مباحث ِعقیدہ(۲۸)
مؤمن محمود
گزشتہ دو نشستوں میں عقیدۂ تقدیر پر گفتگو ہوئی تھی۔ اب ایمان کی بحث سے پہلے اسی عقیدے کا ایک ذیلی مسئلہ پیشِ نظر ہے۔
دُعا کا تقدیر سے تعلق؟
بہت سے علمائے کلام نے اسے عقیدۂ تقدیر کی فرعی بحثوں میں شمار کیا ہے۔ اس باب میں اشکال یہ پیش کیا جاتا ہے کہ جب ہر شے مقدر اور مکتوب ہے‘ اور اس کا ہونا یا نہ ہونا مشیت ِالٰہی کے مطابق ازل میں طے ہے‘ تو دُعا کا کیا فائدہ! کیا اسی بنا پر دُعا ترک کر دینی چاہیے؟
اس اشکال سے دو رویے پیدا ہوئے۔ ایک فریق نے دُعا کو بے فائدہ قرار دیا کہ جس شے کا ہونا یا نہ ہونا پہلے ہی طے ہو چکا ہے‘ اسے طلب کرنے سے کیا حاصل ہو گا! دوسرے فریق نے دُعا کا حکم تو تسلیم کیا‘ مگر اس کے اثر کا انکار کیا۔ ان کے نزدیک دُعا محض اظہارِ عبودیت کے لیے ہے‘ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کا حکم دیا ہے‘ نہ کہ اس نیت سے کہ اس کے ذریعے کوئی مطلوب حاصل ہوگا۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:
((مَنْ لَمْ يَسْأَلِ اللّٰهَ يَغْضَبْ عَلَيْهِ))[سنن الترمذی:۳۳۷۳]
’’جو اللہ سے سوال نہیں کرتا‘ اللہ اس پر ناراض ہوتا ہے۔‘‘
قرآن مجید میں بھی دُعا کا حکم بار بار آیا ہے:
{ وَقَالَ رَبُّکُمُ ادْعُوْنِیْٓ اَسْتَجِبْ لَکُمْ ط} (غافر:۶۰)
’’اور تمہارے رب نے فرمایا: مجھے پکارو‘ میں تمہاری دُعا قبول کروں گا۔‘‘
نیز فرمایا:
{وَاِذَا سَاَلَکَ عِبَادِیْ عَنِّیْ فَاِنِّیْ قَرِیْبٌ ط اُجِیْبُ دَعْوَۃَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِ لا } (البقرۃ:۱۸۶)
’’اور جب میرے بندے آپ سے میرے بارے میں پوچھیں تو میں قریب ہوں۔ پکارنے والے کی دُعا قبول کرتا ہوں‘ جب وہ مجھے پکارتا ہے۔‘‘
دوسرے فریق کا کہنا تھا کہ جس طرح بہت سے تعبدی امور کا ہمیں مکلف بنایا گیا ہے‘ اسی طرح دُعا کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ تعبدی امور وہ ہوتے ہیں جن کی علت بیان نہیں کی جاتی۔ بندہ حکمِ الٰہی کی تعمیل اور اظہارِ بندگی کے لیے انہیں بجا لاتا ہے۔ مثلاً طواف کے سات چکر کیوں ہیں‘ آٹھ کیوں نہیں؟ وقوف عرفات میں کیوں ہے اور منیٰ میں قیام کیوں ہے‘ کسی اور جگہ کیوں نہیں؟ ظہر کی چار رکعتیں‘ مغرب کی تین اور فجر کی دو رکعتیں کیوں ہیں؟ اسی طرح وفات کی عدت چار مہینے اور دس دن کیوں ہے‘ تین مہینے اور دس دن یا چار مہینے اور بیس دن کیوں نہیں؟ ایسے امور میں حکم کی تعمیل مقصود ہوتی ہے اورہر جگہ علت تلاش نہیں کی جاتی۔ اس فریق نے دُعا کو بھی اسی معنی میں محض تعبدی عمل سمجھا۔ یعنی اللہ کے سامنے جھکنا اور اسے پکارنا مطلوب ہے‘ خواہ اس سے کسی حاجت کے پورا ہونے کا تعلق نہ مانا جائے۔
