(تذکر و تدبر) مِلاکُ التأویل(۴۶) - ابو جعفر احمد بن ابراہیم الغرناطی

10 /
مِلاکُ التأوِیل (۴۶)
تالیف : ابوجعفر احمد بن ابراہیم بن الزبیرالغرناطی
تلخیص و ترجمانی : ڈاکٹر صہیب بن عبدالغفار حسن
 
سُورۃُ الصّٰفّٰت
(۳۰۰) آیت  ۱۰۱
{فَـبَشَّرْنٰــہُ بِغُلٰمٍ حَلِیْمٍ(۱۰۱) }  
’’تو ہم نے اسے ایک بُردبار بچے کی بشارت دی۔‘‘
اور سورۃ الذاریات میں ارشادفرمایا:
{ قَالُوْا لَا تَخَفْط وَبَشَّرُوْہُ بِغُلٰمٍ عَلِیْمٍ(۲۸)}  
’’انہوں نے کہا: ڈرو مت! اور اسے ایک علم والے بچے کی بشارت دی۔‘‘
ملاحظہ ہو کہ قصہ ایک ہی ہے‘ جس بچے کی بشارت دی جا رہی ہے وہ بھی وہی ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک جگہ اس کی صفت ’’حلیم‘‘ بتائی گئی اور دوسری جگہ ’’علیم‘‘ تو اس کی کیا وجہ ہے؟
اس کا جواب یہ ہے کہ سورۃ الصافات میں اس بشارت کے ساتھ حضرت ابراہیم  اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کا پورا قصہ بیان ہوا ہے۔ اگلی آیت میں ارشاد ہوا: 
{ فَلَمَّا بَلَغَ مَعَہُ السَّعْیَ   قَالَ یٰبُنَیَّ  اِنِّیْٓ  اَرٰی فِی الْمَنَامِ اَنِّیْٓ  اَذْبَحُکَ   فَانْظُرْ مَاذَا تَرٰی ط }  
’’پھر جب وہ بچہ ا س کے ساتھ دوڑنے بھاگنے کی عمر کو پہنچا تو ابراہیم(علیہ السلام) نے کہا: اے میرے پیارے بچے! مَیں خواب میں دیکھتا ہوں کہ مَیں تجھے ذبح کر رہا ہوں ‘تو پھر بتا کہ تیری کیا رائے ہے۔‘‘
اب حضرت اسماعیل علیہ السلام  کے صبر‘ بردباری‘ اتنی بڑی آزمائش کا خندہ پیشانی سے استقبال‘ اللہ تعالیٰ کے حکم پر مکمل رضامندی اور باپ کے حکم کی تعمیل کا وہ مظاہرہ پیش آیا کہ جس کی بنا پر انہیں اس لقب (حلیم) کا مستحق ٹھہرایا گیا۔ ان کا جواب ملاحظہ ہو:
{قَالَ یٰٓاَبَتِ افْعَلْ مَا تُؤْمَرُز سَتَجِدُنِیْٓ  اِنْ شَآئَ  اللہُ  مِنَ الصّٰبِرِیْنَ(۱۰۲)}  
’’کہا :ابا جان! وہی کچھ کیجیے کہ جس کا آپ کو حکم دیا گیا ہے‘ اور اللہ چاہے گا تو آپ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے۔‘‘
 یوں انہوں نے السابقین الاولین میں بھی جگہ پالی۔ 
سورۃ الذاریات میں یہ سارا قصہ بیان نہیں ہوا‘ اس لیے وہاں ان کی صفت ’’علم ‘‘ کا بیان ہوا جو ان کے وصف ِنبوت کے شایانِ شان ہے‘ اور اگر ان دونوں سورتوں میں ترتیب اس کے الٹ ہوتی تو پھر سیاق و سباق سے اس کی مناسبت باقی نہ رہتی۔ واللہ اعلم!
(۳۰۱)  آیت ۱۷۵
{وَاَبْصِرْہُمْ فَسَوْفَ یُبْصِرُوْنَ(۱۷۵)}  
’’اور انہیں دیکھتے رہیے اور یہ بھی عنقریب دیکھ لیں گے۔‘‘
اور پھر ارشاد ہوا:
{وَاَبْصِرْ فَسَوْفَ یُبْصِرُوْنَ(۱۷۹) }  
’’اور دیکھتے رہیے ‘یہ بھی ابھی ابھی دیکھ لیں گے۔‘‘
پہلی آیت میں’’اَبْصِرْہُمْ‘‘ کہا گیا یعنی  اَبْصِرْ کی ضمیر مفعول لائی گئی اور دوسری آیت میں یہ ضمیر نہیں لائی گئی ‘ اور دوسرا سوال یہ ہے کہ ’’اَبْصِرْ ‘‘ کی تکرار کی کیا حکمت ہے۔
جہاں تک تکرار کا تعلق ہے تو کلامِ عرب میں کسی کو ڈرانے دھمکانے کے موقع پر اپنی بات کا اعادہ کرنا معاملے کی شدت اور نزاکت کو ظاہر کرتا ہے اور جہاں تک ضمیر کو پہلی مرتبہ لایا گیا اور دوسری مرتبہ نہیں لایا گیا تو اس کی وضاحت ہم کیے دیتے ہیں۔پہلی آیت میں ’’اَبْصِرْہُمْ‘‘ کہا گیا ‘ کہ اے رسول! دیکھتے رہو ان مخالفین اور معاندین کو‘ کہ ان کے ساتھ ہوتا کیا ہے۔ دیکھنا کہ اللہ کا عذاب انہیں کیسے آ پکڑتا ہے‘ اور دیکھنا کہ ہم نے آپؐ کےدفاع کا جو وعدہ کیا ہے وہ کیسے پورا ہوتا ہے۔ ہم نے کہا تھا:{اِنَّا کَفَیْنٰکَ الْمُسْتَہْزِئِ یْنَ(۹۵)}      (الحجر) ’’ہم کافی ہیں ان لوگوں کے لیے جو آپؐ کا مذاق اڑاتے ہیں۔‘‘اور پھر یہ ہو کے رہا‘ اور ایسے ہی ہم نے کہا تھا: {سَیُہْزَمُ الْجَمْعُ وَیُـوَلُّــوْنَ الدُّبُرَ(۴۵)} (القمر) ’’عنقریب اس جماعت کو شکست ہو گی اور وہ پیٹھ پھیر کر بھاگے گی۔‘‘اور بدر کے دن یہ بات پوری ہو گئی۔اللہ تعالیٰ اسی طرح اپنے نبیﷺ کو تسلی دے رہے ہیں کہ ہم آپؐ کے ساتھ ہیں‘ فکر نہ کریں‘ ہم آپؐ کے دشمنوں کو برباد کر کے چھوڑیں گے۔
پھر اس ڈراوے کے بعدایک اور عمومی ڈراوا دیا کہ جو کوئی بھی کفر و عناد کی یہ راہ اختیار کرے گا اس کا بھی وہی حشر ہو گاجو آپؐ کے ان مخالفین کا ہوا ہے‘ اس لیے یہاں مفعول کی ضمیر کے بغیر (وَاَبْصِرْ) کہا گیا کہ اب دیکھتے رہیں کہ مَیں آپؐ کی مدد اور نصرت کے لیے کیا کچھ کرتا ہوں۔ آپؐ کی بھی اوران لوگوں کی بھی جو آپؐ پر ایمان لائے اور آپؐ کے ساتھ کھڑے رہے‘ اور پھر آخرت میں ان کو وہ کچھ دکھائوں گا جو نہ کسی آنکھ نے دیکھا‘ نہ کسی کان نے سنا اور نہ ہی کسی کے دل میں خیال تک آیا۔ اور یہ بھی دیکھنا کہ میں ان لوگوں کے ساتھ کیا کچھ نہ کروں گا جنہوں نے آپؐ کے ساتھ اور آپؐ کے نام لیوا لوگوں کے ساتھ دشمنی کا سلوک کیا‘ انکار اور سرکشی کا راستہ اختیار کیا ‘ اور آپ سے بھاگتے رہے‘ اس دنیا میں بھی ان کی جڑ کاٹ دوں گا اور آخرت میں بھی وہ ایک بدانجام تک پہنچیں گے۔ پھر ملاحظہ ہو کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے کیسے کسریٰ کی سلطنت کو پارہ پارہ کر کے رکھ دیا جبکہ اس نے نبیﷺ کے خط کو ریزہ ریزہ کر دیا تھا۔
ایک بار پھر غور کریں کہ جب ’’اَبْصِرْہُمْ‘‘ کہا گیا تو اس سے وہ لوگ خاص طو رپر مراد تھے جنہوں نے   نبی اکرمﷺ کے ساتھ عداوت اختیار کی تھی اور جہاں صرف (وَاَبْصِرْ) کہا گیا وہاں صرف فعل لایا گیا تاکہ اس وعید میں ہر وہ شخص شامل ہو جائے جو ان جیسا سلوک اختیار کرے۔
یہاں وعید ِخاص بھی ہے اور وعید ِعام بھی‘اور اہل ایمان کے لیے بشارت ِخاصہ بھی ہے اور بشارتِ عامہ بھی‘ اور اس سے یہ بھی ظاہر ہو گیا کہ یہاں تکرار نہیں ہے بلکہ جزا و سزا کے قرب کو واضح کیا گیا ہے کہ دنیا میں تو وہ قریب ہے ہی لیکن آخرت میں اس کا واقع ہونا بھی یقینی ہے‘ واللہ اعلم!
