مبادی ٔعلمِ کلام (۶)
سعید عبد اللطیف فودہ
ترجمہ : مکرم محمود
اللہ تعالیٰ پر ایمان
ایمان کی تعریف
ایمان قطعیت اور یقین کے ساتھ تصدیق کرنے اورجس بات کی تصدیق کی جارہی ہو اس کے آگے سر ِتسلیم خم کردینے کو کہتے ہیں ۔ اس کی تفصیل یہ ہے کہ ہر انسان اپنی زندگی میں کوئی نہ کوئی فعل انجام دیتا ہے اور اسی طرح خارجی افعال سے متاثر بھی ہوتا رہتا ہے جو اس کی ذات میں تبدیلیوں کا باعث بنتے ہیں ۔ ہر حادِث وجود دوسرے کا اثر قبول کرتا ہے ۔ یہ فعل وانفعال یا تو کسی معیار کے تابع ہوتا ہے یا بغیر کسی میزان کے ہوتا ہے (یعنی انسان کی مکمل آزادی کا تصور) ۔ جس انسان پر اس کی جزوی ‘ زمانی اور مکانی رغبتیں اور خواہشات حاکم ہوں وہ دراصل کسی معیار کے بغیر زندگی گزارہا ہے ۔ جس انسان کی زندگی کسی میزان اور قاعدہ کے تحت ہے درحقیقت وہی عاقل ہے کیونکہ وہ اس کائنات میں اپنے وجود کی حقیقت و مرتبہ پر غوروفکر کرتاہے اور اسی کو عالم اکبر (کائنات ) کی صورت اجمالی طور پرحاصل ہے ۔ یہ اجمالی صورت اس بات کے لیےکافی ہے کہ وہ اپنی توجہ ایک معیّن راستے پر مرکوز رکھے ۔ وہ ان جزوی معاملات پر اعتماد نہیں کرتا جن میں آپس میں کوئی ربط وضبط نہیں ہوتا جبکہ اکثر انسانوں کا طرزِعمل یہی ہوتا ہے۔ ایسا انسان کائنات کی حقیقت پر غوروفکر کرتا ہے اور یہ جان لیتا ہے کہ وہ اس کا ایک چھوٹا سا جزو ہے اور یقیناً باقی کائنات کے دوسرے مظاہر سے ایک تعلق رکھتا ہے ۔ جوعمل اس سے صادر ہوتا ہے وہ دوسروں میں اثر کرتا ہے ‘جس طرح دوسرے جوعمل کرتے ہیں یہ ان سے متاثر ہوتا ہے ۔ دین کے حقائق اورمفاہیم اس کی ذات کا حصہ بن جاتے ہیں اور ایسی کیفیات بن جاتے ہیں جو اس کی ذات سے کبھی الگ نہیں ہوتیں ۔ یہ ان حقائق اور مفاہیم کے تقاضے کے مطابق ایک کامل مؤمن بن جاتا ہے ۔
پانی جو کہ زندگی کی اساس ہے‘ جب اپنے کسی معین راستے پر بہ رہا ہوتا ہے تو راستے میں پتھروں اور مٹی کے تودوں کی صورت میں رکاوٹیں آتی ہیں ۔ اگر وہ رکاوٹیں پانی کا راستہ روکنے پر قادر نہ ہوں تو پانی ان کو اٹھا کر راستے سے دور پھینک دیتا ہے اور پاش پاش کردیتا ہے ۔ ان سے وجود کی نعمت چھین لیتا ہے جو ان کو پہلے حاصل تھی۔ اسی طرح مؤمن کا معاملہ ہے کہ جب وہ رکاوٹیں اس کا راستہ روکنے کی کوشش کرتی ہیں تو یا تو وہ ان سے وجود چھین لیتا ہے (یعنی انہیں پاش پاش کردیتا ہے ) یا اپنی حرکت اور عمل کے لیے معین و مددگار بنالیتا ہے۔
انہی اصولِ اخلاق پرمؤمن اپنی زندگی بسر کرتا ہے ۔وہ اپنی اس وجودی حرکت پر سمجھوتا کرتے ہوئےکسی کے ساتھ نرمی اور ملاطفت کا معاملہ نہیں کرتا کہ یہ تو گویا اپنے آپ کو معدوم کردینے والی بات ہے ۔ اس کی ذات ان رکاوٹوں اوراس طرح کے دوسرے معاملات سے افضل ہے ۔ جب بھی تعارض ہوگا تو دوسرے کا زوال اور مؤمن کی بقا لازمی ہے تاکہ توحید کا اتمام ہوجائے اور کائنات اپنی وحدانی ہم آہنگی کو پالے ۔ کوئی گمان کرنے والا اس بات کو ایک شاعرانہ اظہار نہ سمجھ لے بلکہ یہ بیانِ حقیقت ہے ۔