چنانچہ دُعا اور تقدیر کا باہمی تعلق عقیدے ہی کی ایک فرعی بحث ہے۔ ہم اس کو سمجھنے کے کچھ مناہج ذکر کریں گے لیکن اس سے یہ دعویٰ مقصود نہیں کہ تمام اشکالات بالکل ختم ہو جائیں گے۔ جب خود تقدیر کی حقیقت کا کامل فہم ہمیں حاصل نہیں‘ تو اس کی ہر فرع کا مکمل احاطہ بھی آسان نہیں۔ بایں ہمہ‘ اس گفتگو سے کچھ نہ کچھ رہنمائی ضرور حاصل ہو سکتی ہے۔ ایک راہ یہ بھی ہے کہ بندہ دُعا کے آداب‘ شرائط اور سنن کی رعایت کے ساتھ اللہ کو پکارے اور اس تعلق کو اپنی زندگی میں محسوس کرے۔ جس طرح انسان اپنے باطن کی طرف متوجہ ہو کر وجدانی طور پر ارادے اور اختیار کو پاتا ہے‘ اسی طرح دُعا کا اثر بھی محض نظری بحث کے بجائے تجربے اور ذوق سے واضح ہوتا ہے۔
دعا بذات خود مطلوب
بعض اوقات ہماری پکار درحقیقت اللہ تعالیٰ کی طرف ہوتی ہی نہیں بلکہ ہم اپنے نفس کے مطالبات‘ یا اپنے ذہن میں بنائے ہوئے محدود تصور کے گرد گھوم رہے ہوتے ہیں۔ کبھی ہماری کیفیت یہ ہوتی ہے کہ ‘نعوذ باللہ‘ ہم کسی تابعِ حکم کو بلا رہے ہیں جو ہماری بات سنتے ہی اسے پورا کر دے۔ جب مطلوب فوراً حاصل نہ ہو تو شکایت شروع ہو جاتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اسی استعجال سے منع فرمایا ہے:
((لَا يَزَالُ يُسْتَجَابُ لِلْعَبْدِ مَا لَمْ يَدْعُ بِاِثْمٍ اَوْ قَطِيعَةِ رَحِمٍ، مَا لَمْ يَسْتَعْجِلْ. قِيلَ: يَارَسُولَ اللّٰہِ، مَا الِاسْتِعْجَالُ؟ قَالَ: يَقُولُ: قَدْ دَعَوْتُ وَ قَدْ دَعَوْتُ، فَلَمْ اَرَ يَسْتَجِيبُ لِي، فَيَسْتَحْسِرُ عِنْدَ ذٰلِكَ وَ يَدَعُ الدُّعَاءَ.)) [صحیح مسلم:۶۹۳۶]
’’بندے کی دُعا قبول ہوتی رہتی ہے‘ جب تک وہ کسی گناہ یا قطع رحمی کی دُعا نہ کرے اور جلد بازی نہ کرے۔
عرض کیا گیا: اے اللہ کے رسول! جلد بازی کیا ہے؟ فرمایا: وہ کہتا ہے کہ میں نے دُعا کی‘ پھر دُعا کی‘ مگر اپنی دُعا قبول ہوتی نہیں دیکھی۔ تب وہ اکتا جاتا ہے اور دُعا چھوڑ دیتا ہے۔‘‘
جب انسان اللہ تعالیٰ کو صرف اس لیے پکارے کہ اس کا کام ہو جائے‘ تو اس کی حاجت دُعا کا اصل مقصود بن جاتی ہے اور اللہ کو پکارنا محض اس حاجت کے حصول کا ذریعہ بن جاتا ہے‘ حالاں کہ دُعا کی روح یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ خود مقصود ہو۔ اسے پکارنا‘ اس کی رضا‘ محبت اور قرب حاصل کرنا فی نفسہٖ مطلوب ہو۔ حاجت کا پورا ہونا اس کے بعد ہے۔ اس کے برعکس انسان کا وہ رویہ ہے کہ مشکل میں اللہ کو پکارا‘ مطلوب حاصل ہوا‘ اور پھر اللہ سے بالکل غافل ہو گیا۔ قرآن مجید اس کیفیت کو یوں بیان کرتا ہے:
{فَلَمَّا کَشَفْنَا عَنْہُ ضُرَّہٗ مَرَّ کَاَنْ لَّمْ یَدْعُنَآ اِلٰی ضُرٍّ مَّسَّہٗ ط } (یونس:۱۲)