سورۃ  صٓ
(۳۰۲) آیت ۴
{وَعَجِبُوْٓا اَنْ جَآئَ ہُمْ مُّنْذِرٌ مِّنْہُمْ ز   وَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ ہٰذَا سٰحِرٌ کَذَّابٌ (۴)}    
’’اور انہوں نے اس بات کو عجیب جانا کہ ان کے پاس انہی میں سے ایک ڈرانے والا آیا ہے‘ اور کافروں نے کہا کہ یہ تو جادوگر ہے ‘ جھوٹا ہے۔‘‘
اور سورئہ  قٓ میں ارشاد فرمایا:
{بَلْ عَجِبُوْٓا اَنْ جَآئَ ہُمْ مُّنْذِرٌ مِّنْہُمْ فَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ ہٰذَا شَیْ ئٌ عَجِیْبٌ(۲) }    
’’بلکہ انہوں نے اس بات پر تعجب کیا کہ انہی میں سے ان کے پاس ایک ڈرانے والا آیا ہے ‘تو کافروں نے کہا کہ یہ تو ایک عجیب چیز ہے ۔‘‘
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سورئہ صٓ میں وَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ  کہا گیا‘ یعنی واوِ نسق کے ساتھ او ر سورئہ  قٓ میں فَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ کہا گیا فائِ تعقیب کے ساتھ‘ تو اس کی کیا وجہ ہے؟
اس کا جواب یہ ہے (واللہ اعلم) کہ سورئہ  صٓ میں کفارِ عرب کی بہت سی ہزلیات ذکر کی گئی ہیں اور ان سب کا تذکرہ یکے بعد دیگرے چلا آتا ہے جسے ہم ’’واو ِ نسق‘‘ کا نام دیتے ہیں کہ جس میں یہ ضروری نہیں کہ ترتیب ہو یا ایک کلام کا خاص طور پر پہلے کلام کے بعد ذکر مقصود ہو۔ ملاحظہ ہو‘ارشادِ باری تعالیٰ ہے :
{ بَلِ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا فِیْ عِزَّۃٍ وَّشِقَاقٍ(۲) }    
’’بلکہ کفار غرور اور مخالفت میں پڑے ہوئے ہیں۔‘‘
{وَعَجِبُوْٓا اَنْ جَآئَ ہُمْ مُّنْذِرٌ مِّنْہُمْ ز }    (آیت۴)
’’اور انہوں نے اس بات پر تعجب کیا کہ انہی میں سے ایک ڈرانے والا آیا ہے۔‘‘
جو کہ فرشتوں میں سے نہ تھا‘ جیسا کہ ان کا گمان تھا:
{لَوْلَآ اُنْزِلَ عَلَیْنَا الْمَلٰٓئِکَۃُ  اَوْ نَرٰی رَبَّنَاط }      (الفرقان:۲۱)
’’ہمارے اوپر فرشتے کیوں نہیں نازل کیے گئے یا ہم اپنے ربّ کو دیکھ پاتے!‘‘
اور پھر انہوں نے نبی کریمﷺ کو کیا کچھ نہیں کہا‘وہ ساحر ہے‘ کاذب ہے‘ اس نے تمام خدائوں کو ایک معبود بنا دیا ہے‘ اور پھر وہ سب اس قول پر اکٹھے ہو گئے :
{اَنِ امْشُوْا وَاصْبِرُوْا عَلٰٓی اٰلِہَتِکُمْ ج }    (صٓ:۶)
’’چلو (یہاں سے) اور اپنے خدائوں (کے اعتقاد) پر جمے رہو!‘‘
{ مَا سَمِعْنَا بِہٰذَا فِی الْمِلَّۃِ الْاٰخِرَۃِج }    (صٓ:۷)
’’ایسی بات تو ہم نے پچھلے دین میں بھی نہیں سنی۔‘‘
یعنی عیسیٰ علیہ السلام  کی ملت میں بھی نہیں! گویا وہ صرف تثلیث (تین خدائوں) کی حد تک رہتے ہیں۔ وہ بھی تو صرف ایک الٰہ کے قائل نہیں ہیں اور اس تعلق کو مختلف انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام   کا قرآن میں ذکر خیر کیا تو وہ کٹ حجتی پر اتر آئے اور کہا :{ ئَ اٰلِہَتُنَا خَیْرٌ اَمْ ہُوَط }(الزخرف:۵۸) ’’ہمارے معبود بہتر ہیں یا وہ؟‘‘مراد ان کی یہ تھی کہ عیسیٰ کو بھی تو ان کی قوم نے معبود بنایا‘ اگروہ اچھے ہیں تو ہمارے معبود کیوں نہ اچھے ہوئے۔ وہ اگر تین معبودوں کو مانتے ہیں تو ہمارے اوپر اعتراض کیوں؟ اس لحاظ سے تمام ملتوں میں وہ ہم سے قریب تر ین ہیں۔ وہ اگر تین معبودوں کو مانتے ہیں تو پھر اے محمد(ﷺ)! تم نے تمام معبودوں کو ایک الٰہ میں کیسے تبدیل کر دیا ہے؟ ہے نا یہ بڑی عجیب بات!!
یوں انہوں نے نبی کریمﷺ کی دعوت ِتوحید کو ایک مَن گھڑت بات قرار دے دیا۔ یہ سارے الزامات یکے بعد دیگرے بیان ہوئے اور عربی اسلوب کے مطابق جب وہ ’’وائو‘‘ کی تکرار کے ساتھ بیان ہوتے ہیں تو اسے ’’واو ِنسق‘‘ کہا جاتا ہے کہ جس میں ترتیب لازم نہیں ہے۔
جہاں تک سورئہ  قٓ کا تعلق ہے تو وہاں ایک ہی مضمون بیان ہوا ہے کہ کفارِ مکہ نے آخرت میں اٹھائے جانے کا انکار کیا‘ اور چونکہ نبیﷺ نے انہیں اس بات پر اللہ کے عذاب سے ڈرایا تھا تو یہاں پہلے ’’مُنْذِر‘‘ کے آنے کا تذکرہ ہوا اور پھر ان کے اس قول کا کہ یہ تو عجیب سی بات ہے جو وہ ہمیں بتا رہے ہیں ۔ایسے موقع پر فائِ تعقیب کو لایا جاتا ہے:
{فَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ ہٰذَا شَیْ ئٌ عَجِیْبٌ(۲)}    
’’تو کافروں نے کہا کہ یہ تو ایک عجیب بات ہے۔‘‘
ملاحظہ ہو کہ اس سورت میں آخرت کے اٹھائے جانے پر دلیل قائم کی گئی ۔ پہلے تو اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کے مظاہر کو ذکر کیا کہ ہم نے کیسے آسمان کو بنایا‘ ستاروں سے اسے زینت دی‘ اسے مضبوط بنایا کہ اس میں کوئی شگاف نہیں۔ زمین کو بچھانے کا ذکر کیا ‘ اور اس میں پہاڑ بنائے جو اس کے توازن کو قائم رکھتے ہیں‘ اور اسی زمین میں طرح طرح کی نباتات پیدا کیں۔ پھر آسمان سے پانی نازل کیا کہ جس سے مردہ زمین لہلہا اٹھی۔ سرسبز باغات‘ طرح طرح کے غلات‘ اونچے اونچے کھجور کے درخت۔ تہ بہ تہ خوشوں سے بھرپور‘ اور پھر فرمایا:{ کَذٰلِکَ الْخُرُوْجُ(۱۱)} ’’اور پھر ایسے ہی (قبروں سے )نکلنا ہے۔‘‘
اسی مضمون کو دوسری آیات میں بھی بیان کیا گیا۔سورۃ الانبیاء میں ارشاد فرمایا:
{ کَمَا بَدَاْنَآ اَوَّلَ خَلْقٍ نُّعِیْدُہٗ ط}    (آیت۱۰۴)
’’جیسے ہم نے پہلے پیدا کیا ویسے ہی ہم دوبارہ لوٹائیں گے۔‘‘
سورۃ الاسراء میں ارشاد فرمایا:
{اَوَلَمْ یَرَوْا اَنَّ اللہَ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ قَادِرٌ عَلٰٓی اَنْ یَّخْلُقَ مِثْلَہُمْ}    (آیت۹۹)
’’کیا وہ نہیں دیکھتے کہ وہ اللہ جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا‘ وہ اس بات پر قدرت رکھتا ہے کہ وہ ان جیسوں کو (دوبارہ) پیدا کر دے۔‘‘
یعنی پہلے نبی کریمﷺ کے آنے کا ذکرہے‘ ان کے آخرت میں اٹھائے جانے کا تذکرہ ہے تو منکرین ِقیامت کے ردِعمل کے طور پر اس قول کا ذکر ہے : {ہٰذَا شَیْ ئٌ عَجِیْبٌ(۲)}    
چنانچہ دونوں آیات اپنی اپنی جگہ پوری مناسبت رکھتی ہیں‘ جہاں صرف ’’وائو‘‘ لانا تھا وہاں ’’فاء‘‘ کا لانا مناسب نہ تھا اور جہاں ’’فاء‘‘ لائی گئی وہاں ’’وائو‘‘ کی قطعاً مناسبت نہ تھی۔ واللہ اعلم!