ایمان اور عمل
ایمان تصدیق ِقلبی کا نام ہے ؛ جن مفاہیم اور حقائق کی تصدیق کی جارہی ہے ان کو قبول کرنے ‘ ان کے آگے سرِ تسلیم خم کرنے اور ان کے اور ان کے نازل کرنے والے کے سامنے جھک جانا بھی ایمان میں شامل ہے ۔ ایمان کا ہونا کسی بھی ظاہر عمل (کی قبولیت ) کے لیے شرط ہے ۔ ایمان کے بغیر گویا اعمال کا وجود ہی نہیں‘ کیونکہ مشروط کا کارگر ہونا شرط پر مبنی ہے۔ کسی بھی شے کے بغیر کسی اثراورمقصد کے ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ یہ بات حکمت کے خلاف ہے ۔
مؤمن جو بھی عمل کرتا ہے یہاں تک کہ اس کا زبان سے یہ کہنا بھی کہ میں مؤمن ہوں ‘ حقیقت ِایمان کے ہونے پر ہی معتبر قرار پاتا ہے ۔ ہر مؤمن کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی زبان اور ذات سے اپنے مؤمن ہونے کا برملا اظہار کرے ۔ اگر وہ ایسا نہیں کرے گا تو ایمان والوں کو یہ کیسے معلوم ہوگا کہ وہ بھی ان میں سے ہے ‘کیونکہ دل کو چیر کر دیکھنے کی صلاحیت تو بہرحال وہ نہیں رکھتے ۔ چنانچہ اس مؤمن کے لیے ضروری ہے کہ یہ بات وہ ان تک پہنچادے اور اپنی حقیقت ان کے سامنے کھول دے تاکہ توحید کا اتمام ہوسکے‘ ایمان والوں کی وحدت کی حفاظت ہوسکے‘ تصادم کا خاتمہ ہوسکے‘مسلمانوں کے باہمی تعاون میں اضافہ ہو اور مسلمانوں کی اجتماعیت پھل پھول سکے۔
زبان سے ایمان کا اظہار
زبان سے ایمان کے اظہار کی اس غیر معمولی اہمیت کی وجہ سے بعض علماء نے یہ ارشاد فرمایا کہ زبان سے اظہار کرنا ایمان کی حقیقت ہی کا ایک حصہ ہے۔ تحقیقی بات مگر یہ ہے کہ ایمان تو وہی ہے جس کا ہم نے پہلے ذکر کیا (یعنی تصدیق ِقلبی )‘ہاں یہ بات ضرور ہے کہ زبان سے اظہار کرنا ایمان کا لازمہ اورایک بدیہی نتیجہ ہے ۔ اسی لیے محقق علماء یہ کہتے ہیں کہ کسی کے ساتھ مؤمنوں والا یعنی شرعی احکام کے مطابق معاملہ کرنے کے لیے شرط ہے کہ وہ زبان سے ایمان کا اظہارکرے ۔ اعمال بھی ایمان کے ساتھ لزوم(عادی) کا تعلق رکھتے ہیں (یعنی ایمان کی حقیقت میں داخل نہیں) لیکن اعمال کے معاملے میں انسانی ارادہ مؤثر ہوتا ہے ۔ اعمال ہی کی وجہ سے مؤمن ایمان کے درجات میں ترقی کرتا ہے ۔ ایمان شدت اور ضعف کے اعتبار سے کم اور زیادہ ہوتا رہتا ہے‘ یعنی انسان ایمان کی جس کیفیت کا حامل ہوتا ہے اسی میں تبدیلی آتی رہتی ہے ۔ کسی نہ کسی کیفیت کا تو انسان لازماً حامل ہوتا ہے اور وہ اس سے الگ نہیں ہوتی جبکہ اس سے جو اعمال صادر ہوتے ہیں ان کی وجہ بھی اکثر یہی کیفیت ہی ہوتی ہے ۔