’’پھر جب ہم اس کی تکلیف کو دور کر دیتے ہیں وہ (یوں) چل پڑتا ہے گویا اُس نے ہمیں کسی ایسی تکلیف پر پکارا ہی نہ تھا جو اسے پہنچی تھی۔‘‘
انسان مصیبت میں اللہ تعالیٰ کو پکارتا ہے اور آسانی میں بھول جاتا ہے‘ حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے خوش حالی میں کثرتِ دُعا کی تعلیم دی:
((مَنْ سَرَّهُ اَنْ يَسْتَجِيبَ اللّٰهُ لَهُ عِنْدَ الشَّدَائِدِ وَ الْكُرَبِ، فَلْيُكْثِرِ الدُّعَاءَ فِي الرَّخَاءِ.)) [سنن الترمذی:۳۳۸۲]
’’جسے یہ پسند ہو کہ اللہ تعالیٰ سختیوں اور پریشانیوں میں اس کی دُعا قبول کرے‘ اسے چاہیے کہ آسودگی میں کثرت سے دُعا کرے۔‘‘
یہ حکم اس وقت کی دُعا کا ہے جب آدمی صحت مند‘ آسودہ حال اور بظاہر بے نیاز ہو۔ اگر خوش حالی میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے تعلق نہ رکھا جائے اور صرف شدتِ ابتلا میں اسے پکارا جائے‘ تو مطلوب کے فوراً حاصل نہ ہونے پر مایوسی پیدا ہو سکتی ہے۔ بعض لوگوں کی مایوسی یہاں تک پہنچ جاتی ہے کہ وہ خدا ہی کا انکار کرنے لگتے ہیں۔ یہ مسائل دُعا کی حقیقت اور عقیدۂ تقدیر‘ دونوں سے متعلق ہیں۔ اسی لیے اہل علم نے دُعا اور قدر کے باہمی ربط کو مستقل مبحث بنایا ہے۔
عقیدئہ تقدیر: دعا کا جوہر
پہلی بنیادی بات یہ ہے کہ دُعا کا جوہر خود عقیدۂ تقدیر سے واضح ہوتا ہے۔ تقدیر پر ایمان نہ ہو تو دُعا کی روح باقی نہیں رہتی۔ دُعا اور تقدیر میں تضاد تو درکنار‘ تقدیر کو مانے بغیر دُعا کا کامل معنی ہی سمجھ میں نہیں آتا۔ امام طحاوی رحمہ اللہ نے مشیت کے بارے میں فرمایا:
وَلَا يَكُونُ اِلَّا مَا يُرِيدُ ’’اور وہی ہوتا ہے جو وہ (اللہ) چاہتا ہے۔‘‘
یعنی کائنات میں نافذ و جاری مشیت اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہی کی ہے۔ نفع و ضرر اور تصرف کا حقیقی اختیار اسی کو حاصل ہے۔ دُعا میں اللہ کو پکارنے کی بنیاد بھی یہی ہے کہ اس کے سوا کوئی مستقل اختیار نہیں رکھتا۔ نہ سبب اپنے آپ مؤثر ہے‘ نہ بندے کی قدرت مستقل ہے‘ نہ کسی دوسری ہستی کا تصرف مشیتِ الٰہی سے بے نیاز ہے۔ اگر بندہ یہ سمجھے کہ اللہ کا ارادہ تو ہے‘ مگر اس کے برخلاف بھی کوئی مستقل ارادہ نافذ ہو سکتا ہے‘ تو دُعا کے وقت مطلوب توکّل‘ اعتماداور تفویض کی کیفیت برقرار نہیں رہتی۔ لہٰذا تقدیر اور دُعا متضاد نہیں۔ تقدیر پر ایمان دُعا میں روح پیدا کرتا ہے۔
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے ایک اثر ان الفاظ میں منقول ہے:
الْقَدَرُ نِظَامُ التَّوْحِيدِ ’’تقدیر توحید کا نظام ہے۔‘‘
یہاں ’’نظام ‘‘ کا مفہوم جوڑ کر رکھنے والی چیز ہے جو بکھری ہوئی چیزوں کو ایک لڑی میں پرو دے۔ گویا تقدیر توحیدمیں باہمی ربط اور مضبوطی کا ذریعہ ہے۔ توحید کا عملی اظہار اللہ کے سامنے سر جھکانے‘ گریہ و زاری اور انکسار میں ہوتا ہے‘ اور یہ کیفیت دُعا میں نمایاں ہوتی ہے۔