(۳۰۳)آیت ۱۲
{کَذَّبَتْ قَبْلَہُمْ قَوْمُ نُوْحٍ وَّعَادٌ وَّفِرْعَوْنُ ذُو الْاَوْتَادِ(۱۲)  وَثَمُوْدُ وَقَوْمُ لُوْطٍ وَّاَصْحٰبُ لْئَیْکَۃِ ط اُولٰٓئِکَ الْاَحْزَابُ(۱۳) }
’’ان سے پہلے جھٹلایا قومِ نوح نے اور عاد اور میخوں والے فرعون نے‘ اور ثمود‘ قومِ لوط اور گھنے درخت والوں نے۔ یہ سب بڑے لشکر والے تھے۔‘‘
اور سورۃ ’’قٓ‘‘ میں ارشاد فرمایا:
{کَذَّبَتْ قَبْلَہُمْ قَوْمُ نُوْحٍ وَّاَصْحٰبُ الرَّسِّ وَثَمُوْدُ (۱۲) وَعَادٌ وَّفِرْعَوْنُ وَاِخْوَانُ لُوْطٍ (۱۳)  وَّاَصْحٰبُ الْاَیْکَۃِ وَقَوْمُ تُبَّعٍ ط } (قٓ)
’’ان سے قبل جھٹلایا قومِ نوح نے‘ کنویں والوں نے اور ثمود‘ عاد‘ فرعون اور برادرانِ لوط نے‘اور أیکہ (گھنے درخت) والوں اور تبع کی قوم نے۔‘‘
یہاں چار سوالات پیدا ہوتے ہیں:
(۱) اس سورت میں رسولوں اور ان کی اُمتوں کے ذکر میں جو ترتیب بیان کی گئی ہے وہ اس ترتیب سے مختلف  ہے جو سورۃ الاعراف‘ سورۃ ہود اور سورۃ الشعراء میں بیان کی گئی ہے۔
(۲) ان دونوں سورتوں کی آیات کے مابین بھی ذکر ِرُسلؑ میں اختلاف ہے۔
(۳) ان دونوں سورتوں میں جن رسولوں کا بیان ہوا‘ ان کے ذکر کیے جانے کا امتیازی پہلو کیا تھا؟
(۴) سورئہ ’’صٓ‘‘ میں آیت کے اختتام پر فَحَقَّ عِقَابِ (میری سزا ان پر واجب ہو گئی) اور سورئہ ’’قٓ‘‘ کے اختتام پر  فَحَقَّ وَعِیْدِ  (میرا وعدئہ عذاب ان پر صادق آگیا)کے الفاظ کہے گئے‘ یہ اختلاف کیوں؟‘‘ 
[’’ملاک التاویل‘‘ کے ایک نسخے میں یہاں سورئہ غافر کی آیت۵ کا بھی اضافہ کیا گیا ہے : {کَذَّبَتْ قَبْلَہُمْ قَوْمُ نُوْحٍ وَّالْاَحْزَابُ مِنْ   بَعْدِہِمْ ص} (ان سے پہلے قومِ نوح نے بھی جھٹلایا اور ان کے بعد (دوسرے) کئی گروہوں نے۔]
اجمالی جواب تو یہ ہے (واللہ اعلم) کہ ان تینوں سورتوں میں انبیاء و رسل علیہم السلام   اور ان کی قوموں کے بالترتیب حالات اس لیے بیان کیے گئے کہ اللہ کے رسولﷺ کے دل کی تقویت کی جائے‘ جیسا کہ سورئہ ہود میں ارشاد فرمایا:
{وَکُلًّا نَّقُصُّ عَلَیْکَ مِنْ اَنْبَآئِ الرُّسُلِ مَا نُثَـبِّتُ بِہٖ فُؤَادَکَ ج } (آیت:۱۲۰)
’’اور یہ جو سب رسولوں کے قصے آپؐ کے لیے بیان ہوئے ہیں تو اس سے آپؐ کا دل تھامنا مقصود ہے۔‘‘
سورئہ صٓ اور سورۂ قٓ میں نبی اکرمﷺ کو قریش اور عرب کے سرکش عمائدین ِقوم کی شدید مخالفت اور ایمان کی راہ میں سنگ گراں بننے کی وجہ سے خاص طور پر تسلی دی جا رہی ہے کہ یہ لوگ ایک دن اللہ ربّ العالمین کی پکڑ میں آ کر رہیں گے‘ اسی لیے سورئہ صٓ کی آیت۱۵ میں قریش کے انجام کی طرف اشارہ کیا گیا ہے:
{ وَمَا یَنْظُرُ ہٰٓؤُلَآئِ اِلَّا صَیْحَۃً وَّاحِدَۃً مَّا لَہَا مِنْ فَوَاقٍ(۱۵) }
’’اور انہیں صرف ایک چیخ کا انتظار ہے کہ پھر اس میں کوئی مہلت نہ دی جائے گی۔‘‘
 اسی بنا پر جو کچھ ان دونوں سورتوں میں بیان ہوا ہے وہ ان سے پچھلی سورتوں کے مقاصد سے کچھ مختلف ہے اور پھر اسی مناسبت سے رسولوں کی ترتیب میں اختلاف بھی واقع ہوا ہے ۔ اگر یہاں یہ کہا جائے کہ سورۃ الحج میں بھی تو رسولوں کا ذکر تقریباً اسی ترتیب کے مطابق ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
{وَاِنْ یُّکَذِّبُوْکَ فَقَدْ کَذَّبَتْ قَبْلَہُمْ قَوْمُ نُوْحٍ وَّعَادٌ وَّثَمُوْدُ(۴۲)  وَقَوْمُ اِبْرٰہِیْمَ وَقَوْمُ لُوْطٍ(۴۳)  وَّاَصْحٰبُ مَدْیَنَ ج  وَکُذِّبَ مُوْسٰی  فَاَمْلَیْتُ لِلْکٰفِرِیْنَ }
’’اور اگر وہ آپؐ کو جھٹلاتے ہیں تو اس سے قبل قومِ نوح‘ عاد‘ ثمود‘ قومِ ابراہیم‘ قومِ لوط اور مدین کے لوگوں نے بھی تو جھٹلایا تھا ‘اور موسیٰ  علیہ السلام  کو بھی جھٹلایا گیا تو پھر میں نے کفار کو مہلت دی۔‘‘
 یہاں چند رسولوں کا خاص طور پر ذکر کیا گیا‘ سب کا نہیں ‘اور پھر ان کی پکڑ کا ذکر کیا گیا جیسے کہ سورئہ  صٓ اور قٓ میں بیان ہوا‘ لیکن دونوں جگہ اختلاف ہے تو وہ اس مقصد کی بنا پر ہے جو مذکورہ دونوں سورتوں کا تھا۔ پھر بھی یہ سوال اپنی جگہ پر قائم ہے کہ یہ فرق کیوں ہے؟
میرا کہنا یہ ہے کہ جیسے پہلے ذکر کیا گیا کہ سورۃ الحج کی آیت میں پچھلی اُمتوں کی نافرمانی اور اس کے بدلے میں ان کے انجام کا ذکر نبی مکرمﷺ کی تسلی و تشفی کے لیے کیا گیا ہے‘ وہاں اس اضافی بات کا ذکر نہیں ہے جو  سورئہ صٓ اور قٓ  کی آیت میں ذکر کی گئی ہے۔ وہاں خاص طور پر قریش اور ان کے ہمنوا حضرات کی سرکشی اور ان کی ہرزہ سرائیوں کا ذکر ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کے سامنے اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کے چند مظاہر کا بھی ذکر کیا گیا تاکہ وہ اللہ تعالیٰ کی قدر و منزلت کو پہچان سکیں ‘لیکن انہوں نے پھر بھی آنکھیں چرائیں اور بہت قبیح انداز میں جواب دیا۔ یہ وہ اضافی باتیں تھیں جو سورۃ الحج کے مضمون سے زائد بیان ہوئیں۔
آپ یہاں یہ سوال کر سکتے ہیں کہ اگر ایسی ہی بات ہے تو ان دونوں سورتوں میں یہ اختلاف کیوں ہے کہ ایک آیت میں چند ایسے رسول یا ان کی قومیں بیان ہوئی ہیں جو کہ دوسری آیت میں نہیں بیان ہوئیں اور یوں ترتیب میں بھی اختلاف واقع ہو گیا۔ا س کے جواب میں عرض ہے کہ پہلے سورئہ  صٓ کو لے لیتے ہیں۔یہاں سب سے پہلے عرب اور کفار ِقریش کے غرور اور مخالفت کا تذکرہ ہے:
{ بَلِ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا فِیْ عِزَّۃٍ وَّشِقَاقٍ(۲)  }
پھر کہا کہ ہم نے ان سے پہلے بھی بہت سی اُمتوں کو ہلاک کیا تھا۔
{ کَمْ اَہْلَکْنَا مِنْ قَبْلِہِمْ مِّنْ قَرْنٍ } (آیت۳)
اس کے بعد ایک ایک کر کے ان اُمتوں کا نام لیا گیا‘ اور چونکہ کفارِ عرب سے تقابل منظور تھا اس لیے تمام قوموں میں سے سب سے زیادہ سرکش اور مجرم قوم کا پہلے ذکر کیا گیا‘ مراد ہے قومِ نوح ؑ۔ یہ وہ قوم ہے جس نے طویل زمانہ پایا لیکن پھر بھی انہوں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔دیکھئے سورئہ نوح میں کیسے اس بات کو بیان کیا گیا ہے :
{قَالَ رَبِّ اِنِّیْ دَعَوْتُ قَوْمِیْ لَـیْلًا وَّنَہَارًا(۵)  فَلَمْ یَزِدْہُمْ دُعَآئِ یْٓ اِلَّا فِرَارًا(۶)  }
’’(نوحؑ نے ) کہا: اے میرے ربّ! مَیں نے اپنی قوم کو رات دن پکارا ‘لیکن جوں جوں میری پکار بڑھتی گئی ‘ یہ لوگ اور زیادہ بھاگتے رہے۔‘‘
پھر ان کایہ کہنا کہ میں نے جب کبھی انہیں تیری بخشش کے لیے بلایا تو انہوں نے اپنی انگلیاں اپنے کانوں میں ڈال لیں ‘ اپنے کپڑوں کو اوڑھ لیا اور اڑ گئے ‘اور تکبر کرنے لگے۔ پھر میں نے انہیں بآوازِ بلند بلایا‘ علانیہ بھی اور چپکے چپکے بھی دعوت دی۔ اور پھر حضرت نوح علیہ السلام   نے آسمانوں اور زمین کی ان نشانیوں کا تذکرہ کیا جو اللہ کی وحدانیت اور دوبارہ اٹھائے جانے پر دلالت کرتی ہیں‘ لیکن قومِ نوحؑ اپنی سرکشی اور بغاوت میں اتنی بڑھ گئی کہ حضرت نوح علیہ السلام   ان پر عذاب لانے کی دعاکرنے لگے۔ یہاں تک کہا :