عمل کی حقیقت بھی تبھی نصیب ہوتی ہے جب انسان ایمان سے اپنے تعلق اور ربط کو بڑھائے ‘یہاں تک کہ اس کے ادراک کی واحد بنیاد اور مقصد یہ ایمانی کیفیت قرار پائے ۔ اسی لیے ہم یہ بات کرتے ہیں کہ انسان اگر کچھ اعمال (جو اُس کے ایمان کے نتائج ہیں ) کو ترک کردے لیکن ان کو چھوڑنے کو حلال نہ سمجھنا شروع کردے ‘ نہ اس عمل کا حکم دینے والے کے سامنے سرکشی کا مظاہرہ کررہا ہو اور نہ ہی وہ شک میں مبتلا ہو تو وہ دائرہ ایمان سے خارج نہیں ہوتا ۔البتہ اس بات میں تو بہر حال کوئی شک نہیں کہ اس انسان نے اپنے آپ کو ایک بڑے درجے اور کمال سے محروم کردیا ہے جس کے بغیر کُل وجود اور کُل کائنات کے ساتھ وجودی ہم آہنگی کو حاصل نہیں کیا جاسکتا جس میں وہ کُل وجود کا ایسا جزو بن جائے جس میں سے اس کو الگ نہ کیا جاسکے ۔
تکفیرِتارک ِ اظہارِایمان
جہاں تک اُس شخص کا معاملہ ہے جو کسی بھی قسم کا کوئی فعل انجام نہیں دیتا (یعنی جو اُس کے ایمان کو ظاہر کرتا ہو‘ یہاں تک کہ زبان سے کلمہ بھی ادا نہیں کرتا) تو ہم اس پر کفر کا حکم لگاسکتے ہیں‘ بلکہ زیادہ بہتر یہ ہے کہ کہا جائے کہ ہم اس کی تکفیر کرسکتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم اس میں کسی قسم کی کوئی علامت ایمان کی نہیں پاتے ‘لیکن اس کا یہ مطلب نہ سمجھ لیا جائے کہ وہ ابدی جہنمی ہے ۔ کفر کا حکم لگانا ہمارا فعل ہے اور ہمارے افعال ضروری نہیں کہ درست ہوں یا حقیقت کے مطابق ہوں ۔ اس لیے ہم کسی ایسے انسان کی تکفیر بھی (غلطی سے ) کرسکتے ہیں جو دراصل کافر نہ ہو‘ دل سےانقیاد و تصدیق کرتا ہو اوراس وجہ سے آخرت میں دائمی عذاب سے نجات پاجائے ‘ اگرچہ دنیا میں اسے کافر ہی کہا جاتا رہے اور احکامِ کفریہ بھی اس پر لگائے جاتے رہیں ۔
اس کی وجہ یہی ہے کہ دنیا کے معاملات تو ظاہر پر چلتے ہیں تاکہ لوگوں کے امور درست طریقے پر چلائے جاسکیں ۔ اگر ہم ایسے آدمی کے بارے میں بھی مؤمن ہونے کا گمان کرسکتے ہیں جوکسی قسم کا کوئی عمل اہلِ ایمان والا انجام نہیں دیتا تو یہ گمان اس کے ساتھ ہمارے باہمی معاملات میں یقیناً اثرانداز ہوگا ۔ اگر ہم اس احتمال کو(کہ ہو سکتا ہے وہ دل سے مؤمن ہو) ضروری جانتے ہوئے اس کے ساتھ مؤمنین والا معاملہ کریں تو اس میں اور اس کافر میں فرق ہی کیا رہ جائے گا جو اہل ِایمان والا کوئی عمل انجام نہیں دیتا ‘ گناہوں والے اعمال انجام دیتا ہے لیکن کفر کا واضح اظہار بھی نہیں کرتا ۔ ممکن ہے کہ یہ (کافر) کہے کہ میرے اور اس شخص میں تو کوئی فرق نہیں‘ ہاں میں گناہوں والے کام انجام دیتا ہوں مگریہ توتمہارے نزدیک بھی تکفیرکے لیے کافی نہیں ہے ۔ یہ اس کی طرف سے ایسی دلیل ہوگی جس کے ردّ پر ہم قادر نہ ہوں گے ۔
پہلے والے آدمی کے معاملے میں اس سستی سے اس طرح کے مسائل جنم لے سکتے ہیں ‘اس لیے احتیاط کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہم اس پر تکفیر کا حکم لگاتے ہیں اور کفّار کے احکام ہی اس پر جاری کرتے ہیں ۔ یہ طریقہ بہتر ہے اور دوسرے اہل ایمان کی ایمان پر استقامت کے لیے یقیناً زیادہ مددگار ہے ۔
