(تعلیم و تعلم) تعلیم کے اوّلین اُصول(۵) - ڈاکٹر محمد رفیع الدین

10 /
 تعلیم کے اوّلین اُصول(۵)
First Principles of Education
از: ڈاکٹر محمد رفیع الدین
مترجم:پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف اعوان
 
حیوانی خواہشات کو ردّ کرنے کے بعد حکمران خواہش کی تلاش میں جانچ پڑتال کے لیے باقی رہ جانے والے انسانی ہیجانات اور خواہشات میں نصب العین کی خواہش‘ علم کی خواہش‘ اچھے اعمال کی خواہش اور فنونِ لطیفہ کی خواہش شامل ہیں۔ ان خواہشات کی چند سب سے زیادہ اہم خصوصیات یہ ہیں کہ یہ انسان کا وہ خصوصی امتیاز ہیں جو دیگر جانوروں کو حاصل نہیں۔ یہ انسان میں موجود حیوانی زندگی سے تعلق رکھنے والی خواہشات نہیں بلکہ اُس کی (اپنی) ذات کی خواہشات ہیں۔ یہ خواہشات حیاتیاتی نہیں بلکہ نفسیاتی ہیں۔ ان کی تشفی کی راہِ عمل حیاتیاتی انداز میں طے شدہ نہیں اور نہ ان کے ساتھ کوئی حیاتیاتی جبر منسلک ہے۔ ان میں سے ہر خواہش حیاتیاتی لحاظ سے آزاد ہے‘ تاہم ان میں سے ہر خواہش خود اپنے اندر سے ایک ایسے نفسیاتی جوش اور دباؤ کا شکار ہوتی ہے کہ جس کے سامنے کسی فرد کے لیے مزاحمت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے بشرطیکہ اس خواہش کے پیدا ہونے کے نتیجے میں وہ اپنے مطلوبہ مقصد سے حقیقتاً آگاہ ہو جائے۔ ان میں سے ہر خواہش کو پورا کرنے اور اس کی تشفی کرنے کی ہر ممکن کوشش کسی درپردہ حیاتیاتی یا مادی مفاد کی غرض سے نہیں بلکہ اس کی اپنی خاطر کی جاتی ہے۔ ان میں سے ہر خواہش کی تشفی خاص قسم کی لذت دیتی ہے ‘جو کسی بھی جبلی خواہش کی تشفی سے ملنے والی لذت کی نوعیت اور شدت سے کہیں بڑھ کر ہوتی ہے۔ تمام خواہشات کا مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے خیروصداقت پر مبنی حسن کی تلاش۔ چنانچہ کسی نصب العین کی خواہش (دراصل) حسن کے تصور سے محبت کرنے‘ اسے سراہنے‘ چاہنے‘ تعظیم کرنے‘ اس کی قدرومنزلت کرنے اور تکریم کرنے کی خواہش ہے۔ علم کی خواہش سچائی (کی جستجو) کی خواہش ہے جس سے ہم محبت کرتے اور جسے ہم سراہتے ہیں‘ چنانچہ یہ بھی حسن کا ایک پہلو ہے۔ اچھے اعمال کی خواہش اپنے اعمال میں اظہارِ حسن کی خواہش ہے۔ فنونِ لطیفہ کی خواہش کسی وساطت سے حسن کا اظہار کرنے اور یوں اظہار پانے والے حسن کی مدح و ستائش کرنے کی خواہش ہے۔ 
جب کسی نصب العین کو سراہنے اور چاہنے نیز اس کی تعظیم و تکریم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جاتا ہے اور وہ خواہش پوری ہو جاتی ہے تو ہمیں ایک روحانی تجربہ ہوتا ہے ‘یا (یوں کہہ لیجیے کہ) ایک قابلِ تعظیم اور مقدّس تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ جب علم کی خواہش کا اظہار کیا جاتا ہے اور وہ پوری ہو جاتی ہے تو ہمیں ایک علمی تجربہ ملتا ہے‘ یا (یوں کہہ لیجیے کہ) ایک سچی اور درست بات کا شعور حاصل ہوتا ہے۔ جب اچھے اعمال کی خواہش کا اظہار کیا جاتا ہے اور وہ خواہش پوری ہو جاتی ہے تو ہمیں اچھے اخلاق پر مبنی عمل کرنے کا یا خیروبھلائی کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ جب فنونِ لطیفہ کے لیے خواہش کا اظہار کیا جاتا ہے اور وہ خواہش پوری ہو جاتی ہے تو ہمیں جمالیاتی ذوق کا تجربہ یا حسن و خوش نمائی (کے احساس) کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ انسان کے یہ تمام فطری تقاضے اور خواہشات حقیقت میں ایک ہی خواہش کے مختلف رخ اور پہلو ہیں یعنی حسن کی خواہش‘ اور ان سے حاصل ہونے والے تجربات بنیادی طور پر ہماری پسند و ناپسند کے تاثرات کی مطابقت سے حسن ہی کے تجربات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم پاک‘ ناپاک‘ سچ‘ جھوٹ‘ معقول‘ نامعقول‘ درست‘ غلط‘ اچھا‘ برا‘ خوش نما‘ بدنما‘ دلکش‘ بدصورت‘ قابل محبت‘ قابل نفرت‘ ضروری‘ غیرضروری وغیرہ کے الفاظ یکساں طور پر روحانی ‘ علمی‘ اخلاقی‘ جمالیاتی تاثرات کے کسی ایک یا دوسرے سیاق و سباق میں استعمال کرتے ہیں۔ چنانچہ ذات کا وہ فطری تقاضا جس کی تشفی اس (ذات) کی نشوونما کا باعث بنتی ہے (دراصل) حسن (کی جستجو) کا ہیجان ہے۔
فرد جس نصب العین کی خواہش رکھتا ہے اس میں سارا حسن دیکھتا ہے اور اس سے جتنی محبت کر سکتا ہے‘کرتا ہے۔ یوں اگرچہ وہ حسن کی خاطر اپنی دوسری تین خواہشات کو بھی پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے یعنی فنونِ لطیفہ کی خواہش‘ علم کی خواہش یا اچھے اعمال کی خواہش‘ تاہم ان خواہشات کو پورا کرنے کی کوششیں ان حدود کو عبور نہیں کرسکتیں جو اس کے اس نصب العین کے تقاضوں نے طے کر دی ہیں جس کے اندر اس کے کلی حسن کا تصور سمایا ہوا ہے۔ چنانچہ یہ خواہشات اس کے نصب العین کے تابع ہی رہتی ہیں۔ جب کبھی وہ محسوس کرتا ہے کہ ان خواہشات میں سے کسی خواہش کو پورا کرنے کی کوشش اس کے نصب العین کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتی تو پھر وہ اس کوشش کے متعلق مزید یہ خیال کرنا چھوڑ دیتا ہے کہ یہ حسن‘ خیر یا صداقت کی جستجو کی کوشش ہے۔ نتیجتاً وہ شعوری یا غیرشعوری طور پر اپنے نصب العین سے ہم آہنگی کی خاطر اپنے روحانی‘ علمی‘ اخلاقی یا جمالیاتی تاثر کا رُخ موڑ لیتا ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ کیوں ہر نصب العین کے لیے مختلف اخلاقی قانون‘ مختلف فلسفے‘ سائنس کے مختلف تصور اور استعمال اور مختلف فنونِ لطیفہ ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان چار خواہشات میں سے نہ تو کوئی خواہش فنونِ لطیفہ کی ہے‘ نہ علم کی خواہش ہے اور نہ ہی کوئی اچھے اعمال کی خواہش ہے بلکہ (اصل) خواہش نصب العین کے لیے خواہش ہے اور یہ وہ خواہش ہے جو دوسری خواہشات پر حاوی ہے اور دوسری خواہشات نصب العین کی خواہش کی مکمل تشفی ہونے میں محض اعانت (کا کردار ادا ) کرتی ہیں۔ چنانچہ ذات کا ہیجان یا حسن کا ہیجان بنیادی طور پر نصب العین کا ہیجان ہے۔ اس بات کی مزید تصدیق کہ انسان کا نصب العین سے محبت کرنے کا ہیجان اس کی فطرت کا غالب تقاضا ہے اس حقیقت سے ہو جاتی ہے کہ دراصل یہی اس کی ذات کی وہ خواہش ہے جواُس کی اُن جبلی خواہشات پر بھی حکومت کرتی اور انہیں قابو میں رکھتی ہے جو اس میں اور جانوروں میں یکساں ہیں۔ قدرت نے ان خواہشات میں سے ہر خواہش کو اس کی اپنی حیاتیاتی طاقت کے ذریعے مضبوط کیا۔ ظاہر ہے یوں مضبوط کرنے سے قدرت کا مقصد یہ تھا کہ جزوی طور پر شعور کے حامل جانور کو اپنی نسل اور حیات کی بقا کے کام کی طرف مناسب طور پر متوجہ کیا جائے تاکہ ارتقا کا مقصد پورا ہو سکے۔ تاہم ایک خودآگاہ ہستی کے طور پر انسان جانتا ہے کہ کسی نصب العین کی خاطر جیا کیسے جاتا ہے اور مرا کیسے جاتا ہے۔کوئی جانور اپنی جبلّتوں کے جبر کے خلاف مزاحمت کیوں نہیں کرتا؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی جبلّت سے بڑھ کر اس کی کوئی خواہش ہی نہیں ہوتی کہ جس کی خاطر وہ ایسا کرے‘ مگر چوں کہ انسان کے پاس کسی نصب العین کے ساتھ محبت کرنے کی صلاحیت ہے اس لیے اس کے نصب العین کی منظوری کے بغیر اس کی کوئی بھی جبلّت تشفی نہیں پا سکتی‘ اور یہ صرف اسی حد تک تشفی پا سکتی ہے جس حد تک نصب العین اسے اجازت دیتا ہے ‘اس سے زیادہ نہیں۔ جب کسی فرد کا نصب العین اس کی حیات کے تسلسل کا تقاضا کرتا ہے تو وہ اپنی جبلّتوں کی مناسب طور پر تشفی کرنے کی انتہائی کوشش کرتا ہے مگر جب نصب العین کے تقاضے کچھ اور ہوتے ہیں تو وہ اپنی جبلّتوں کو نظرانداز کرتا ہے‘ یہاں تک کہ اپنی اس زندگی کو قربان کرنے کے لیے تیار ہو جاتا ہے جس کی حفاظت ان جبلّتوں کا مقصد ہوتا ہے۔ اس سے ان بے شمار مثالوں کی وضاحت ہو جاتی ہے جو ایسے افراد سے متعلق ہمارے علم میں آتی ہیں جو اپنے نصب العین کی خاطر بہ رضا و رغبت اپنی حیوانی جبلّتوں کو دباتے اور نظرانداز کر دیتے ہیں‘ انتہا درجے کی مشکلات اور محرومیوں کا سامنا کرتے ہیں‘ اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں‘ سولی پر لٹک جاتے ہیں اور جنگ کے میدان میں لہولہان ہو کر جان دے دیتے ہیں۔ یہ ممکن ہے کہ کسی فرد کا نصب العین حسن کے پیمانے پر بہت بلند ہو جائے یا بہت پست ہو جائے‘ فضیلت کی ان بلندیوں کو چھولے جو کسی ولی اللہ کے نصب العین کی ہو سکتی ہیں ‘یا یہ کسی چور اُچکے کے بدنما نصب العین کی پستی کا شکار ہوجائے۔ ہو سکتا ہے کہ یہ (نصب العین) جنت الفردوس کی ان نعمتوں کی مانند ہو جائے کہ جن کی کوئی فرد آخرت میں توقع کرتا ہے ‘یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس سے ملنے والی خوشی محض اتنی ہو کہ جتنی کسی فرد کو اس دنیا میں اپنی کسی جبلی تقاضے کی تشفی سے ملتی ہے۔ (جو بھی ہو) تاہم نصب العین ہمیشہ انسان کی دیگر خواہشات پر حاوی رہتا ہے۔ جیسے ہی ہمیں پتا چلتا ہے کہ تعلیمی نشوونما کے لیے فطری تقاضا (دراصل) نصب العین کے لیے اس کا فطری تقاضا ہے تو ہمیں اس سوال کا سامنا کرنا پڑتا ہے:
’’وہ کون سا نصب العین ہے جس کی جانب انسان قدم اٹھائے تو بھرپور حد تک تعلیمی نشوونما پا سکتا ہے؟‘‘
اس سوال کی وجہ یہ ہے کہ ظاہر ہے کہ انسان بہت سے نصب العینوں اور مختلف نصب العینوں سے محبت کر سکتا ہے اور ہر نصب العین کے ہاں کسی فرد کی تعلیمی نشوونما کا دائرۂ عمل اور سمت یکساں نہیں ہے۔
اس سوال کا جواب انسان کے فطری تقاضا کی ماہیت ہی میں پوشیدہ ہے۔ چوں کہ یہ فطری تقاضا حسن‘ خیر اور صداقت کی خواہش پر مبنی ہے اس لیے اس فطری تقاضا کی پوری طرح تشفی کرنے والا اور کسی فرد کی بھرپور حد تک تعلیمی نشوونما کرنے والا نصب العین وہی ہو سکتا ہے جو بدرجہ ٔ اَتم حسن‘ خیر اور صداقت کی خصوصیات کا حامل ہو۔
ایلڈس ہکسلے (Aldous Huxley) نے اوپر بیان کردہ ایک جملے میںکہا ہے کہ کسی بچے کی تعلیمی نشوونما کا انحصار اس کو غذا مہیا کرنے اور اس کی رغبت کی تشفی پر ہے۔ اس کا دعویٰ بالکل برحق ہے‘ تاہم ہمیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ بچے کی یہ مخصوص رغبت کس بات کے لیے ہے اور اس غذا کی نوعیت کیا ہے جس کی اسے تعلیمی نشوونما کے لیے ضرورت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جیسے انسانی جسم کو خوراک کی رغبت ہوتی ہے‘ اسی طرح انسان کی ذات کو حسن کی رغبت ہوتی ہے‘ اور جس طرح غذا کے لیے جسم کی رغبت مناسب طور پر پوری نہ ہو تو جسم نشوونما نہیں پا سکتا اور اپنے حیاتیاتی امکانات کو بھرپور حد تک بروئے کار نہیں لا سکتا اسی طرح ذات اس وقت تک نشوونما نہیں پا سکتی اور اپنے نفسیاتی (یعنی روحانی‘ ذہنی‘ اخلاقی اور جمالیاتی) امکانات کو بھرپور حد تک بروئے کار نہیں لا سکتی جب تک حسن کے لیے اس کی رغبت کی مناسب طور پر تشفی نہ ہو۔ جس طرح جسم کے لیے ضروری ہے کہ اپنی رغبت کی مناسب تشفی اور بھرپور بالیدگی کے لیے ایسی خوراک لے جو ہر لحاظ سے مکمل ہو اسی طرح ذات کے لیے (بھی) ضروری ہے کہ اپنی رغبت کی تشفی اور اِس کی کامل نشوونما کے لیے ایک ایسا نصب العین اپنائے جو ہر لحاظ سے مکمل ہو۔ 
اگر جسم ہر لحاظ سے مکمل خوراک لے پاتا ہے تو حیاتیاتی بالیدگی کے لیے اس کے فطری تقاضے کی مناسب طور پر تشفی ہو جاتی ہے اور جسم توانا اور صحت مند ہو جاتا ہے۔ جسم کی صحت حیاتیاتی وظائف کے پُرسکون اور ہم آہنگ کام کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ نیز جسم کی حرکت میں مزاحم ہونے والی کشش ثقل اور دیگر طبیعی قوانین کے باوجود جسم کی طاقت میں اتنی اہلیت پیدا ہو جاتی ہے کہ جسمانی طور پر اپنے تقاضوں کی تشفی کے لیے عمل کر سکے۔