{رَبِّ لَا تَذَرْ عَلَی الْاَرْضِ مِنَ الْکٰفِرِیْنَ دَیَّارًا(۲۶) }
’’اے میرے ربّ! تُو روئے زمین پر کسی کافر کو رہنے سہنے کے قابل نہ چھوڑ!‘‘
{ اِنَّکَ اِنْ تَذَرْہُمْ یُضِلُّوْا عِبَادَکَ وَلَا یَلِدُوْٓا اِلَّا فَاجِرًا کَفَّارًا(۲۷)}
’’اگر تُو انہیں چھوڑ دے گا تو وہ تیرے بندوں کو گمراہ کریں گے اور فاجروں اور ڈھیٹ کافروں کو ہی جنم دیتےر ہیں گے۔‘‘
اس لحاظ سے ان میں بھی وہی غرور اور مخالفت پائی جاتی تھی جو قریش اور عرب کے سرکش اور باغی سرداروں میں پائی جاتی تھی‘ اور انہی کی طرح قومِ نوحؑ میں بھی بہت کم لوگ ایمان لائے۔ قومِ نوحؑ کے بعد اس آیت میں قومِ عاد کا تذکرہ کیا گیا۔ ان کی کڑوی کسیلی باتیں متعدد آیات میں بیان ہوئی ہیں۔ سورئہ فُصِّلَتْ میں ان کا یہ قول نقل کیا گیا ہے:{مَنْ اَشَدُّ مِنَّا قُوَّۃً ط } (آیت۱۵)’’ہم سے زیادہ کون قوت والاہے؟‘‘
سورۃ الشعراء میں ارشاد فرمایا:
{قَالُوْا سَوَآئٌ عَلَیْنَآ اَوَعَظْتَ اَمْ لَمْ تَکُنْ مِّنَ الْوٰعِظِیْنَ(۱۳۶)}
’’انہوں نے کہا : ہمیں قطعاً پروا نہیں کہ تم نصیحت کرو یا نہ کرو!‘‘
{اِنْ ہٰذَآ اِلَّا خُلُقُ الْاَوَّلِیْنَ(۱۳۷)  وَمَا نَحْنُ  بِمُعَذَّبِیْنَ(۱۳۸)}
’’پہلے لوگوں نے بھی یہی وطیرہ اختیار کیا تھا‘ اور ہمیں ہرگز عذاب نہیں دیا جائے گا۔‘‘
اس کےبعد میخوں والے فرعون کا ذکر ہوا۔ مراد ہے وہ ‘ اس کے اہل و عیال اور اس کی قوم۔ قرآن مجید میں جابجا فرعون کا ذکر آیا ہے اور یہ کہ وہ کیسے تکبر سے پیش آتا رہا اور اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کے خلاف علَمِ بغاوت بلند کرتا رہا۔
(سورئہ صٓ میں)عاد کے بعد ثمود ‘ قومِ لوط‘ اصحاب الایکہ کا ذکر کیا گیا۔ ان سب میں یہ بات مشترک تھی کہ وہ رسولوں کو جھٹلاتے رہے۔ اس بات کو اگلی ایک آیت میں بھی دہرایا گیا:
{اِنْ کُلٌّ اِلَّا کَذَّبَ الرُّسُلَ فَحَقَّ عِقَابِ(۱۴) }
’’ان میں سے ہر ایک نے رسولوںکو جھٹلایا تو میری طرف سے سزا واجب ہو گئی۔‘‘
اب اس ابدی اصول کا بیان ہوا جو قریش اور کفارِ عرب اور ان سے قبل تمام باغیوں اور سرکشوں کے لیے مقدر کیا جا چکا ہے۔ فرمایا:
{ وَمَا یَنْظُرُ ہٰٓؤُلَآئِ اِلَّا صَیْحَۃً وَّاحِدَۃً مَّا لَہَا مِنْ فَوَاقٍ(۱۵) }
’’کیا وہ اس چیخ کے انتظار میں ہیں جس میں کوئی توقف یا ڈھیل نہیں ہے۔‘‘
اگر وہ اپنی سرکشی میں یوں ہی بڑھتے گئے تو ان میں اور ان سے پچھلی قوموں میں کیا فرق رہ گیا ؟ سورۃ الرعد میں ارشاد فرمایا:
{وَقَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِہِمُ الْمَثُلٰتُ ط  } (آیت۶)
’’یقیناً ان سے پہلے سزائیں بطور مثال گزر چکی ہیں۔‘‘
تو کیا یہ لوگ بھی ایسے ہی انجام کے منتظر ہیں‘ او ر اس کے جلد لائے جانے پر واویلا مچا رہے ہیں؟
{وَقَالُوْا رَبَّنَا عَجِّلْ لَّنَا قِطَّنَا قَبْلَ یَوْمِ الْحِسَابِ (۱۶)  }  (صٓ)
’’اور انہوں نے کہا: اے ہمارے ربّ! ہمارا حساب کتاب تو یومِ حساب سے قبل ہی چکادو!‘‘
اس کے بعد نبی اکرمﷺ سے خطاب ہوتا ہے۔انہیں صبر کی تلقین کی جاتی ہے ۔ انہی کے ایک بھائی (رسالت کے لحاظ سے) یعنی حضرت دائود  علیہ السلام  کاتذکرہ کیا جاتا ہے کہ ان کی سرگزشت زندگی سے بھی سبق حاصل کر دیں ـ۔ اللہ تعالیٰ نے کیسے ان کے لیے پہاڑوں کو مسخر کیا‘ پرندوں کو ان کا تابع بنایا‘ لوہے کو ان کے لیے پگھلادیا‘ تو لوگوں کے دلوں کو پگھلانا تو اس سے زیادہ آسان ہے۔ 
{ وَلَوْ شِئْنَا لَاٰتَیْنَا کُلَّ نَفْسٍ ہُدٰىہَا  } (السجدۃ:۱۳)
’’اور اگر ہم چاہیں تو ہرنفس کو ہدایت کا راستہ سجھا دیں۔‘‘
یہاں حضرت دائود علیہ السلام   کا ذکر اس مناسبت سے کیا گیا جیسا ہم نے ذکر کیا ہے نہ کہ جیسے زمخشری نے لکھا ہے اور جس کی طرف ہم نے سورۃ طٰہ کی آیت {فَاصْبِرْ عَلٰی مَا یَقُوْلُوْنَ  }(آیت۱۳۰) کے تحت اشارہ کیا ہے۔
اس تشریح سے واضح ہو گیا کہ سورئہ صٓ کی آیت میں جس ترتیب کا لحاظ رکھا گیا ہے اور جیسے پچھلی اُمتوں کی بوجہ سرکشی‘ ہلاکت کا تذکرہ کیا گیا ہے ‘ وہ سورئہ صٓ کے ساتھ ہی خاص ہے۔
اب آیئے سورئہ  قٓ کی طرف کہ سورئہ صٓ کے مقابلے میں اس کی کیا خصوصیت ہے۔ سورئہ صٓ میں قریش اور عرب کے سرکش عمائدین کے غرور اور مخالفت کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ سورئہ  قٓ  میں ان کی ایک دوسری خصلت کی طرف اشارہ کیا گیا کہ وہ زمین اور آسمان کی نشانیوں سے آنکھیں چراتے ہیں اور ان سے کوئی سبق حاصل نہیں کرتے‘ اور نہ ہی پچھلی اُمتوں کے حالات سے عبرت حاصل کرتے ہیں۔ آیت۶ سے ان نشانیوں کے ذکر کا آغاز ہوتا ہے:
{اَفَلَمْ یَنْظُرُوْٓا اِلَی السَّمَآئِ فَوْقَہُمْ کَیْفَ  بَنَیْنٰـہَا وَزَیَّنّٰہَا وَمَا لَہَا مِنْ فُرُوْجٍ(۶) }
’’توکیا وہ اپنے اوپر آسمان کو نہیں دیکھتے کہ ہم نے اسے کیسے بنایا‘ کیسے اُسے زینت دی اور یہ کہ اس میں کوئی شگاف نہیں!‘‘
 پھر اس کے بعد زمین کا ذکر ہےکہ کیسے اسے بچھایا اور پھر پہاڑوں کے ساتھ اس میں ٹھہرائو پیدا کیا‘ اس میں ہر طرح کے خوشنما پودے پیدا کیے۔ آسمان سے پانی اتارا‘ باغات اگا دیے‘ غلہ اور طرح طرح کے دانے مہیا کر دے۔ پھر کھجور کے درخت خوشوں سے بھرے ہوئے‘ پھر مردہ زمین کو زندگی بخشی کہ وہ لہلا اُٹھی اور آخر میں فرمایا: {کَذٰلِکَ الْخُرُوْجُ(۱۱)}  ’’ ایسے ہی (قبروں سے) اٹھایا جاناہے۔‘‘
گویا اللہ کی ربوبیت کے مظاہر اُخروی زندگی پر دلالت کرتے ہیں۔ دوسری جگہ ارشاد فرمایا:
{ کَمَا بَدَاْنَآ اَوَّلَ خَلْقٍ نُّعِیْدُہٗ ط }     (الانبیاء:۱۰۴)
’’جیسے ہم نے پہلی مخلوق کو پیدا کیا ویسے ہی ہم اسے دوبارہ لے آئیں گے۔‘‘
یہاں تک تو نشانیوں کا بیان ہوا تھا‘ پھر پچھلی اُمتوں کا ذکر لایا گیا کہ وہ کیوں ہلاک ہوئیں۔ اسی لیے کہ انہوں نے ان نشانیوں میں غور و فکر نہیں کیا‘ رسولوں کوجھٹلایا‘ ایمان نہیں لائے اور بالآخر عذابِ الٰہی کا نشانہ بنے۔ یہاں قومِ نوح اور اصحاب الرس کا ذکر کر کے ایک طویل تاریخ کی نشان دہی کر دی گئی۔ ابتدا میں ایک طرف قومِ نوحؑ ہے اور آخر میں اصحاب الرس آتے ہیں اور پھر سورۃ الفرقان کے مطابق ان دونوں کے درمیان بے شمار دوسری اُمتیں آ جاتی ہیں۔ فرمایا:
{ وَعَادًا وَّثَمُوْدَا وَاَصْحٰبَ الرَّسِّ وَقُرُوْنًا  بَیْنَ ذٰلِکَ کَثِیْرًا(۳۸)} (الفرقان)
’’اور عاد اور ثمود اور اصحاب الرس اور ان کے درمیان بہت ساری اُمتیں۔‘‘
سورئہ  قٓاور سورۃ الفرقان کی مذکورہ آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ ہلاک ہونے والی اُمتوں میں اصحاب الرس وہ آخری اُمّت تھی جو ہلاک ہوئی ‘ واللہ اعلم!