ایمان کے لسانی اظہار کا لزوم
ایک اہم بات ملحوظِ خاطر رہے اور وہ یہ ہے کہ جس پرایمان کو پیش کیا جائے اور وہ دل سے تصدیق کرے لیکن مؤمنوں والا کوئی عمل انجام نہ دے‘ یعنی ہمارے لیے اس میں ایمان کی کسی قسم کی کوئی ظاہری علامت نہ پائی جائے اور وہ (بغیر کسی جبر کے ) زبان سے کلمہ شہادت نکالنے سے انکار کردے‘ تو وہ دنیا اور آخرت دونوں میں کافر شمار کیا جائے گا ۔ اس کا یہ حکم سے انکار کرنا شریعت کے آگے سرکشی کے مترادف ہے ‘ خاص طور پر اس وقت جب اس کے پاس زبان سے اظہار نہ کرنے کا کوئی عذر بھی نہ ہو ۔
کلمہ شہادت ادا کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ وہی الفاظ ادا کیے جائیں جو نصوص میں آئے ہیں بلکہ کوئی بھی الفاظ جو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور سیدنا محمد ﷺ کی رسالت کے اثبات کے لیے کافی ہوں‘ یہاں تک کہ اگروہ عربی جاننے کے باوجود کسی اور زبان میں شہادت دے تو بھی کافی ہے لیکن افضل یہی ہے کہ عربی میں شہادت دی جائے۔ ہمارے علمائے اسلام نے اسی بات کا خاص طور سے اہتمام کیا ہے کہ عقائد کی بنیاد مضبوط دلائل پر رکھی جائے تاکہ ہروہ مسلمان جو اعلیٰ مرتبوں کو حاصل کرنا چاہتا ہو وہ ان دلائل کی معرفت حاصل کرے ۔
دلائلِ وحدانیت ِباری تعالیٰ
انسان پر سب سے پہلا واجب اللہ کی وحدانیت کا علم ہے ۔ علماء نے اس بات کو بہت تفصیل سے ظاہر کیا ہے اور مختلف دلائل اس کے حق میں بیان کیے ہیں ۔ ہم ان میں سے کچھ کا تذکرہ کرتے ہیں : کتاب ‘ سُنّت ‘ اجماع اور عقل سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ایک ہے ۔ قرآن مجید میں ہے :
{فَاعْلَمْ اَنَّهٗ لَآ اِلَّا اللہُ} (محمد:۱۹)
’’جان لو کہ اللہ کے سوا کوئی الٰہ نہیں ہے۔ ‘‘
اس کے علاوہ بہت سی آیات اور سورتوں میں اس کا تذکرہ ہے جو معروف ہیں۔
حدیث میں آتا ہے :
((اُمِرْتُ اَنْ اُقَاتِلَ النَّاسَ، حَتّٰی یَشْھَدُوْا اَنْ لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اَنَّ مُحَمَّدًا رَسُوْلُ اللّٰہِ)) (صحیح مسلم، کتاب الایمان، ح ۱۲۹)
” مجھے لوگوں سے اس وقت تک لڑنے کا حکم ہے جب تک وہ ’’لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اَنَّ مُحَمَّدًا رَسُوْلُ اللّٰہِ‘‘ کی گواہی نہ دینے لگ جائیں۔ ‘‘
اس کے علاوہ بھی بہت سی احادیث ہیں جو خد ا کی وحدانیت پر دلالت کرتی ہیں ۔جہاں تک اجماع کا معاملہ ہے تو وہ اُمّت کا ایک زبان ہوکر یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے جو اکیلا اور یکتا ہے ۔
ادلّہ عقلیہ