اگر ذات ایک کامل نصب العین سے محبت پیدا کر لیتی ہے تو نفسیاتی نشوونما کے لیے اس کا فطری تقاضا خوش اسلوبی سے پورا ہو جاتا ہے اور ذات توانا اور صحت مند ہو جاتی ہے۔ ذات کی صحت نفسیاتی وظائف کے پُرسکون اور ہم آہنگ کام کی صورت اختیار کر لیتی ہے جس کا نتیجہ اس کی مسلسل نشوونما‘ باطنی تشفی‘ فرحت اور ذہنی سکون ہوتا ہے۔ نیز جبلّتوں اور عادات کی متخالف قوتوں کی مزاحمت کے باوجود ذات کی طاقت میں یہ اہلیت پیدا ہو جاتی ہے کہ درست فیصلے کرے اور حیات کے روحانی‘ ذہنی‘ اخلاقی نیز جمالیاتی دائرہ ہائے عمل میں صحیح قسم کے تجربات سے دوچار ہو۔ جب ایک فرد کا نصب العین کامل ہوتا ہے تو وہ اس سے جس انتہا درجے کی محبت کر سکتا ہے‘ کرتا ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ اخلاقی‘ روحانی‘ ذہنی اور جمالیاتی امور میں تمام ممکنہ خطاؤں سے محفوظ ہو جاتا ہے۔
جس طرح بیماری جسم کے حیاتیاتی وظائف کی راہ میں حائل ہو جاتی ہے‘ اس کی صحت کو خراب کرتی ہے اور اسے جسمانی طور پر کمزور کرتی ہے اسی طرح ذات کے روحانی‘ ذہنی‘ اخلاقی اور جمالیاتی تجربات میں نقص ذات کے نفسیاتی وظائف کی راہ میں حائل ہو جاتا ہے۔ اس کی تسکین اور خوشی و مسرت کو نقصان پہنچاتا ہے‘ نیز اسے نفسیاتی طور پر کمزور کرتا ہے۔ جب جسم طاقت ور اور صحت مند ہوتا ہے تو اس قابل ہوتا ہے کہ بیماری کے خلاف مزاحمت کر سکے اور اس پر غالب آ سکے‘ نیز بیماری جسم کے اندر قدم نہیں جما سکتی۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جسم جس قدر ہو سکتا ہے‘ نشوونما پاتا ہے۔ اسی طرح جب ذات توانا‘ صحت مند اور خوش اسلوبی سے نشوونما پا رہی ہوتی ہے تو اس میں کسی بھی نقص کے خلاف مزاحمت کرنے اور اس پر غالب آنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور کوئی بھی عیب اس قابل نہیں ہوتا کہ ذات کے اندر قدم جما سکے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ذات جس قدر ہو سکتا ہے ‘نشوونما پاتی ہے۔
ذات میں نصب العین کے لیے فطری تقاضا یا ہیجان ایسے ہی کارفرما ہے جیسے حیاتی قوت جسم کے اندر کارفرما ہے۔ جسم کے اندر حیاتی قوت جس قدر زیادہ اور طاقت ور ہو‘ جسم اتنا ہی صحت مند اور مضبوط ہوتا ہے۔ انسان کی اپنے نصب العین کے لیے محبت جس قدر زیادہ اور زبردست ہو اتنی ہی اس کی شخصیت زیادہ مستحکم‘ زیادہ توانا اور تندرست ہوتی ہے۔ جس طرح جسم میں حیاتیاتی قوت کی راہ میں مزاحمت جسم کو ضعف اور ہر قسم کی بیماریوں کا شکار کر دیتی ہے اور حیاتی قوت کی بھرپور اور آزادانہ سرگرمی جسم کو توانا اور تندرست بنا دیتی ہے اسی طرح ذات میں نصب العین کے فطری تقاضے کی راہ میں مزاحمت اور رکاوٹ نشوونما سے محروم‘ کمزور نیز افسردگی‘ غم‘ پریشان حالی‘ اعصابی خلل یہاں تک کہ پاگل پن کا شکار گنجلک شخصیت کا باعث بن جاتی ہے۔ جسم میں کارفرما حیاتیاتی قوت کی آزادی اور طاقت کا انحصار اس امر واقعہ پر ہے کہ جسم کو ملنے والی غذا کامل ہے یا ناقص۔ اسی طرح ذات میں کارفرما نصب العین کے فطری تقاضے کی آزادی اور طاقت کا انحصار اس امر ِواقعہ پر ہے کہ ذات جس نصب العین سے محبت کرتی ہے وہ کامل ہے یا ناقص۔ ایک کامل نصب العین مسرور‘ مضبوط‘ صحت مند اور مستحکم شخصیت کی تخلیق کرتا ہے جب کہ ایک ناقص نصب العین رنجیدہ‘ کمزور‘ بیمار اور غیرمستحکم شخصیت کا باعث بنتا ہے۔ 
غذا صرف اسی صورت کامل ہوگی اگر اس کی کاملیت مثبت اور منفی نقطۂ نظر سے شک و شبہ سے بالاتر ہو۔ دوسرے لفظوں میں اگر اس غذا میں نہ صرف حیاتین‘ نمکیات اور دیگر ایسے غذائی اجزاء بدرجہ اَتم موجود ہوں جن کی جسم کو فطری طور پر ضرورت ہے بلکہ یہ غذا ہر قسم کے بیہودہ‘ زہرآلود ایسے اجزا ءسے بھی آزاد ہو جو جسم کی ساخت کے لیے نقصان دہ ہیں تو صرف ایسی ہی غذا سے مکمل طور پر لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے‘ اسے ہضم کیا جا سکتا ہے اور اسے جزوِبدن بنا کر جسم کی بھرپور حد تک طاقت اور صحت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ایک نصب العین صرف اسی صورت کامل ہوگا اگر اس کی کاملیت مثبت اور منفی نقطۂ نظر سے شک و شبہ سے بالاتر ہو۔ دوسرے لفظوں میں اگر یہ نصب العین نہ صرف ان تمام خوبیوں کا حامل ہو جن کو انسان فطری طور پر لائق محبت‘ قابل ستائش اور حسین سمجھتا ہے اور مختصر یہ کہ جنہیں ہم حسن‘ خیر اور صداقت کی خوبیوں کے ساتھ منسوب کرتے ہیں‘  بلکہ اگر یہ نصب العین ہر اُس نقص اور عیب سے بھی پاک ہے کہ جسے ذات ازروئے فطرت ممکنہ طور پر نقص اور عیب سمجھتی ہے۔ نقص محبت کا دشمن ہے۔ چنانچہ جب انسان اپنے نصب العین میں ہلکے سے نقص کی موجودگی سے یا اس کے حسن کے لوازم میں ذرا سی بھی کمی سے آگاہ ہو جاتا ہے تو ایسے نصب العین کے لیے اس کی محبت نفرت میں بدل جاتی ہے۔ کوئی شخص کسی پست‘ بدنما یا ناقص نصب العین سے بھی محبت رکھ سکتا ہے مگر ایسا صرف اُس وقت تک ہو سکتا ہے جب تک وہ اس کے ساتھ حسن‘ خیر اور صداقت کی تمام قابل تصور خوبیاں منسوب کیے رکھتا ہے اور اپنے آپ کو اس دھوکے میں رکھتا ہے کہ یہ نصب العین حقیقت میں ان سب خوبیوں کا حامل ہے۔ کامل نصب العین کی ان عمومی خوبیوں سے ہم آسانی سے اس کی خصوصی خوبیاں اخذ کر سکتے ہیں۔مثال کے طور پر ہم یہ جان سکتے ہیں کہ کوئی نصب العین انسان کے لیے مکمل طور پر حسین‘ قابلِ ستائش اور لائق ِمحبت نہیں ہو سکتا جب تک وہ یہ یقین نہ رکھتا ہوکہ:
(ا)   اس کے نصب العین کا حسن غیرمحدود اور دائمی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر وہ جانتا ہے کہ اس کے نصب العین کے حسن کی ایک حد ہے جس سے آگے وہ نہیں جا سکتا تو لازماً اسے یقین ہو جائے گا کہ اس کا ایک حصہ یا پہلو بدنما ہے۔ اسی طرح اگر وہ جانتا ہے کہ کچھ عرصے کے بعد اس کا حسن ختم ہو جائے گا تو اس صورت میں بھی وہ یقیناً اسے بدنما ہی سمجھے گا۔
(ب)   اس کا نصب العین زندہ ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ کسی ایسی شے کے تصور سے محبت نہیں کر سکتا‘ نہ اس کی ستائش‘ عزت اور خدمت کر سکتا ہے جس کے متعلق اسے مردہ اور بے جان ہونے کا یقین ہو اور یہ یقین ہو کہ ایک زندہ انسان کے طور پر وہ (مردہ اور بے جان نصب العین) اس سے کمتر ہے۔
(ج)   اس کے نصب العین کی حیات اس کے حسن کی طرح دائمی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر وہ یہ سوچتا ہے کہ اس کا نصب العین مستقبل میں لازمی طور پر کسی وقت مر جائے گا تو وہ یقیناً یہ محسوس کرے گا کہ یہ آج بھی اندر سے مردہ ہی ہے۔
(د) اُس کا نصب العین بدرجۂ اَتم زندگی کے اُن تمام اوصاف کا حامل ہے جن سے وہ خود اپنے حوالے سے بھی آگاہ ہے۔دوسرے لفظوں میں اسے لازماً اس بات کا یقین ہوگا کہ اس کا نصب العین خودشعوری کا حامل ہے یا ایک ایسی شخصیت ہے جو سنتی ہے‘ دیکھتی ہے‘ جانتی ہے‘ ادراک کرتی ہے‘ محسوس کرتی ہے‘ محبت کرتی ہے اور ردّعمل کا اظہار کرتی ہے۔ انسانوں کے اس جہاں میں اس کے پیشِ نظر حاصل کرنے کے لیے ایک مقصد ہے اور اس کے پاس اتنی طاقت ہے کہ اس مقصد کے لیے کام کرے اور اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہو۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے اس بات کا یقین ہوگا کہ اس کے نصب العین کی کچھ پسند وناپسند ہیں اور اس میں اتنی طاقت ہے کہ جس چیز کو وہ پسند کرتا ہے اس کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرے اور جس چیز کو ناپسند کرتا ہے اس کی حوصلہ شکنی کرے اور اسے نیست و نابود کر دے۔ اپنی اعانت کرنے والوں اور محبت کرنے والوں کو انعام و اکرام سے نوازے اور  اپنے دشمنوں اور مخالفین کو سزا دے۔ مختصر یہ کہ اس کے اندر محبت اور نفرت کی تمام خصوصیات ہوتی ہیں اور اپنے مقصد کے حصول کے لیے ان کا عملی مظاہرہ (بھی) کر سکتا ہے۔ اگر کسی شخص کے نصب العین میں ان میں سے کسی بھی خصوصیت کی کمی ہے اور وہ اس بات سے آگاہ ہو جاتا ہے تو (پھر) اس کے لیے اپنے نصب العین کی مزید فرماں برداری اور اس سے محبت ناممکن ہو جاتی ہے۔
محبّت ہمیشہ محبوب کی خدمت میں لگے رہنے کی خواہاں ہوتی ہے۔ اس قسم کے عمل کا مقصد محبوب کو راضی کرنا نیز محبوب کا قرب یا خوشنودی پانے کی تسکین حاصل کرنا ہوتا ہے۔ نصب العین سے محبت کرنے کا مطلب اس کے لیے جدوجہد کرنے‘ اس کی فرماں برداری کرنے اور اس تک زیادہ سے زیادہ رسائی پانے کے سوا کچھ نہیں۔ تاہم اگر انسان جس نصب العین سے محبت کرتا ہے اس کی کوئی پسند و ناپسند نہیں‘ صحیح اور غلط کے مابین امتیاز کرنے کا کوئی معیار نہیں یعنی انسانوں کے اس جہاں میں اس کے پیشِ نظر کوئی ایسا مقصد نہیں کہ جس کی تکمیل میں اس کا چاہنے والا اس کے ساتھ تعاون کرے تو پھر اسیرِ محبت کو کیسے معلوم ہو سکتا ہے کہ اس (نصب العین) کی خدمت بجا لانے کے لیے اسے کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے؟ انسان چاہتا ہے کہ اپنے نصب العین کے حضور میں عمل (سے اپنی محبت کا اظہار) کرے اور یہ (بھی) جاننا چاہتا ہے کہ وہ کیسے عملی طور پر (اپنی محبت کا اظہار) کرے۔ وہ ایسی محبت سے مطمئن نہیں ہو سکتا جو عمل میں نہیں ڈھل سکتی۔ اگر وہ یہ سوچتا ہے کہ اس کا نصب العین سن نہیں سکتا‘ دیکھ نہیں سکتا‘ محسوس نہیں کر سکتا‘ ادراک نہیں کر سکتا‘ سمجھ نہیں سکتا اور نہ اس کی خدمت پر کسی تاثر کا اظہار کر سکتا ہے تو اسے اپنے اعمال سے کوئی تسکین حاصل نہیں ہوگی اور نہ اس کے پاس ان اعمال پر مسلسل کاربند رہنے کی کوئی ترغیب ہوگی۔ جیسے کہ انسان (عموماً) خیال کرتا ہے ‘تاہم سچ پوچھیے تو نیکی کبھی اپنا انعام خود نہیں ہوتی۔ نیکی کا صلہ ہمیشہ یہ     خوش آئند احساس ہوتا ہے کہ اس کا نصب العین اس سے (اس نیکی پر) راضی ہے‘ وہ نصب العین جسے وہ ہمیشہ ایک شخص یا شخصیت کے طور پر تصور کرتا ہے۔
(ھ) اس کا نصب العین قدرتِ کاملہ کا حامل ہے۔
اگر یہ قدرتِ کاملہ کا حامل نہ ہو تو اپنے چاہنے والوں کو انعام اور دشمنوں کو سزا دینے کا اہل نہ ہوگا اور وہ محسوس کرے گا کہ اس نصب العین سے محبت کرنا اور اس نصب العین کی فرماں برداری کرنا ایک فضول کام ہے۔ وجہ یہ ہے کہ جب وہ اپنے نصب العین کی منشا کے مطابق دنیا کو بدلنے کی بھرپور مساعی کرے گا تو اس کے مخالفین اس کی کوششوں کو ملیامیٹ کر دیں گے اور جو کچھ وہ بنائے گا اسے بلاخوف و خطر آسانی سے بگاڑ دیں گے۔ اس طرح کی صورت حال میں وہ محسوس کرے گا کہ اس کا نصب العین کمزور اور بے بس ہے جو اس کی محبت اور وابستگی کے قابل نہیں۔
(و) اس کا نصب العین تمام اخلاقی خوبیوں یا خیر کی صفات کا بدرجۂ اَتم مالک ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے وہم و خیال میں بھی نہیں آنا چاہیے کہ اس کے نصب العین میں ان صفات میں سے کسی صفت کی کمی ہے یا ان میں سے کوئی صفت بدرجۂ اَتم موجود نہیں۔ اگر ایسا ہو تو وہ اسے ایک نقص یا عیب تصور کرے گا اور یقینی طور پر اس سے محبت کرنا چھوڑ دے گا۔ انسان (فطری لحاظ سے) بنا ہی کچھ ایسا ہے کہ وہ اخلاقی خوبیوں کو لائقِ محبت‘ قابلِ ستائش اور دل پذیر خیال کرتا ہے۔ نیکی‘ جیسے کہ ہم جانتے ہیں‘ صداقت کی طرح حسن ہی کا ایک پہلو ہے۔