اصحاب الرس کون تھے ؟مفسرین نے ان کی تعیین کے بارے میں کافی اختلاف کیا ہے۔ اس ضمن میں آٹھ آراء پائی جاتی ہیں۔ ان میں ایک رائے یہ ہے کہ یہ خندق والے لوگ تھے جن کا ذکر سورۃ البروج کی آیت ۸ میں کیا گیا ہے۔ایک قول یہ بھی ہے کہ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے اپنے نبی کو قتل کیا اور انہیں ایک کنویں میں پھینک دیا۔ بعض مفسرین نے ان کے نبی کا نام حنظلہ بتایا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ وہ قومِ شعیبؑ سے تعلق رکھتے تھے اور اس کے علاوہ بھی کہا گیا۔
[اصحاب الرس : عربی زبان میں ’’رس‘‘ اس کنویں کو کہتے ہیں جس کی منڈیر پتھروں سے بنائی گئی ہو ۔ اس سے ثمود کا ایک قبیلہ بھی مراد ہوسکتا ہے جس کی رہائش ایک خاص کنویں کے پاس تھی۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ یہ یمامہ کے علاقہ میں ایک بستی تھی جسے فلج کہا جاتا ہے۔ آذر بائیجان کی ایک وادی کو بھی ’’رس‘‘ کہا گیا ہے۔ (اطلس القرآن:ص۲۲۰)]
گویا ان دونوں آیات (سورئہ قٓاور سورۃ الفرقان) میں دو اطراف کا بیان ہو گیا کہ ہلاک ہونے والی امتوں میں سب سے پہلے قومِ نوح اور سب سے آخر میں اصحاب الرس ہیں اور درمیان میں دوسری کئی امتیں ہیں۔ سورئہ قٓکی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ وہ واحد سورت ہے جس میں آٹھ اُمتوں کا ایک ساتھ بیان ہوا ہے‘ یعنی قومِ نوح‘ اصحاب الرس‘ عاد‘ ثمود‘ فرعون‘ اخوانِ لوط‘ اصحاب الایکہ [اصحاب الایکہ  : بقول الحافظ ابن کثیر ‘ مدین اور اصحابِ ایکہ ایک ہی قبیلہ ہے‘ جو باپ کی نسبت سے مدین کہلایا اور زمین کی طبعی اور جغرافیائی حیثیت سے اصحاب الایکہ کے لقب سے مشہور ہوا۔ ایکہ ایک درخت کا نام ہے۔ اہل ِقبیلہ اس کی پرستش کرتے تھے اور اس نسبت سے قبیلہ مدین کو اصحاب الایکہ کہا گیا۔ (بحوالہ قصص القرآن‘ اطلس القرآن‘ص۱۲۸)] اور قومِ تبع  [تُبّع : یمن کی حمیری حکومت کے بادشاہوں کو تبع کہا جاتا تھا۔ تبع اکبر جس کا ذکر قرآن میں آیا ہے ‘ اس سے مراد حسان بن اسعد بن ابی کرب ہے‘ جو دسویں صدی عیسوی قبل مسیح میں حکمران رہا ہے۔ (اطلس القرآن:ص۲۲۳)۔] فرعون سے مراد وہ خود اور اس کی قوم ہے۔ باقی جگہوں میں کہیں سات قوموں کا ذکر ہے ‘ اکثر چھ قوموں کا بیان ہوتا ہے۔تو یہ خصوصیت صرف سورۂ  قٓہی کو حاصل ہے۔
یہاں پر اصحاب الرس کے بعد جو عاد‘ ثمود اور دوسری قوموں کا بیان ہوا تو یہاں ترتیب زمانی مراد نہیں ہے۔ سورۃ الفرقان کی آیت سے اتنا تو معلوم ہو گیا کہ اصحاب الرس قومِ نوح کے بہت بعد میں آئے‘ وہ اس لیے کہ ان دونوں کے درمیان بہت سی اُمتوں کے موجود ہونے کا تذکرہ کیا گیا اور بعض دفعہ قرآن میں یہ بھی اسلوب اختیار کیا گیا ہےکہ ایک لفظ پہلے عموم کے لیے لایا جاتا ہے ‘جیسے سورۃ البقرۃ (آیت۹۸) میں کہا گیا:
{مَنْ کَانَ عَدُوًّا لِّـلّٰہِ وَمَلٰٓئِکَتِہٖ وَرُسُلِہٖ}
’’اور جو شخص اللہ کا‘ اس کے فرشتوں کا اور اس کے رسولوں کا دشمن ہوا‘‘
پھر خاص طور پر ’’وَجِبْرِیْلَ وَمِیْکٰىلَ‘‘ کہہ کر ان دونوں فرشتوں کا خصوصی ذکر ہوا‘ حالانکہ وہ لفظ ’’مَلٰٓئِکَتِہٖ ‘‘ میں شامل تھے‘ اسی طرح یہاں بھی کہا جا سکتا ہے کہ پہلے تو طرفین کا ذکر ہوا‘ یعنی قومِ نوح پہلی طرف اور اصحابُ الرس دوسری طرف‘ اور سورۃ الفرقان کے بیان کے مطابق ان دونوں کے درمیان بہت سی اُمتیں پائی گئیں‘ اور پھر خصوصی طور پر عاد‘ ثمود اور دوسری چند اُمتوں کا یہاں تذکرہ کر دیا گیا۔ چنانچہ یہاں وہ مقصود نہ تھا جو کہ سورئہصٓ میں ہے بلکہ ان قوموں کا ذکر اس لیے آ گیا کہ جیسے کئی دوسری قوموں نے زمین و آسمان کے عجائبات سے سبق حاصل نہ کیا‘ یہ لوگ بھی بے بصیرت نکلے‘ اور اللہ تعالیٰ کی نشانیوں سے چشم پوشی برتتے رہے۔
اب رہا یہ سوال کہ سورئہ  صٓ میں آیت کے آخر میں فَحَقَّ عِقَابِ  کہا گیا اور سورئہ  قٓ میں  فَحَقَّ  وَعِیْدِ  حالانکہ دونوں کا معنی ایک ہی ہے یعنی ان پر میری سزا واجب ہوئی‘ تو اس کی وجہ یہ ہے کہ دونوں سورتوں کے فواصل ِآیات کا لحاظ کیا گیا۔ سورئہ  صٓ میں آیات کے آخر میں  عَذَاب‘  الْعَزِیْزُ الْوَھَّاب کا مقطع آرہا ہے‘ اس لیے وہاں سزا کے لیے لفظ ’’عِقَاب‘‘ لایا گیا۔اس کے بالمقابل سورۂ  قٓ کے فواصل حرف ’’دال‘‘ پر ختم ہوتے ہیں۔ ملاحظہ ہو:
{وَنَزَّلْـنَا مِنَ السَّمَآئِ مَآئً مُّبٰـرَکًا فَـاَنْبَتْنَا بِہٖ جَنّٰتٍ وَّحَبَّ الْحَصِیْدِ(۹) }
{وَالنَّخْلَ بٰسِقٰتٍ لَّــہَا طَلْعٌ نَّضِیْدٌ(۱۰) }
{اَفَعَیِیْنَا بِالْخَلْقِ الْاَوَّلِ ط بَلْ ہُمْ فِیْ لَـبْسٍ مِّنْ خَلْقٍ جَدِیْدٍ (۱۵) }
 اور سورت کے آخر تک یہ سلسلہ چلتا جا رہا ہے ‘اس لیے اس سورت میں سزا کے لیے ’’وَعِیْد‘‘ کا لفظ لایا گیا اور کہا گیا: 
{ کُلٌّ کَذَّبَ الرُّسُلَ فَحَقَّ وَعِیْدِ(۱۴)}
 اس لیے ہر دو سورتیں الفاظ کے اعتبار سے اپنے سیاق وسباق سے مناسبت رکھتی ہیں۔
(۳۰۴)  آیت  ۱۶۔۱۷
{وَقَالُوْا رَبَّنَا عَجِّلْ لَّنَا قِطَّنَا قَبْلَ یَوْمِ الْحِسَابِ (۱۶)  اِصْبِرْ عَلٰی مَا یَقُوْلُوْنَ   وَاذْکُرْ عَبْدَنَا دَاوٗدَ ذَا الْاَیْدِ ج اِنَّہٗٓ اَوَّابٌ(۱۷)}
’’ اور انہوں نے کہا:اے ہمارے ربّ! ہمارا نامہ اعمال یومِ حساب سے پہلے ہی ہمارے حوالے کر دے۔ (اے نبیﷺ!)یہ جو کچھ کہتے ہیں اس پر صبر کریں اور ہمارے بندے دائود کو یاد کریں جو قوت والا تھا اور( اللہ کی طرف) رجوع کرنے والا تھا۔‘‘ 
 دوسری جگہ ارشاد فرمایا:
{ فَاصْبِرْ کَمَا صَبَرَ اُولُوا الْعَزْمِ مِنَ الرُّسُلِ}   (الاحقاف:۳۵)
’’تو (اے نبیﷺ!) آپ بھی صبر کیجیے جیسے اولوالعزم رسولؑ صبر کرتے رہے ہیں۔‘‘
اور سورۃ القلم میں فرمایا:
{فَاصْبِرْ لِحُکْمِ رَبِّکَ  وَلَا تَکُنْ کَصَاحِبِ الْحُوْتِ   } (آیت۴۸)
’’تواپنے رب کے حکم کا صبر سے انتظار کیجیے اور مچھلی والے کی طرح نہ ہو جایئے۔‘‘