برہانِ تمانع یا برہانِ تطارد کا بیان : اگر ہم دو خدا فرض کریں تو ان کے درمیان ”تمانع ‘‘ممکن ہوجائے گا(یعنی ایک دوسرے کا وجود ناقابل برداشت ہو جائے گا اور ایک دوسرے کی مرادوں کا حصول ناممکن ہو کررہ جائے گا ) ۔ مثلاً ایک تو زید کو صحت یاب کرنا چاہے اور دوسرا اُس کی بیماری کا طالب ہو تو اس صورت میں یا تو یہ ہوسکتا ہے کہ دونوں کی مرادات حاصل ہوجائیں لیکن ظاہر ہے کہ یہ تو محال ہے کیونکہ ضدین کا جمع ہوجانا توعقلی طور پر ناممکن ہے ۔ دوسری صورت یہ ہوسکتی ہے کہ کسی کی بھی مراد حاصل نہ ہو؛ یہ بھی محال ہے کہ اس سے خدا کا عاجز ہونا لازم آتا ہے اورعاجز ہستی خدا نہیں ہوسکتی ۔ تیسری صورت یہ ہوسکتی ہے کہ ایک کو اپنا مقصد حاصل ہوجائے ‘دوسرے کو نہ ہوتو یہ بھی محال ہے کہ اس سے ترجیح بلا مرجِّح لازم آتی ہے (جب دونوں خدا ہیں‘ دونوں بااختیار ہیں تب ایک کا اپنی مراد کو حاصل کرلینا اور دوسرے کا نہ کرسکنا اس ترجیح کی وجہ کیا ہے ؟ کون اس ترجیح کو ممکن بنانے والا ہے ؟)۔ اس سےایک خدا کا عاجز آنا بھی لازم آتا ہے‘ حالانکہ ہم تو اس کو قادر فرض کرچکے تھے اور پھر دوسرے کا عجز بھی ثابت ہو جائے گا کیونکہ دوسرا پہلے کے مماثل ہے ۔اللہ تعالیٰ کے اس فرمان :
{لَوْ كَانَ فِیْھِمَآ اٰلِھَۃٌ اِلَّا اللہُ لَفَسَدَتَا} (الانبیاء:۲۲)
’’ اگر آسمان و زمین میں اللہ کے سوا اورمعبود ہوتے تو ضرور آسمان و زمین تباہ ہوجاتے۔ ‘‘
میں اسی دلیل کی طرف اشارہ ہے ۔ اس استدلال کی تکمیل آیت کے منطوق کی بنیاد پر ہوتی ہے ۔ (پہلا مقدمہ تو یہ آیت ہے ) دوسرا مقدمہ یہ ہے کہ زمین و آسمان فاسد نہیں ہوئے ۔ پس ثابت ہوا کہ ایک سے زیادہ خدا ممکن نہیں اوروہ ایک خدا اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہے ۔
برہانِ توارد کا بیان: اگر صفاتِ الوہیت سے متّصف دو خدا پائے جائیں اور دونوں کسی ایک خاص چیز کو پیدا کرنے کا ارادہ کریں تو یا تو ان دونوں کی قدرت کی مکمل تاثیر اس شے کے ایجاد کا باعث بنے گی‘ لیکن یہ تو محال ہے کہ اس سے ایک اثر کے لیے دو مؤثرثابت ہوتے ہیں ‘ کیونکہ جوہرفرد (ناقابل تقسیم جوہر) مخلوق ہے اوراگروہ دو قدرتوں یا دوارادوں کا نتیجہ ہو تو دو اثرہوجائیں گے اور ایک ایسی چیز جس کو تقسیم نہیں کیا جاسکتا اس کو تقسیم کرنا پڑے گا ۔ یہ اس صورت میں ہوگا اگر یہ طے ہوکہ جس جزو کو ایک خالق نے تخلیق کیا ہے وہ اس جزو سے فرق ہے جس کو دوسرے خالق نے بنایا ہے ۔ لیکن یہ بات معقول نہیں‘ کیونکہ ہم نے تو یہی فرض کیا ہے کہ وہ شے تقسیم کو قبول ہی نہیں کرتی ‘یعنی وجودِ واحد ہی ہے جس کی تقسیم ممکن نہیں ۔ دوسری صورت میں تحصیل حاصل لازم آئے گی کہ جس کو ایک خدا نے پیدا کیا ہو اسی کو دوسرے خدا نے بھی پیدا کیا ہواور یہ محال ہے ۔ اگرایک نے کیا ہو ( اور دوسرا نہ کرسکا ہو) تو ترجیح بلا مرجح لازم آتی ہے ‘ کیونکہ خدا کی ذات قدرت سے متّصف ہوتی ہے اورہرممکن زیر ِقدرت ہوتا ہے ۔ ممکنات کی نسبت‘ اپنے زیر ِقدرت ہونے کے حوالے سے دو خداؤں کی طرف بالکل برابر ہے ( یعنی پھر یہ ترجیح کیسے ممکن ہوگئی ) ۔