(ز)   اس کا نصب العین بے مثل ہے اور اس کی صفات میں کوئی شریک نہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر وہ یہ خیال کرتا ہے کہ کوئی اور نصب العین (بھی) ہے جو اس (کے نصب العین) کی خوبیوں میں شریک ہے تو وہ بہ یک وقت دو نصب العینوں سے یکساں طور پر محبت کرنے پر مجبور ہوگا ‘لیکن اس کے لیے فطرتاً ایسا کرنا ناممکن ہے۔ درحقیقت اس طرح کی صورت حال میں وہ پوری دل جمعی کے ساتھ نہ ایک نصب العین کی خدمت اور اس سے محبت کر سکے گا اور نہ دوسرے سے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سوچے گا کہ اگر وہ اپنی محبت اور خلوص سے ایک نصب العین کی محبت پانے میں کامیاب نہیں ہو سکا تو دوسرے کی محبت پا لے گا۔
(ح) تمام مخلوقاتِ عالم اس کے نصب العین کے مقصد کے تابع ہیں ۔
ایسا ممکن نہیں ہے جب تک کہ اسے اس امر کا یقین نہ ہو کہ اس کا نصب العین خود کائنات کا تخلیق کرنے والا اور ناظم ہے اور ان دو صفات کے ساتھ وابستہ تمام خوبیوں کا مالک ہے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو کائنات میں مادی‘ حیاتیاتی اور نفسیاتی سطح پر کارفرما قوانین یعنی اس صورت میں وہ قوانین جو اس کے نصب العین کی تخلیق نہیں ہوں گے‘  اس کے نصب العین کے اور اس کے اپنے عمومی مقصد سے متصادم ہو جائیں گے اور نہ وہ خود اور نہ ہی اس کا نصب العین اس مقصد کو حاصل کرنے کا اہل ہوگا۔ مزید برآں اگر وہ اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ کائنات بشمول اس کے اپنی ذات کے خودبخود وجود میں آ گئی ہے اور اس کے نصب العین کے اختیار میں نہیں ہے تو وہ محسوس کرے گا کہ اس کا نصب العین اس سے کمتر ہے یا زیادہ سے زیادہ اس کے برابر ہے اور اس وجہ سے وہ اس نصب العین سے محبت کرنے‘ اس کی تعریف کرنے‘ اس کی عزت کرنے اور اس کی خدمت کرنے کی فطری خواہش محسوس نہیں کرے گا۔
حسن اور کاملیت کی ان نمایاں خوبیوں کے ساتھ بے شمار دیگر خوبیاں (بھی) وابستہ ہیں جنہیں اِسی طرح تفصیل کے ساتھ بیان کیا جا سکتا ہے۔
یہ ایسی خوبیوں کا حامل نصب العین ہے جو حسن کے لیے ذات کی رغبت کی مکمل طور پر تشفی کر سکتا ہے؛ جو روحانی‘ ذہنی‘ اخلاقی اور جمالیاتی تجربات کو لغزشوں سے بچا سکتا ہے؛ جو جہالت‘ بداخلاقی‘ افسردگی‘ غم‘ پریشان حالی اور اعصابی خلل سے بچا سکتا ہے؛ جو ذات کو اپنے تمام نفسیاتی امکانات کو بروئے کار لانے کے اہل بنا سکتا ہے‘ نیز تعلیمی لحاظ سے بھرپور حد تک نشوونما پانے میں مدد کر سکتا ہے۔ چوں کہ ان خصوصیات سے محبت کرنا انسان کی فطرت میں ہے اس لیے وہ ان سے جس قدر زیادہ محبت کرتا ہے اسی قدر زیادہ وہ اپنی محبت سے تشفی پاتا ہے۔ چوں کہ ذات اس قسم کے نصب العین کے حسن میں مستغرق ہوتی ہے اس لیے وہ بغیر کسی رکاوٹ یا ذہنی تحفظ کے بھرپور اور آزادانہ طریقے سے اس نصب العین کی ستائش‘ عزت اور خدمت کرنے کے اہل ہوتی ہے اور وہ لطف و سرور جو ذات اس حسن میں محویت سے حاصل کرتی ہے‘ مسلسل بڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ انسان اپنی بھرپور حد تک نصب العین سے زیادہ سے زیادہ محبت کرنا شروع کر دیتا ہے اور اس کی ذات فطری لحاظ سے پوری طرح توانا اور صحت مند ہو جاتی ہے۔ اس نوع کے نصب العین کی خصوصیات اس قدر حقیقی‘ ذات کے لیے اس قدر دلکش اور اس کی فطرت کے لیے اس قدر قابلِ قبول ہوتی ہیں کہ جب یہ (ذات) ان (خصوصیات) کے حسن پر غور کرتی ہے تو ان کی تعریف و توصیف میں ڈوب جاتی ہے اور اسے وقتی طور پر یوں لگتا ہے کہ جیسے وہ نصب العین کے ساتھ یک رنگ ہو گئی ہے۔ نتیجتاً ذات ان خصوصیات کو زیادہ سے زیادہ اپنے آپ میں اتارنا‘ جذب کرنا‘ قبول کرنا اور ان خصوصیات کی جھلک دکھانا شروع کر دیتی ہے۔ یوں یہ نہ صرف اس طرح کے نصب العین کے حسن سے لطف اندوز ہوتی ہے بلکہ اس کے حسن کو اپنے تن بدن کا حصہ بنا لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس قسم کا نصب العین ذات کو اس اہل کر دیتا ہے کہ اپنی بھرپور حد تک نشوونما پائے۔
جب جسم کو بالکل صحیح خوراک ملتی ہے تو اس کی نشوونما کے لیے معیّن تمام حیاتیاتی تقاضے صحیح طور پر کام کرتے ہیں اور ان کی فعالیت حقیقتاً جسم کی نشوونما میں معاون ہوتی ہے۔ اسی طرح جب ذات کسی کامل نصب العین سے محبت کر رہی ہوتی ہے تو اس کی نشوونما کے لیے معیّن تمام نفسیاتی تقاضے مثلاً علم کی طلب‘ اخلاقِ حسنہ کی طلب اور فنونِ لطیفہ کی طلب‘ صحیح طریقے سے کام کرتے ہیں اور ان کی فعالیت حقیقتاً ذات کی نشوونما میں معاون ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس صورتِ حال میں فرد کی ذہنی‘ اخلاقی‘ روحانی اور جمالیاتی سرگرمیاں اپنی فطری راہ پر چلتی ہیں۔ دوسرے لفظوں میں اس صورتِ حال میں اس کی ذہنی‘ اخلاقی‘ روحانی اور جمالیاتی سرگرمیاں درحقیقت صداقت‘ خیر اور حسن کی عملی صورتیں ہیں۔ فرد علم‘ عادات‘ مہارتوں‘ رویوں‘ پسند و ناپسند‘ امیدوں اور آرزوؤں‘ اغراض و مقاصد‘ عقائد و معیارات‘ خیالات و تصورات‘ نیز خواہشات و میلانات کا ایسا قرینہ حاصل کر لیتا ہے جو حسن‘ خیر اور صداقت کی خصوصیات سے مکمل طور پر ہم آہنگ اور یوں ایک پڑھے لکھے آدمی کے شایانِ شان ہوتا ہے۔ وہ بہترین اور بلندترین خوبی کا حامل کردار پیدا کرتا ہے۔ وہ نہایت مطمئن‘ نہایت مستحکم اور کامل شخصیت کا حامل ہوتا ہے۔