ان تینوں سورتوں میں نبی ﷺکو صبر کا حکم دیا گیا ہے۔ پہلی آیت میں حضرت داؤد علیہ السلام   اور ان کے حالات سے سبق حاصل کرنے کا ذکر ہے۔ دوسری آیت میں عزیمت والے رسولوں کے اسوئہ حسنہ کی پیروی کا حکم ہے‘جبکہ  تیسری آیت میں حضرت یونس( ذوالنون) علیہ السلام   کی عجلت پسندی اختیار نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دوسری کئی آیات میں مطلق صبر کا حکم دیا گیا ہے۔جہاں کسی اور رسولؑ کا تذکرہ نہیں ہے۔ مثال کے طور پر یہ آیات ملاحظہ ہوں:
{ وَاصْبِرْ وَمَا صَبْرُکَ اِلَّا بِاللہِ}  (النحل:۱۲۷)
’’اور صبر کیجیے اور آپؐ کا صبر نہیں ہے مگر اللہ کے ساتھ۔‘‘
{وَاصْبِرْ نَفْسَکَ مَعَ الَّذِیْنَ یَدْعُوْنَ رَبَّہُمْ بِالْغَدٰوۃِ وَالْعَشِیِّ   یُرِیْدُوْنَ وَجْہَہٗ }(الکہف:۲۸)        
’’ اور ان لوگوں کے ساتھ صبر کیجیے جو اپنے رب کو صبح اور شام پکارتے رہتےہیں اور اسی کی رضا چاہتے ہیں۔‘‘
{فَاصْبِرْ عَلٰی مَا یَـقُوْلُوْنَ وَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ }  (ق:۳۹)
 ’’پس جو کچھ وہ کہتے ہیں اس پر صبر کرتے رہیں اور اپنے رب کی حمد و تسبیح بیان کرتے رہیں۔‘‘
{وَاصْبِرْ لِحُکْمِ رَبِّکَ فَاِنَّکَ بِاَعْیُنِنَا }(الطور:۴۸)
’’تو اپنے ربّ کے حکم کے انتظار میں صبر سے کام لیں‘ یقیناً آپؐ ہماری آنکھوں کے سامنے ہیں۔‘‘
 ایسی ہی کئی دوسری آیات بھی ہیں ۔ ایک تو اس بات کا جواب چاہیےاور دوسرے اس بات کا کہ مندرجہ بالا تین آیات میں صبر کے ساتھ ساتھ ایک رسول یا رسولوں کا تذکرہ کیا گیا ہے تو اس کا کیا مطلب ہے؟
پہلے سوال کا جواب تو یہ ہے کہ جن آیات میں بار بار نبی مکرم ﷺ کو صبر کی نصیحت کی گئی ہے تو وہ اس بات کی دلیل ہے کہ نبیﷺ کی قدم قدم پر رہنمائی کی گئی ہے۔زندگی کے ہر مرحلے میںاور ہر مشکل میں صبر کا دامن پکڑے رہنے پر زور دیا گیا ہے‘ صبر کے اجر و ثواب کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔خود نبیﷺ نے ارشاد فرمایا: ((اَلصُّبْرُ ضِیَاءٌ)) (صحیح مسلم) ’’ صبر روشنی ہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ نے حضرت ایوب علیہ السلام کی آزمائش کے وقت ان کی مؤمنانہ حالت کو ان الفاظ کے ساتھ بیان کیا ہے: { اِنَّا وَجَدْنٰـہُ صَابِرًاط }    (صٓ:۴۴)’’یقیناًہم نے اُسے صبر کرنے والا پایا۔‘‘ اور پھر باری تعالیٰ کا ارشاد ہے:{اِنَّمَا یُوَفَّی الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَہُمْ بِغَیْرِ حِسَابٍ(۱۰) }  (الزمر) ’’ بے شک صبرکرنے والوں کو ان کا اجر پورا پورا بے حساب دیا جاتا ہے ۔‘‘اور ارشاد فرمایا:{اِنَّ اللہَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ(۱۵۳)} (البقرۃ) ’’بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے ۔‘‘ مزید ارشاد فرمایا:{وَلَا یُلَقّٰىہَآ اِلَّا الصّٰبِرُوْنَ(۸۰) } (القصص) ’’یہ بات انہی کے دل میں ڈالی جاتی ہے جو صبر والے ہوں۔‘‘
تمام مخلوقات میں اللہ کے رسولوں کو اس خلق جمیل کی سب سے زیادہ ضرورت ہے کہ انہیں لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے‘ ان کی تکلیف دہ باتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘ اور یہی وجہ ہے کہ خود اللہ کے رسول ﷺ کو خصوصی طور پر اور آپؐ کی اُمّت کو بھی صبر کا دامن نہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
دوسرے سوال کا جواب یہ ہے کہ نبی اکرمﷺ کو خاص طور پر صبر کے باب میں اپنے جد امجد سیدنا ابراہیم علیہ السلام  کی اقتدا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ اس لیے بھی کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام   رتبے میں بڑے ہیں اورخلق ِعظیم کے حامل ہیں۔ چونکہ عرب انہی کی طرف انتساب رکھتے ہیں اس لیے ان کی طرف رجوع کرنا اور ان کی تعظیم کرنا ایک فطری امر ہے ۔
اب ہم تذکرہ کریں گے کہ ان تینوں سورتوں میں جو خاص الفاظ لائے گئے ہیں اس کی کیا حکمت ہے۔ سورۃ صٓ میں اوّل تو رسول اللہﷺ کو خطاب کیا گیا ہے۔اور جیسا کہ ہم اس سےقبل ذکر کر چکے ہیں کہ یہاں قریش اور عرب کے سرکش سرداروں کی ہٹ دھرمی اور سرکشی کا تذکرہ ہے۔ اس کا آغاز آیت ۴ میں ان کے اس قول سے ہوتا ہے:
{وَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ ہٰذَا سٰحِرٌ کَذَّابٌ (۴) }
’’ اور کافروں نے کہا کہ یہ تو جادوگر ہے ‘جھوٹا ہے۔‘‘
 اور پھر آیت۱۶ میں ان کی اس پکار پر ختم ہوتا ہے :
{ عَجِّلْ لَّنَا قِطَّنَا قَبْلَ یَوْمِ الْحِسَابِ (۱۶) }
’’ہمارا اعمال نامہ تو ہمیں یومِ حساب سے پہلے ہی پکڑا دے۔‘‘ 
اس کے بعد دوبارہ نبی ﷺ سے خطاب ہوتا ہے:
{اِصْبِرْ عَلٰی مَا یَقُوْلُوْنَ   وَاذْکُرْ عَبْدَنَا دَاوٗدَ ذَا الْاَیْدِج  اِنَّہٗٓ اَوَّابٌ(۱۷)}
’’اور پھرجو وہ کہتے ہیں اس پر صبر کیجیے اور ہمارے بندے داؤد کو یاد کیجیے جو بڑی طاقت والا تھا اور اللہ کی طرف رجوع کرنے والا تھا۔‘‘ 
اب یہاں حضرت داؤد  علیہ السلام  کی زندگی سے سبق حاصل کرنے کی کیا حکمت ہے؟گویا یہ کہا جا رہا ہے ‘بلکہ تسلی دی جارہی ہے کہ آپ ﷺصبر کریں ‘کائنات میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ازل میں ہماری طرف سے لکھی ہوئی تقدیر کے مطابق ہو رہا ہے۔ ان کو کہنے دیجیے جو وہ کہہ رہے ہیں۔ میں اگر چاہتا تو ان کے دلوں کو ہدایت دے دیتا اور ان کو تمہارے لیے ایسے مسخر کر دیتا جیسے حضرت داؤد  علیہ السلام   کے لیے پہاڑوں کو مسخر کر دیا تھا۔ پرندے ان کے گُن گاتے تھے‘لوہا ان کے ہاتھ میں موم بن چکا تھا ۔ اگر پہاڑ اور لوہا نرم پڑ سکتے ہیں تو انسان کا دل تو بہت زیادہ نرم ہے‘ وہ تو میرے ہاتھ میں ہے‘ اُسے مَیں جیسے چاہوں پلٹتا رہتا ہوں۔
{ وَلَوْ شِئْنَا لَاٰتَیْنَا کُلَّ نَفْسٍ ہُدٰىہَا} (السجدۃ:۱۳)
’’اور اگر ہم چاہیں تو ہر نفس کو ہدایت کی راہ پر لگا سکتے ہیں۔‘‘