یہ ان دلائل میں سے چند کا بیان تھا جن کی شرح ہمارے علمائے دین نے عقائد کو ثابت کرنے کے لیے کی ہے ۔ اصحاب ِہدایت کو چاہیے کہ ان دلائل سے تمسّک اختیار کریں اور ان کی اور ان کے اندر جو گہرے معانی پائے جاتے ہیں ان کی سمجھ اور فہم حاصل کریں ۔
جب ایک مکلَّف انسان کائنات پر نظر ڈالنے کے بعد اس کی حقیقت سے واقف ہوجاتا ہے ( یعنی اس کے تغیرو حدوث اور ممکن ہونے سے ) اور یہ بات جان لیتا ہے کہ اس کائنات کو ایک واجب الوجود خالق کی احتیاج ہے جو کہ اس (کائنات) کا غیر ہے تو اس کے لیے ایک لمحہ کے لیے بھی یہ گمان کرنا ممکن نہیں رہتا کہ کچھ صفات خالق اور مخلوق میں مشترک اور ایک جیسی ہوں ۔ خالق تو واجب الوجود ہے اور مخلوق ممکن ہے ۔ یہ دونوں ( واجب اور ممکن) وجود کے دو مختلف مراتب ہیں ۔ کسی ایک کی دوسرے میں سمائی ناممکن ہے ۔ جو مستحیل (عقلی طور پر ناممکن) ہوتا ہے وہ نہ ممکن ہوتا ہے اورنہ واجب ۔ اسی طرح واجب ممکن نہیں ہوتا اور نہ ہی اس میں ممکن کی کوئی صفات پائی جاتی ہیں ۔
قیاسِ طردی‘ قیاسِ اولیٰ اور قیاسِ عکسی: یہ وہ تنزیہ ہے جو اہل سُنّت کے ہاں اصل مقصود ہے ۔ مکلَّف اس بات کا قطعی اور یقینی اعتقاد رکھتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات ‘ صفات اور افعال میں اس کی نہ کوئی شبیہہ ہے اور نہ کوئی نظیر۔ اسی اعتقاد کی بنیاد پر مکلَّف اس بات پر ایمان رکھتا ہے کہ تمام مخلوقات کے مابین اشتراک اور تشبیہ کی کوئی نہ کوئی وجہ لازماً موجود ہے‘ اسی لیے ان کو آپس میں قیاس بھی کیا جاسکتا ہے لیکن خالق اورمخلوق کے بیچ میں قیاس مکمل طور پر ناممکن ہے ۔ میری مراد قیاسِ طردی (یعنی اشتراک یا تشبیہ کی بنیاد پر خدا کے لیے بھی کسی حکم کو ثابت کرنا ) ہے۔ جہاں تک قیاسِ اولیٰ (مثلاً جیسے علم صفت کمال محض ہے ‘انسان علم سے متصف ہے تو اللہ سبحانہ و تعا لیٰ تو بالاولیٰ ہو گا)یا قیاسِ عکسی (مثلا ًانسان اپنی احتیاجات کو پورا کرنے کے لیے دوسروں کا محتاج ہے ۔ احتیاج نقص کی علامت ہے اس لیے اللہ کسی دوسرے کامحتاج نہیں ہوسکتا )کا معاملہ ہے تو ان کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے ۔
قیاسِ اولیٰ دراصل قیاس نہیں ہے بلکہ وہ عقلی اور منطقی لزوم کو ظاہر کرتا ہے اور ایک خالص عقلی استنباط ہوتا ہے۔ جہاں تک قیاس عکسی کا تعلق ہے‘ اس کا جواز تو ہے مگراحتیاط نہایت ضروری ہے‘ کیونکہ اس میں قیاس کی حقیقت تو پائی جاتی ہے لیکن قیاس کا ایک اہم رکن یعنی مشابہت کی کسی وجہ کا پایا جانا وہ یہاں نہیں ہوتا ۔ اس لیے اس کو ہم عکسی کہتے ہیں لیکن اس کے باوجود محتاط ہونا لازم ہے‘ کیونکہ خالق اور مخلوق میں ضد یا نقیض ہونے کا رشتہ تو نہیں پایا جاتا کہ کسی ایک میں کسی صفت کا نہ ہونا دوسرے میں اس صفت کے ہونے کی دلیل قرار پائے ۔ ایسا معاملہ بالکل نہیں ہے بلکہ خالق و مخلوق دو بالکل مختلف مراتب وجود ہیں اور قیاس عکسی صرف اسی حیثیت میں جائز ہے ۔ اگر کوئی یہ کہے کہ خدا موجود ہے اور ہم اس کے مشابہ نہیں ہیں اس لیے ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ ہم موجود ہوں تو یہ بات درست نہ ہوگی ۔ یہ بات تو دراصل صریح تناقض ہے ۔ آپ کا اپنے آپ کو ’’ہم‘‘کہنا دراصل اپنے لیے ہونے کو ثابت کرنا ہی ہے ۔ پھر آپ خدا سے عدمِ مشابہت کے اصول کو وجود کی حد تک پھیلادیتے ہیں یعنی آپ اپنے آپ پر نہ ہونے کا حکم لگارہے ہیں اور یہ بات آپ کے اپنے آپ کو’’ہم‘‘کہنے یعنی اپنے وجود کے اثبات کی نقیض ہے ۔ یہ قیاس تب موزوں قرار پائے گا جب آپ یہ کہیں کہ اللہ تعالیٰ موجود ہے اور ہم اس کے مشابہ نہیں ہیں ۔ اس عبارت کا مطلب ہے کہ ہم اپنے موجود ہونے میں خدا کے مشابہ نہیں ہیں یعنی یہ محال ہے کہ ہمارا وجود عین خدا کا وجود ہو یا نتیجہ یہ ہے کہ ہمارے لیے ہونا ثابت ہے لیکن خدا کے وجود سے بالکل مختلف لیکن اس بنیاد پر ہمارے وجود کی نفی نہیں کی جاسکتی ۔ اس طرح قیاس کا عمل درست طریقے سے تکمیل کو پہنچے گا ۔
کسی وجود کامل پرایمان لانا ایمان لانے والے کے لیے مراتب وجود میں ترفع اور ترقی کے لیے اعمال سرانجام دینے کو بھی ممکن بنا دیتا ہے ۔ ناقص انسان کمال کے وجود کو تسلیم کرلینے کے بعد ہی اس کے حصول کے لیے جدّوجُہد کرسکتا ہے ۔ اسی بنیاد پر جب ایک مکلَّف ایک موجود کامل کے وجود پر ایمان لاتا ہے اور یہ بات جان لیتا ہے کہ اس کے اور اس کے خالق کے درمیان تعلق تضاد یا تناقض کا نہیں ہے بلکہ ایجاب اور سلب کا ہے ( کہ اس کو تمام کمالات حاصل ہیں اور میں فقیرہوں ) تو اس کے لیے ممکن ہوجاتا ہے کہ وہ اپنی سلبی نسبت کو دور کرے ( جہاں تک ممکن ہو) اور اعلیٰ درجاتِ وجود جو اس کے لائق ہیں‘ ان کو حاصل کرے اور اپنے مرتبہ کے اعتبار سے کمال کو پہنچ جائے ۔البتہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ واجب الوجود کے مرتبہ تک پہنچ جائے ‘ یہ تو ناممکن ہے ۔ یہ بھی محال ہے کہ اس کا وجود عین خدا کا وجود ہوجائے ۔ جیسے بعض وحدت الوجود کےقائلین کہتے ہیں ۔
مندرجہ بالا بات خالق اورمخلوق کے درمیان کسی وجہ ٔ مشابہت کو ماننے سے بالکل ایک مختلف بلکہ اس کے برخلاف بات ہے ۔ خدا اور مخلوق کے مابین مشابہت کی وجہ یا تو کمالِ محض ہوگا یا نقص ِمحض ہوگا ۔ اگر کمالِ محض ہوتو انسان تو خالق کےحوالےسے مطمئن ہوکر بیٹھ جائے گا( کہ اس کو کمالِ محض حاصل ہے )اور دنیا کی زندگی کی طرف مائل ہوجائے گا‘ جیسے یہود نے کیا ۔ ویسے تو یہ بات ایک واضح داخلی تناقض رکھتی ہے کہ حادِث وجود کمال محض کی مختلف جہات میں سے کسی جہت کا حامل ہو ۔ امکان( ممکن الوجود ہونا ) کا تو مطلب ہی نقص ہے ۔