  یوں ایک ایسی ہستی کے واقعتاً وجود کا عقیدہ جو اوپر بیان کردہ کامل نصب العین کی تمام خصوصیات کی حامل ہو‘ انسان کی حیاتیاتی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس عقیدے پر جسے عام طور پر وجودِ باری تعالیٰ کا عقیدہ کہتے ہیں‘ ازمنۂ قدیم سے پوری دنیا کے انسان بہت بڑی تعداد میں یقین رکھتے ہیں۔ جو لوگ عموماً وجودِ باری تعالیٰ کے انکاری ہیں‘ بعض اوقات وہ بھی اس پر اپنے عقیدے کا اظہار کیے بغیر نہیں رہتے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ درحقیقت ان کے دل کے مرکز میں (بھی) یہ عقیدہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔ چنانچہ اوپر ہم جس نتیجے پر پہنچے ہیں یعنی یہ کہ کامل نصب العین کی طلب تعلیمی نشوونما کا فطری تقاضا ہے‘ اسی نتیجے کو دوسرے طریقے سے یوں بیان کیا جاسکتا ہے کہ بچے کی بہترین اور اعلیٰ پایہ کی تعلیمی نشوونما صرف اسی صورت ممکن ہے کہ اس کا رخ خدا کے تصور کی جانب ہو اور یہ کہ یہ تصور معلم کا ایسا نصب العین ہو جسے وہ اپنے شاگردوں کی تعلیم کے کسی بھی مرحلے پر نظر انداز نہ کرے ‘ورنہ شاگردوں کی تعلیمی نشوونما کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ معلم کا خدا کے تصور سے خالی رویہ اس کے شاگردوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جس طرح خوراک کے لیے جسم کی خواہش ناقابلِ مزاحمت ہے اسی طرح ذات کی نصب العین کے لیے خواہش ناقابلِ مزاحمت ہے۔ لہٰذا اگر معلم اس بات کی کوشش نہیں کرتا کہ خدا کے تصور کو اپنے شاگرد کی زندگی کی سرگرمیوں کے تعین میں ایک فیصلہ کن قوت بنائے تو پھر یقیناً وہ اس (تصورِ خدا) کی جگہ اپنے شاگرد کو کوئی بُرا متبادل دے گا۔ کسی معلم کے لیے یہ ممکن نہیں کہ تعلیم کے معاملے میں نظریاتی طور پر غیرجانب دار رہے۔ اگر کوئی فرد ایسی خوراک حاصل نہ کر سکے جو غذائی اہمیت کے نقطۂ نظر سے‘ نیز حیاتین اور نمکیات کی صورت میں اپنے اجزاء کے حوالے سے ‘بالکل ٹھیک ہو تو وہ دستیاب ہونے والی کوئی بھی خوراک کھاکر اپنی بھوک مٹا لیتا ہے‘ پھر رفتہ رفتہ اسی کو پسند کرنے لگتا ہے اور اسی میں اسے لطف اور مزہ آنے لگتا ہے۔ اسی طرح سے اگر ایک فرد کسی ایسے نصب العین کے حسن کو محسوس نہیں کر پاتا اور اس کا اسے تجربہ نہیں ہوتا جو تعلیمی قدروقیمت‘ حسن کی خوبیوں نیز کاملیت کے اعتبار سے پورا ہو تو وہ حسن کے لیے اپنی رغبت کی تشفی کی خاطر کسی بھی ایسے تصور کو اپنے نصب العین کے طور پر اپنا لیتا ہے جس کے حسن کو وہ محسوس کر پاتا اور عملی طور پر اسے دیکھ لیتا ہے ‘اس حقیقت سے قطع نظر کہ اس میں واقعی حسن کی خوبیاں ہیں یا نہیں۔ وہ غلط طور پر اس تصور کے ساتھ حسن‘ خیر اور صداقت کی خوبیاں منسوب کرتا ہے تاکہ اپنی فطرت کے بہت طاقت ور اور ناقابلِ مزاحمت فطری تقاضے کی تشفی کر سکے۔
اُس کے معاملے میں ہوتا یہ ہے کہ اسے حسن کی کچھ خوبیاں اپنے نصب العین میں واضح طور پر نظر آتی ہیں۔ چنانچہ وہ اس سے مکمل طور پر محبت کرنے لگتا ہے تا کہ حسن کے لیے اپنے اُس فطری تقاضے کی تشفی کر سکے جو ایک ایسا کلی حسن پر مبنی نصب العین چاہتا ہے جس سے پوری طرح محبت کی جائے۔ ایسا کرتے ہوئے وہ غیرشعوری طور پر حسن کی وہ بقیہ صفات بھی جو اس کو نظر نہیں آتیں ‘نصب العین کے ساتھ منسوب کر دیتا ہے‘ تاکہ اُس کی اُس خودفریبی کی تکمیل ہو جائے جو اُس پر کسی نصب العین سے محبت کرنے کا فطری تقاضا مسلط کرتا ہے۔ وہ اپنے آپ کو یہ یقین کرنے پر مجبور کرتا ہے کہ اس کے نصب العین میں یہ خوبیاں پائی جاتی ہیں اور وہ یہ بات بخوشی ماننے کو تیار ہوتا ہے کہ اپنے عقیدے کو تنقیدی نظر سے نہ دیکھے اور اس بات کا جائزہ نہ لے کہ آیا یہ بات درست بھی ہے یا نہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس کا نصب العین کیا ہے۔ یہ کوئی پتھر‘ دریا‘ درخت‘ بت‘ قوم‘ نسل‘ رنگ‘ ملک ‘ نظریہ‘ مذہب‘ مسلک یا کوئی کسی نوع کا نظامِ حکومت بھی ہو سکتا ہے۔ (جو بھی ہو‘ اصل بات یہ ہے کہ) اس کا اس کے حوالے سے رویہ ایسا ہوتا ہے کہ جیسے وہ ایک ایسا شخص ہے جو زندگی‘ طاقت‘ حسن‘ خیر اور صداقت کی تمام خوبیوں سے متصف ہے۔ یہی وہ بات ہے جس سے اس کے لیے یہ ممکن ہو جاتا ہے کہ مکمل دل و جان کے ساتھ نصب العین کی خدمت کرے اور اس سے محبت کرے‘ مگر چوں کہ وہ نصب العین جس سے وہ یوں محبت کرنا شروع کر دیتا ہے حقیقتاً حسن‘ خیر اور صداقت کی خوبیوں کا مالک نہیں ہوتا اس لیے یہ نصب العین حسن اور کاملیت کے اوپر بیان کردہ مختلف پہلوؤں میں سے کسی بھی پہلو کے حوالے سے اس کے فطری تقاضے کا اظہار اور تشفی نہیں کر پاتا۔ لہٰذا اِس کی غلط محبت کی طاقت صداقت‘ خیر اور حسن کے حوالے سے اس کی فکرونظر کو مسخ کر دیتی ہے ۔ اس کی روحانی‘ ذہنی‘ اخلاقی اور جمالیاتی فہم و بصیرت کا حلیہ بگاڑ دیتی ہے۔ مثال کے طور پر وہ آزادانہ اور بھرپور طریقے سے اپنے نصب العین کی تعریف اور احترام نہیں کر سکتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اس نصب العین کے احترام اور تعریف میں سے حسن کی ان خوبیوں کو منہا کرنے پر مجبور ہوتا ہے جو اس کو نظر نہیں آتیں اور جو وہ نصب العین کے ساتھ غیرشعوری طور پر منسوب کر دیتا ہے۔ چوں کہ نصب العین غلط ہوتا ہے اس لیے بہت سے مسلّمہ صداقت پر مبنی حقائق اس سے ہم آہنگ دکھائی نہیں دیتے جبکہ بہت سے خلافِ واقعہ حقائق اس سے ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔ اس نصب العین کا پرستار نصب العین سے ہم آہنگ نہ دکھائی دینے والے بہت سے صداقت پر مبنی حقائق کو جھوٹ سمجھتا ہے اور نصب العین سے ہم آہنگ دکھائی دینے والے بہت سے خلافِ واقعہ حقائق کو سچ سمجھتا ہے۔ اپنے نصب العین سے مطابقت نہ رکھنے والے حقیقتاً اخلاقی اعمال اسے غیراخلاقی دکھائی دیتے ہیں اور اپنے نصب العین سے مطابقت رکھنے والے حقیقتاً غیراخلاقی اعمال اسے اخلاقی دکھائی دیتے ہیں۔ اس طرح وہ صور و اشکال جو حقیقتاً بدنما ہیں تاہم اس کے نصب العین کے مناسب حال ہیں تو وہ اسے خوبصورت دکھائی دیتی ہیں اور وہ صور و اشکال جو حقیقتاً خوبصورت ہیں مگر اس کے نصب العین سے ہم آہنگ نہیں تو وہ اسے بدنما دکھائی دیتی ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ اس کی شخصیت کی مکمل طور پر نشوونما ہونے سے بہت پہلے ہی اس کی نشوونما کا عمل سست ہوتے ہوتے (بالآخر) رک جاتا ہے۔ چنانچہ اس کی شخصیت کوتاہ قامت اور پوری طرح سے نشوونما سے محروم رہ جاتی ہے۔ وہ علم‘ عادات‘ مہارتوں‘ رویوں‘ پسند و ناپسند‘ امیدوں اور آرزوؤں‘ اغراض و مقاصد‘ معیارات و خیالات‘ خواہشات و میلانات اور عقائد و تصورات کا ایک ایسا نمونہ وضع کرتا ہے جو اس کے غلط نصب العین کے ساتھ تو ہم آہنگ ہوتا ہے مگر حسن‘ خیر اور صداقت کی خوبیوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں ہوتا؛ اسی لیے وہ ایک پڑھے لکھے آدمی کے شایانِ شان نہیں ہوتا۔ اس کی شخصیت اپنی نشوونما میں ایک کامل اور پوری طرح سے نشوونما یافتہ شخصیت کے مثالی نمونے کی راہ سے جس قدر ہٹ جاتی ہے اُسی قدر اس کا نصب العین کامل نصب العین کے مثالی نمونے کی راہ سے ہٹ جاتا ہے۔
جس طرح ناقص خوراک جسم کی ناقص نشوونما کا باعث بنتی ہے اسی طرح ایک غیرکامل نصب العین‘ چاہے اس کا کوئی پرستار خام خیالی کے باعث اس کی کتنی ہی تعریف کیوں نہ کرے‘ اس کی شخصیت کی نامکمل نشوونما کا باعث بنتا ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جب کوئی فرد اپنے حالات سے مجبور ہو کر مسلسل ایسی خوراک کھاتا ہے جو خراب اور گھٹیا ہو اور مطلوبہ غذائی اجزاء کی حامل نہ ہو تو اپنی بھوک کی وجہ سے اسے اس میں مزہ آتا ہے اور اسی کے ذائقے کا ذوق پیدا کر لیتا ہے۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ خوراک اسے بھرپور حد تک جسمانی نشوونما کے قابل کر سکے۔ اسی طرح سے جب ایک شخص اپنے حالات ( علم کی کمی اور غیراطمینان بخش تعلیمی ماحول ) سے مجبور ہو کر ایک ایسے نصب العین سے محبت کرنے لگتا ہے جو غلط اور گھٹیا ہے اور حسن کی مطلوبہ خوبیوں کا حامل نہیں تو بلاشبہ وہ حسن کے لیے اپنے فطری تقاضے سے مجبور ہو کر اس نصب العین کی خلوصِ نیت کے ساتھ تعریف کرنے کی عادت بنا لیتا ہے۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ نصب العین اُسے اپنی شخصیت کی بھرپور حد تک نشوونما کرنے کے قابل بنا سکتا ہے۔ وہ معلم جو اپنے شاگرد کی کامل تعلیمی نشوونما کا خواہش مند ہے‘ اپنے مقصد میں اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک وہ خدا کے نصب العین کو اپنے تعلیمی نظام کے رگ و پے میں شامل نہیں کرلیتا۔
بدقسمتی سے عصر حاضر میں جدید ماہرینِ تعلیم خدا کے تصور کوبہت زیادہ نظرانداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے ابھی تک یہ محسوس نہیں کیا ہے کہ یہ تصور انسان کی ایک ایک رغبت کی تشفی کے لیے ضروری ہے اور یہ اس کی تعلیمی نشوونما کے لیے اتنا ہی ضروری ہے جتنی کہ خواک اس کی جسمانی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔ ماہرینِ تعلیم کی اس مخالفت کی وجہ انسانی وجود کی کسی روحانی تعبیر کے خلاف ‘انسانی فطرت اور انسانی سرگرمی کا مطالعہ کرنے والے جدید اہل علم حضرات کا نہایت گہرا اور بہت وسیع سطح پر پھیلا ہوا‘ وہ تعصب ہے جسے عموماً عقلی اور سائنسی ذہنی رویے کا نام دیا جاتا ہے۔اُن کا خیال ہے کہ انسانی فرد کی کوئی بھی ایسی تعبیر علمی لحاظ سے معتبر نہیں ہو سکتی جو میکانکی اور غیر مذہبی نہ ہو۔ اگر کوئی ایسے حقائق سامنے آتے ہیں جو انسان کو روحانی نقطۂ نظر سے دیکھنے کی حمایت کرنے والے ہوں تو اُن کا تعصب شعوری یا غیر شعوری طور پر اِن حقائق کی غلط تشریح و توضیح کرنے پر مُصِر ہوتا ہے۔ اُن پر اِس خوف کا غلبہ ہوتا ہے کہ اگر اُنہوں نے خدا کے تصور کو انسانی سرگرمی کے تعلیمی مباحث میں شامل ہونے کی اجازت دے دی تو یہ مباحث غیر سائنسی ہو جائیں گے۔
یورپی تاریخ میں بے شمار واقعات نے اس تعصب کے پیدا کرنے اور اسے آج تک جاری رکھنے میں حصہ ڈالا ہے۔ اس تعصب نے مذہب کے خلاف ردّ ِعمل کے طور پر جنم لیا۔ اس کے پیداکرنے میں کلیسا کی طرف سے ذہنی آزادی پر تعزیر و جبر‘ کلیسائی عدالتوں کے ظلم نیز کلیسا اور ریاست کے مابین اُن طویل اور تلخ فسادات کا حصہ ہے جن کے نتیجے میں آخرکار (کلیسا اور ریاست ) دونوں کی علیحدگی ہوگئی۔ ایک دفعہ جب مذہب سیاست سے علیحدہ ہو گیا تو پھر یہ توقع ختم ہو گئی کہ یہ فرد اور سماجی طبقے کی زندگی کے کسی اہم پہلو پر اپنی گرفت رکھ سکے۔ نتیجہ نہ صرف فرد اور سماجی طبقے کی سیاسی سرگرمی کی لادینیت کی صورت میں نکلا بلکہ دونوں کی قانونی‘ معاشی‘ سماجی‘ تعلیمی اور علمی سرگرمیوں کی لادینیت کی صورت میں بھی برآمد ہوا۔ انیسویں صدی کے اُن ماہرین طبیعیات کے رویے سے اس تعصب کو مزید تقویت ملی جو اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ مادہ ایک حقیقت ہے۔ یہ عموماً خیال کیا جانے لگا تھا کہ کائنات ایک مشین کی مانند ہے جو خود اپنے قوانین سے چلتی ہے اور اسے کام کرنے کے لیے کسی خارجی سہارے کی ضرورت نہیں۔ مذہب اور سائنس کے مابین کوئی قدرِ مشترک نہیں۔ روئے زمین پر مذہب کا انسانی زندگی سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ آئندہ زندگی (حیات بعد الموت) کی بہتری کے لیے ہے جب کہ علم و حکمت اور سائنس کی ضرورت اس زندگی کی بہتری کے لیے ہے۔ مذہب غیرمنطقی اور غیراستدلالی ہے اور ایک ایسی دنیا سے متعلق بحث کرتا ہے جو نظروں سے اوجھل ہے۔ اس کے برعکس سائنس کے حاصلات کی بنیاد عقل‘ فہم و فراست‘ مشاہدہ اور تجربہ ہیں۔ خدا کے ذکر کو علمی استدلال کا حصہ بنا کر پیش کرنا علمی استدلال کی منطقی نوعیت کو تباہ کر دینے کے مترادف ہے۔ اس سے گفتگو مذہب کے دائرے میں داخل ہو جاتی ہے جو بے دلیل ایمان‘ تعصب اور علمی غلامی پر زور دیتا ہے۔
