگ ایسے ہوسکتے ہیں جن کا یہ خیال ہو کہ اب ہم تعلّم کے بعد تعلیم کے مرحلے میں جائیں۔ اس میں کوئی حرج نہیں ہے ‘لیکن یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری limitationsکیا ہیں۔عالم ہونا تو بہت بڑی بات ہے ‘ بڑے سے بڑے عالم سے بھی پوچھیں تو وہ یہی کہتے ہیںکہ ہم طالب علم ہیں۔ جیسے حدیث میں آتا ہے:
((وَإِنَّ الْعَالِمَ لَيَسْتَغْفِرُ لَهُ مَنْ فِي السَّمٰوَاتِ وَمَنْ فِي الْأَرْضِ))[سنن الترمذی ]
’’اور یقیناً عالم (علم والے) کے لیے آسمانوں اور زمین کی تمام مخلوقات مغفرت کی دعا کرتی ہیں۔‘‘
اسی طریقے سےایک parallelحدیث میں آتا ہے:
((اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلَائِكَتَهُ وَ اَهْلَ السَّمٰوَاتِ وَ الأَرْضِ لَيُصَلُّونَ عَلَى مُعَلِّمِ النَّاسِ الْخَيْرَ )) [سنن الترمذی ]
’’بے شک اللہ تعالیٰ، اس کے فرشتے، اور آسمانوں و زمین کے رہنے والے اس شخص کے لیے خیر و برکت (اور مغفرت) کی دعائیں کرتے ہیں جو لوگوں کو نیکی و بھلائی کی تعلیم دیتا ہے۔‘‘
جو لوگوں کو خیر کی تعلیم دیتے ہیں ان کے لیےاللہ رحمتیں نازل کرتا ہے ۔فرشتے اور اہل ایمان دعا کرتے ہیں ۔ ہوسکتا ہے آپ میں سے بہت سے لوگ معلم بن جائیں ‘مدرس بن جائیں لیکن ان کا بنیادی کام تواصی بالحق ہے۔ اگر بالکل اپنے قریبی سرکل میں پڑھنے پڑھانے کا کوئی کام کرنا بھی ہے تو وہ کسی کی رہنمائی میں کریں ۔کوئی آپ کا بڑا ہو سکتا ہے ‘ مسجد کے امام صاحب عالم ہوں۔ آپ کسی نظم میں ہیں ‘کسی جماعت میں ہیں‘ ادارے میں ہیں تو اس کے سینئرزآپ پر نگران ہوں۔ہمارے اکابرین ایک حدیث بیان کرتے ہیں‘جو کہ صحیح حدیث ہے کہ: ((اَلْبَرَکَةُ مَعَ أکَابِرِکُمْ)) ’’برکت تمہارے بڑوں کے ساتھ ہے۔‘‘ اللہ تعالیٰ ہم سب کو توفیق دے کہ ہم تحصیل علم میں خلوص نیت کے ساتھ مصروف رہیں اور پھر اس کو آگے پھیلانے میں لگ جائیں!