 تو پھر آپؐ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ‘جیسے داؤدؑ کے لیے پہاڑ اور لوہے کو مسخر کر دیا اور پھر ان کو قوت اور طاقت سے نوازا‘ ویسے ہی ان سرکش لوگوں کے دلوں کو مسخر کرنا میرے لیے مشکل نہیں ہے۔
مفسرین میں سے ابوالفضل بن الخطیب رحمہ اللہ نے اپنی ’’تفسیر کبیر‘‘ میں آیت کے دونوں ٹکڑوں یعنی ’’اِصْبِرْ عَلٰی مَا یَقُوْلُوْنَ‘‘ اور ’’ وَاذْکُرْعَبْدَنَا دَاوٗد‘‘ کے درمیان ربط قائم کرنے کے بارے میں کہا:
’’اس کی کئی شکلیں ہو سکتی ہیں:
(۱) گویا یہ کہا جا رہا ہے کہ ان جاہلوں کی حرکتوں کی طرف تو دیکھو کہ وہ اللہ کے بارے میں کیسی جسارت دکھا رہے ہیں‘ قیامت کے دن حشر و نشر کا کس ڈھٹائی سے انکار کر رہے ہیں ‘تو پھر حضرت داؤد علیہ السلام   کو یاد کرو‘ وہ تو اللہ کا بہت زیادہ ڈر رکھتے تھے اور یومِ حشر سے بھی بہت ڈرتے تھے ۔اور یہ بھی بدیہی طور پر معلوم ہے کہ اگر دو چیزیں ایک دوسرے کی ضد ہوں تو ان میں سے ایک اگر شرف اور عزت میں اونچی ہو گی تو دوسری اتنی ہی نیچے ہوتی چلی جائے گی۔ 
مَیں کہتا ہوں کہ ان کی یہ بات زیادہ وزن نہیں رکھتی ہے‘ کیونکہ اس کا مفاد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فعل کی عظمت اور بڑائی کی طرف تو نگاہ جاتی ہے لیکن اس میں تسلی اور اُنس کا کوئی پہلو نہیں ہے‘ حالانکہ ضرورت اسی کی تھی کہ اسے بیان کیا جائے۔
 (۲)  دوسری شکل انہوں نے یہ بیان کی کہ گویا یہ کہا جا رہا ہے کہ اے نبیﷺ وہ اگر آپؐ کی بات کو اور آپؐ کے دین کونہیں مانتے تو پروا نہ کریں‘ تمام بزرگ انبیاء تو آپؐ کی موافقت کرتے ہیں۔
مَیں کہتا ہوں کہ یہ بات تو پہلی سے بھی زیادہ کمزور ہے ‘کیونکہ نبی ﷺ کو اگر اُنسیت حاصل ہوگی تو اپنی اُمّت کے ان لوگوں سے ہوگی جو آپ کی تصدیق کریں گے۔ اور اگر یہی مقصد تھا تو اس کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام  کا حوالہ دینا زیادہ مناسب تھا‘ کیونکہ وہ اہل عرب کے نزدیک زیادہ با وجاہت اورلائق تعظیم شخصیت تھے۔
’’(۳)  تیسری وجہ انہوں نے یہ تحریر کی ہے کہ وہ دو اشخاص جو دیوار پھلانگ کر ان کے حجرے میں داخل ہوئے تھے ‘وہ انہیں قتل کرنا چاہتے تھے۔ لیکن حضرت داؤد علیہ السلام   قطعاً ان سے خائف نہ ہوئے‘ نہ انہیں اذیت پہنچائی اور نہ ہی ان کے لیے کوئی بددعا کی‘ بلکہ ان کے لیے استغفار کرتے رہے۔ تو نبیﷺ کو بھی ایسے ہی حسن خلق کو اپنانے کی تعلیم دی گئی۔
میرے نزدیک یہ بات بھی پہلی دو باتوں کی طرح انتہائی ضعیف ہے۔انہوں نے چند اور وجوہ کا بھی تذکرہ کیا جو زیادہ وزن نہیں رکھتیں اور آخر میں کہا:
’’ اب میں پچھلی تمام باتوں سے زیادہ جاندار بات کہتا ہوں اور وہ یہ کہ  وَاذْکُرْعَبْدَنَا دَاوٗد  کہہ کر بات کا رخ موڑنے کی کوشش کی گئی ہے ‘ اس لیے کہ عقلاء کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کو ایسے مخالف سے پالا پڑ جائے جو جاہل ہو‘ متعصب ہو‘ اپنی بات پر اڑا ہوا ہو تو بہتر یہی ہوتا ہے کہ بات کو وہیں ختم کر دیا جائے ‘اور وہ اس لیے بھی کہ اگر بات جاری رکھی گئی تو اس شخص کا اصرار بھی بڑھتا چلا جائے گا۔ اور پھر ایک نئی بات ذکر کی جائے جس کا پہلے سے کوئی تعلق نہ ہو۔ اب جب وہ ایک نئی بات میں مشغول ہو جائے گا تو پہلی حُجّت بازی بھول جائے گا اور مخاطب کے لیے موقع ہوگا کہ وہ بات بات میں اپنے مدّعا کو ایک نئے اور مناسب اسلوب میں پیش کر سکے۔ اور اب قرین قیاس ہے کہ وہ شخص آپ کی بات کی طرف دھیان دے اور عین ممکن ہے کہ وہ آپ کی بات کو تسلیم کر لے۔ اس لحاظ سے یہاں بات کو ایک نئے موضوع کی طرف موڑا گیا ہے اور قصہ ٔداؤدؑ کے بعد وہ تین آیات درج کی گئی ہیں جن کی پچھلے موضوع سے مناسبت ہے۔ فرمایا:
{وَمَا خَلَقْنَا السَّمَآئَ وَالْاَرْضَ وَمَا بَیْنَہُمَا بَاطِلًاط ذٰلِکَ ظَنُّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْاج فَوَیْلٌ لِّلَّذِیْنَ کَفَرُوْا مِنَ النَّارِ(۲۷) }
’’اور ہم نے آسمان اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے اسے ناحق پیدا نہیں کیا ہے یہ تو کافروں کا اپنا گمان ہے‘ پس بربادی ہو کافروں کی دوزخ کی آگ سے۔‘‘
{اَمْ نَجْعَلُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ کَالْمُفْسِدِیْنَ فِی الْاَرْضِ ز اَمْ نَجْعَلُ الْمُتَّقِیْنَ کَالْفُجَّارِ(۲۸)}
’’ تو کیا ہم ایمان لانے والوں اور نیک عمل کرنے والوں کو ان لوگوں کے برابر کر دیں جو زمین میں فساد مچائے رکھے ہوئے ہیں ؟یا ہم اللہ سے ڈرنے والوں کو گنہگاروں جیسا کر دیں؟‘‘
{ کِتٰبٌ اَنْزَلْنٰہُ اِلَیْکَ مُبٰرَکٌ   لِّیَدَّبَّرُوْٓا اٰیٰـتِہٖ وَلِیَتَذَکَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ(۲۹) }
’’ یہ وہ بابرکت کتاب ہے جو ہم نے آپ پر اُتاری ہے تاکہ وہ اس کی آیات میں غور و فکر کر سکیںاور عقل والے اس سے نصیحت حاصل کرتے رہیں۔‘‘
مَیں کہتا ہوں کہ یہ بات درست ہے کہ اہل عرب اور ان کے جہاں دیدہ حضرات یہ اسلوب اختیار کرتے رہے ہیں‘ لیکن جو توجیہہ ہم پہلے پیش کر چکے ہیں کیا وہ زیادہ مناسب نہیں ہے؟ ہاں سورئہ قٓ میں یہ اسلوب زیادہ وضاحت کے ساتھ نظر آتا ہے۔ شروع کی آیات ملاحظہ ہوں:
{قٓ قف وَالْقُرْاٰنِ الْمَجِیْدِ (۱)  بَلْ عَجِبُوْٓا اَنْ جَآئَ ہُمْ مُّنْذِرٌ مِّنْہُمْ فَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ ہٰذَا شَیْ ئٌ عَجِیْبٌ(۲)  ئَ اِذَا مِتْنَا وَکُنَّا تُرَابًاج  ذٰلِکَ رَجْعٌم       بَعِیْدٌ(۳)}
’’ق‘ اور قسم ہے بڑی شان والے قرآن کی۔بلکہ انہیں اس بات پر تعجب ہوا کہ انہی میں سے ایک ڈرانے والاان کے پاس آیا ہے تو کافروں نے کہا: یہ تو عجیب سی چیز ہے۔ کیا جب ہم مر جائیں گے اور مٹی میں مل جائیں گے‘ تو پھریہ دوبارہ واپس آنا تو دور کی بات ہے۔‘‘