دوسری صورت میں (یعنی نقص میں مشابہ ہونے میں) خالق کی شان کی تنقیص لازم آئے گی جب وہ خدا کے لیے ایسے نقائص کو جائز قرار دے گا جو ( اس کے خیال میں) اس میں اورخدا میں مشترک ہیں ۔ پھر خدا کو ان نقائص سے بری ثابت کرنے کی بھی کوشش کرے گا(جب کچھ ایسی چیزیں جو مخلوق میں خاص طور پر پائی جاتی ہیں ان کو خالق کے لیے تسلیم کرلیا جائے تو پھر تنزیہ کی جتنی بھی کوشش کرلی جائے خالص تنزیہ کا حصول ممکن نہیں رہتا ) ۔ اس موقف کی وجہ سے اعمال میں سختی اوررائے میں تعصب دَر آتا ہے ۔ اس سے ہم اکثر مجسمہ اورظاہری فقہ والوں میں جو تعصب ‘ سختی اور تشدد پاتے ہیں وہ بھی سمجھ میں آجاتا ہے ‘حالانکہ وہ معاملات ایسے نہیں ہوتے کہ ان میں ایسی سختی کا مظاہرہ کیا جائے ۔ اس موقف میں جو ایک بڑا مسئلہ پایا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ اس کی بنیاد پر کامل ( خدا کی ذات) ناقص قرار پاتا ہے( یعنی کچھ مخلوق کی صفات خالق میں مان لی جاتی ہیں) ۔ ظاہر سی بات ہے کہ یہ محال ہے کیونکہ اس سے نقیضین کا اجتماع لازم آتا ہے ۔
بات یہ ہے کہ اگر خالق اور مخلوق میں مشابہت ہوتی تو خالق کے لیے بھی فنا ہوجانا ممکن ہوتا جیسا کہ مخلوقات کے لیے ممکن ہے اوروہ بیک وقت خالق و مخلوق اور قدیم و حادِث قرار پاتا‘ اور یہ تو واضح طورپرمحال ہے ۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
{لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْ ئٌ ج وَہُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ (۱۱)} (الشوریٰ)
’’کوئی شے اُس کی مانند نہیں ہے۔ اور وہ سننے والا اور دیکھنے والا ہے ۔‘‘
اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے نفی کو اثبات پر مقدم رکھا ہے اگرچہ بہت سے مقامات پر اس سے برعکس ہے ۔ (یہاں پر نفی کو اثبات پر مقدم کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ) اگر اثبات کو پہلے لایا جاتا تو مخلوق کے ساتھ مشابہت کا وہم پیدا ہوسکتا تھا‘ کیونکہ مخلوق کان سے سنتی ہے اور آنکھ سے دیکھتی ہے(یعنی اللہ کے بارے میں بھی یہ گمان کر لیا جاتا کہ اُس کے بھی اعضاء ہیں)۔ تنزیہہ کو اس لیے پہلے ظاہر کردیا گیا تاکہ سننے والا ابتدا ہی میں یہ جان لے کہ خدا حوادث کے ساتھ کسی اعتبار سے بھی کوئی مشابہت نہیں رکھتا ۔ یہ آیت حوادث سے اللہ کی کسی قسم کی بھی کوئی مشابہت نہ ہونے پر دلیل قطعی ہے اور شیطان خدا کی ذات و صفات کے متعلق انسان کے دل میں جو وسوسے ڈالتا ہے ان کا بھی قلع قمع کرنے والی ہے ۔
یہاں میری مراد یہ نہیں ہے کہ ہمیشہ شیطان ہی انسان کو گمراہی کی طرف لے کر جاتا ہے ‘یعنی اگر شیطان نہ ہوتا تو انسان لازماً نیک ہی ہوتا ۔ یہ ایک اجنبی سی بات ہے۔ اس بات کا انکار نہیں کیا جاسکتا کہ انسان اپنے ارادہ سے شر کی طرف مائل ہوتا ہے ۔ جب معاملہ ایسا ہے تو جو بھی اپنے ارادے سے شر کے راستے کی طرف انحراف اختیار کرتا ہے وہ اپنے اعمال کے اعتبار سے شیطان ہی ہے ۔