آخرکار ڈارون کے تصورِ ارتقا نے خدا اور مذہب کے خلاف تعصب کو ایک علمی اور منطقی نقطۂ نظر کا مقام و مرتبہ عطا کر دیا اور (اس تعصب کو) سائنسی تصور کی بنیاد بنا دیا۔ ڈارون خود انیسویں صدی کی بے روح اور بے لچک میکانکیت اور مادیت کے حامل علمی ماحول کی پیداوار تھا۔ اس نے (کائنات میں جاری و ساری عمل) ارتقا اور (روئے ارض پر) انسان کے ظہور کی تشریح و توضیح یوں کی کہ یہ سب کچھ قدرت کی بے پروا قوتوں کے اندھادھند اور اتفاقیہ کھیل کا نتیجہ ہے جس کو اس نے جہد للبقاء (Struggle for Existence)‘ فطری انتخاب (Natural Selection) اور بقائے اَصلح (Survival of the Fittest) کی اصطلاحات میں بیان کیا۔ اس کے خیال میں یہ محض ایک اتفاق تھا کہ انسان عقل‘ ضمیر اور تخیل جیسی خصوصیات کا مالک بن گیا اور مذہب‘ اخلاقیات‘ سیاست‘ تعلیم‘ قانون‘ فنونِ لطیفہ‘ سائنس اور فلسفہ دانی جیسی سرگرمیوں کے مزے لینے لگا۔ یہ بھی ہو سکتا تھا کہ آج جو وجود انسان کی صورت میں ہے وہ کسی گندی نالی میں رینگتا ہوا کیڑا ہوتا۔
اس مرحلۂ زمانی پر انسان اور کائنات کے وجود کی توضیح کرنے والا ایک ایسا نظریہ ہاتھ آگیا جو کسی بنیادی روحانی سہارے کے بغیر ہر اس قانون کی وضاحت کر سکتا تھا جو کائنات میں کارفرما ہے۔ یہ نظریہ انیسویں صدی کی مادیت کے ماحول اور مذہب سے نفرت کی فضا کے ساتھ بے انتہا موافقت رکھتا تھا۔ چنانچہ اس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ اس نظریہ کو ڈارون کے اپنے زمانے کی علمی دنیا نے قبولیت ِعام کا شرف بخشا اور اُس وقت سے آج تک اس نظریے کا علم کے تمام شعبوں کی ترویج و ترقی پر نہایت گہرا اثر ہے۔ یہ بات یقینی ہے کہ ہر مظہر ِ فطرت چاہے اس کا تعلق مادی دنیا سے ہو یا حیات و شعور سے‘ ارتقائی عمل کی اتفاقیہ پیداوار ہے اور اس کی مناسب طور پر توضیح اِس کے اُس نظر آنے والے ماضی قریب کے حوالے سے کی جانا چاہیے جس کا درحقیقت وہ تخلیقی تسلسل ہے۔ چنانچہ اب یہ علمی دنیا کا چلن بن گیا ہے کہ ہر انسانی سرگرمی کی توضیح خدا‘ روح‘ مقصد‘ یا شعور کے حوالے کے بغیر میکانکی انداز میں کی جائے۔انسانی سرگرمی اور انسانی فطرت کے ہمارے ماہرین ِعلم میں سے کسی کو یہ خیال نہیں آتا کہ اگر خدا کا وجود ایک حقیقت ہو اور اگر انسانی شخصیت بنیادی طور پر اُس سے مربوط ہو اور اُس کی مرہونِ منت ہو تو اِس صورت میں اُن کے لیے یہ ممکن نہیں ہو گا کہ وہ کسی بھی انسانی سرگرمی یا انسانی فطرت کی درست اور سائنسی تفہیم حاصل کر سکیں ‘یعنی اس حقیقت کو سمجھے بغیر کہ ہر قسم کی انسانی سرگرمی بلاشبہ انسانی فطرت کا اظہار ہے۔ ایک علمی تصور کے طور پر تصورِ خدا کے خلاف ان کا تعصب اس قدر طاقت ور ہے کہ ان کا دھیان اس امکان کی طرف جاتا ہی نہیں کہ ہو سکتا ہے کہ ان کی انسانی فطرت سے غفلت اس حقیقت کے باعث ہو کہ وہ خدا کے اس تصور کو نظرانداز کر رہے ہیں کہ جو انسان کی فطرت کو سائنسی انداز میں سمجھنے کا واحد حل ہے۔وہ جانتے ہیں کہ انسانی فطرت سے یہ غفلت پوری انسانیت کے لیے اپنے اندر کتنے خطرناک امکانات رکھتی ہے مگر اِس کے باوجود وہ اس بات کے لیے تیار نہیں ہیں کہ اپنے علمی الحاد کی قیمت پر انسانی فطرت کا سائنسی علم حاصل کریں۔ درحقیقت وہ اس بات کا تصور ہی نہیں کر سکتے کہ انسانی فطرت کا کوئی ایسا نظریہ ہو سکتا ہے جو بیک وقت سائنسی بھی ہو اور روحانی بھی۔جب وہ انسانی فطرت سے اپنی غفلت کی شکایت کرتے ہیں تو ان کے ذہن میں یہ ہوتا ہے کہ جب بھی انسانی فطرت کا سائنسی نظریہ دریافت ہوگا تو وہ لادینی اور غیرروحانی ہوگا ‘تاہم ایسا کبھی نہیں ہو سکتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان خود ایک روحانی وجود ہے اور اگر روح واقعتاً وجود رکھتی ہے تو اسے سائنس کو غیرسائنسی اور علم کو جہالت میں بدلے بغیر سائنس اور علم کے دائرے سے باہر نہیں نکالا جا سکتا۔
یہ کہنا درست نہیں کہ جس چیز کا مشاہدہ نہیں کیا جا سکتا اور جس چیز کا تجربہ گاہ میں تجربہ نہیں کیا جا سکتا وہ سائنس کی نظر میں حقیقی نہیں۔ کسی سائنس دان نے آج تک ایٹم کو نہیں دیکھا‘ تاہم سائنس دان کتنا پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ایٹم کا وجود ایک سائنسی حقیقت ہے۔ بدقسمتی سے جب یہی بات تصورِ خدا پر آتی ہے تو انسانی سرگرمی اور انسانی فطرت کا مطالعہ کرنے والے ہمارے دور کےاکثر فلسفی بھول جاتے ہیں کہ سائنسی حقائق دو طرح کے ہیں۔ اول: وہ استخراجات جن کی بنیاد تجربہ اور مشاہدہ ہوتا ہے۔ دوم: وہ مفروضات جو اس نوع کے استخراجات کی توضیح کرتے اور انہیں ایک نظام میں لے کر آتے ہیں۔ انسان اور کائنات سے متعلق فلسفوں میں بہت سے اُن داخلی تناقضات اور بے ضابطگیوں کے باوجود کہ جن سے آج ہم واقف ہیں‘ اس بات کا امکان بہت ہی کم ہے کہ یہ بات (دورِحاضر کے فلسفیوں کی) سمجھ میں آ جائے کہ خدا کا تصور ہی وہ مفروضہ ہو سکتا ہے جو نہ صرف فزکس اور بیالوجی بلکہ نفسیات کے تمام درست استخراجات کی توضیح کر سکتا ہے اور انہیں ایک نظام میں لے کر آ سکتا ہے۔ یوں انسان اور کائنات سے متعلق حقیقی معنوں میں ایک مربوط فلسفہ تخلیق کر سکتا ہے۔ واقعتاً صورتِ حال یہی ہے کہ خدا کا تصور ہی یہ سب کچھ کر سکتا ہے۔ چنانچہ خدا کا تصور دوسرے زمرے کی سائنسی حقیقت ہے؛ وہ دوسرا زمرہ جس سے ایٹم نسبت رکھتا ہے اور ہم انسانی سرگرمی اور انسانی فطرت کے کسی بھی نظریہ کی تشکیل کرتے ہوئے اس بات کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔ تعلیمی نظریہ کی تشکیل کرتے ہوئے تو قطعاًایسا سوچا بھی نہیں جا سکتا‘ سوائے اس کے کہ ہم اس نظریہ کو احمقانہ بنانے پر راضی ہوں۔       (جاری ہے)