 تو یہاں کفار کا دوبارہ اٹھائے جانے کا انکار کرنا ذکر ہوا اور یہ کہ وہ اس بات کو ناممکن سمجھتے تھے ‘جیسا کہ سورئہ صٓ کے شروع میں بیان ہوا تھا ‘تو پھر اس کے فوراً بعد بیان کا رخ موڑ دیا گیا جسے ابوالفضل نے ’’التفات‘‘ کا نام دیا ہے‘ یعنی موضوعِ سخن کو بدل دو ۔ جس کے بارے میں انہوں نے کہا ہے کہ بعض اوقات عقل مند حضرات کٹ حجتی کرنے والے مخالف کے ساتھ یہ اسلوب اختیار کرتے ہیں تاکہ اسے بہتر انداز میں حق کی طرف لایا جا سکے۔
اب دیکھیے کہ اس سورت (قٓ)میں بیان کا رخ موڑتے ہوئے ارشاد ہوا:
{اَفَلَمْ یَنْظُرُوْٓا اِلَی السَّمَآئِ فَوْقَہُمْ کَیْفَ بَنَیْنٰـہَا وَزَیَّنّٰہَا وَمَا لَہَا مِنْ فُرُوْجٍ(۲)}
’’ کیا انہوں نے اپنے اوپر آسمان کو نہیں دیکھا ہے کہ ہم نے اسے کیسے بنایا اور کیسے اسے زینت دی‘ اور (دیکھوکہ ) اس میں کوئی شگاف نہیں۔‘‘ 
{وَالْاَرْضَ مَدَ دْنٰـہَا وَاَلْقَیْنَا فِیْہَا رَوَاسِیَ وَاَنْبَتْنَا فِیْہَا مِنْ کُلِّ زَوْجٍ     بَہِیْجٍ (۷)}
’’اور زمین کو ہم نے پھیلا دیاہے‘اس میں پہاڑ ڈال دیے ہیں اور اس میں قسم قسم کی خوش نما چیزیں اُگا    دی ہیں۔‘‘
اور پھر ان نشانیوں کا تذکرہ آگے بڑھتا ہے‘ یہاں تک کہ آسمان سے برستے پانی کا ذکر کیا: 
{ وَاَحْیَیْنَا بِہٖ بَلْدَۃً مَّیْتًاط کَذٰلِکَ الْخُرُوْجُ(۱۱)}
’’اور ہم نے اس پانی سے ایک مردہ شہر کو زندگی بخشی ۔ایسے ہی (قبروں سے) دوبارہ نکلنا ہے۔‘‘
 یہاں ملاحظہ ہو کہ بیان کا رخ آیت۵  کے بعد بدلا ہے جہاں کافروں کے بارے میں ارشاد ہوا تھا: 
{بَلْ کَذَّبُوْا بِالْحَقِّ لَمَّا جَآئَ ہُمْ فَہُمْ فِیْٓ اَمْرٍ مَّرِیْجٍ(۵)}
 ’’بلکہ انہوں نے حق کو جھٹلایا جو ان کے پاس آیا تھا تو وہ ایک اُلجھاؤ میں پڑ گئے۔‘‘
 یعنی ان کے ذہنوں میں بات گڈ مڈ ہو گئی‘ تو اللہ تعالیٰ نے کلام کا رخ نبی ﷺ اور اہل ایمان کی طرف موڑ دیا اور زمین و آسمان کی نشانیوں کا تذکرہ شروع کر دیا کہ وہ ان کا دن رات مشاہدہ کرتے ہیں اور ان کے بارے میں کسی شبہ کا شکار نہیں ہیں ‘اور نہ ہی کبھی انہیں اس کا انکار کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ان سب نشانیوں کے ذکر کے بعد پھر اصل بات کو دہرا دیا: {کَذٰلِکَ الْخُرُوْجُ(۱۱)} ’’ ایسے ہی دوبارہ نکلنا ہے۔‘‘ 
ہمارے خیال میں ابوالفضل نے ارباب عقل کے جس التفاتِ بیانی کا ذکر کیا ہے‘ اس کی یہ مثال بن سکتی ہے۔
خلاصۂ کلام یہ ہوا کہ ابوالفضل کی توجیہہ جو انہوں نے سورئہ صٓ کی آیات کے بارے میں بیان کی ہے‘ غیرمناسب معلوم ہوتی ہے۔ اگر کچھ مناسبت ہے تو وہ سورئہ قٓ کی آیات میں ہے جیسا کہ ہم نے بیان کیا ہے۔ واللہ اعلم!
  زمخشری نے بھی ان آیات میں ربط پیدا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اپنی اس کوشش میں وہ سوءِ ادبی اور لغزشِ لسانی کے مرتکب ہوتے نظر آتے ہیں ۔ان کے جواب سے تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بندے ایسے ایسے برے افعال کے مرتکب ہو جاتے ہیں کہ جن سے اللہ نہ راضی ہے ‘نہ چاہتا ہے‘ یعنی (بندے اپنے افعال کے خود خالق ہیں) وہ اس طرح (صفت ِخلق میں) اللہ کے شریک بن جاتے ہیں‘ اپنے افعال کے مالک ٹھہرائے جاتے ہیں۔ 
یہ جواب ان کے اپنے اصول کے مطابق ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ پہلے تو کہا کہ آپ ﷺلوگوں کی باتوں پر صبر کریں اور پھر کہا کہ ہمارے بندے داؤد  علیہ السلام  کو یاد کریں تو ان دونوں باتوں میں کیا مناسبت ہے؟ پھر جواباً عرض کرتے ہیں:
’’ گویا اللہ تعالیٰ اپنے نبیﷺ کو پہلے تو صبر کی تلقین کر رہے ہیں اور اس کے بعد حضرت داؤد  علیہ السلام  کے قصے سے سبق حاصل کرنے کا عندیہ دے رہے ہیں کہ اللہ کی نافرمانی کتنے بڑے گناہ کی بات ہے۔ دیکھو! داؤد کو ہم نے نبوت اور بادشاہت دے کر نوازا‘اس کی تکریم کی ‘اسے قربت عطا کی ‘پھر اس سے ایک لغزش ہو گئی تو فرشتے بھیج کر بطور تمثیل اسے ڈانٹ پلائی ۔یہاں تک کہ وہ اپنی غلطی کا ادراک کر سکے اور پھر ان کی یہ حالت ہوئی کہ وہ استغفار کرتے رہتے‘ کثرت سے روتے رہتے ‘غم سے نڈھال رہتے۔ اپنی غلط حرکت کو انہوں نے اپنی ہتھیلی میں نقش کر لیا تاکہ بار بار وہاں نظر پڑتی رہے اور ندامت کا احساس باقی رہے ‘تو پھر اے کافرو! تمہارا کیا حشر ہوگا کہ تم نے کفر بھی کیا اور گناہ پر گناہ کرتے جا رہے ہو۔
یا اس کی دوسری توجیہہ یہ ہو سکتی ہے کہ گویا نبی ﷺ سے کہا جا رہا ہے کہ آپؐ ان لوگوں کی باتوں پر صبر کریں اور اپنے آپؐ کو اس بات سے بچا کر رکھیں کہ جس صبر اور تحمل کا آپؐ کو حکم دیا گیا ہے‘ اس میں کہیں آپؐ پھسل نہ جائیں ‘جیسےحضرت داؤد  علیہ السلام   کے ساتھ ہوا تھا کہ وہ اللہ کے پاس ایک اونچا مقام رکھتے تھے لیکن ایک معمولی لغزش کی بنا پر ان کی سخت سرزنش کی گئی اور ان کے فعل کی ظلم و زیادتی کی طرف نسبت کی گئی۔‘‘
یہ تھا ان کا جواب جو صائب نہیں ہے بلکہ قطعاً کوئی مناسبت یا مطابقت نہیں رکھتا ہے۔ کہاں کفار کا بطور استہزاء یہ کہنا: { عَجِّلْ لَّنَا قِطَّنَا قَبْلَ یَوْمِ الْحِسَابِ (۱۶)} ’’یوم حساب سے پہلے ہی ہمارا اعمال نامہ ہمیں تھما دو!‘‘ اور کہاں ایک نبی کی معمولی سی لغزش! جسے عصمت ِانبیاء کے عقیدے کے مطابق گناہوں میں تو شمار نہیں کیا جاتا۔ یہ تو انہیں اپنے ہنسی مذاق کرنے میں مشغول رہنے پر مزید آمادہ کرے گی۔ جہاں تک دوسری توجیہہ کا تعلق ہے تو وہ اور زیادہ غیر مناسب ہے کہ اس میں حضرت داؤد  علیہ السلام   کو صاف صاف ظلم و زیادتی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے جو کہ ایک نبی کی شان کے لائق نہیں ہے۔ اس لیے ان کے جواب میں بے ادبی ہے‘ جرم کی سنگینی ہے اور سیاق و سباق سے کوئی مطابقت نہیں ہے۔
الغرض‘جو توجیہہ ہم نے پیش کی ہے وہ بے غبار ہے ‘ اس کی مناسبت عیاں ہے اور اُمید ہے کہ جس دن راز کھلیں گے اس دن اللہ تعالیٰ ہمیں اس سے منفعت پہنچائیں گے۔