دعا اور دعوت
بعض بزرگوں نے دین کے دو تعلقات کو ’’دُعا‘‘اور ’’دعوت‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔ ایک تعلق اللہ تعالیٰ سے اور دوسرا اس کے بندوں سے۔ اللہ کے ساتھ تعلق میں اسے پکارنا ہے‘ اور بندوں کے ساتھ تعلق میں انہیں خیر کی طرف بلانا۔ دُعا اور دعوت ایک ہی مادے سے ہیں۔ اللہ کو پکارنے میں بندگی کی تمام کیفیات سمٹ آتی ہیں‘ اور بندوں کو بلانے کا رخ خیر کی طرف ہوجاتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
{کُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّۃٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَتَنْہَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ } (آل عمران:۱۱۰)
’’تم بہترین امت ہو‘ جو لوگوں کے لیے نکالی گئی ہے‘ نیکی کا حکم دیتے ہواور برائی سے روکتے ہو۔‘‘
نیز فرمایا:
{وَلْـتَـکُنْ مِّنکُمْ اُمَّـۃٌ یَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَیْرِ} (آل عمران:۱۰۴)
’’اور تم میں ایک جماعت ایسی ہونی چاہیے جو خیر کی طرف بلائے۔‘‘
چنانچہ بندوں کو خیر کی طرف دعوت دینا اور اللہ کے حضور انکساری سے دُعا کرنا‘ دونوں تعلقات کی بنیادی صورتیں ہیں۔ عقیدۂ تقدیر میں خلل آئے تو دُعا محض ظاہری کیفیت بن کر رہ جاتی ہے‘ جب کہ اس عقیدے پر ایمان اس میں قلبی حقیقت پیدا کرتا ہے۔مستدرک حاکم کی ایک روایت ہے جو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے:
((الدُّعَاءُ سِلَاحُ الْمُؤْمِنِ، وَ عِمَادُ الدِّينِ، وَ نُورُ السَّمَاوَاتِ وَ الْاَرْضِ))
’’دُعا مومن کا ہتھیار‘ دین کا ستون اور آسمانوں اور زمین کا نور ہے۔‘‘
ہتھیار کی تعبیر سے بعض اہل علم نے بلا کے مقابلے میں دُعا کی مدافعت کا مفہوم بیان کیا ہے۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے منسوب درج ذیل روایت میں بھی یہی مضمون ہے:
((لَا يُغْنِي حَذَرٌ مِنْ قَدَرٍ، وَ الدُّعَاءُ يَنْفَعُ مِمَّا نَزَلَ وَ مِمَّا لَمْ يَنْزِلْ، وَ اِنَّ الْبَلَاءَ لَيَنْزِلُ فَیَتَلَقَّاہُ الدُّعَاءُ، فَیَعْتَلِجَانِ اِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ)) [صحیح الجامع:۷۷۳۹]
’’تدبیر تقدیر کے مقابلے میں کچھ فائدہ نہیں دیتی‘ اور دُعا اس (بَلا) میں بھی نفع دیتی ہے جو اتر چکی ہو اور اس میں بھی جو ابھی نہ اتری ہو۔ بلا نازل ہوتی ہے تو دُعا اس سے آ ملتی ہے‘ پھر دونوں قیامت کے دن تک باہم مقابلہ کرتی رہتی ہیں۔‘‘
اسی مفہوم کے قریب یہ مشہور مقولہ ہے:
اِذَا جَاءَّ التَّقْدِيرُ بَطَلَ التَّدْبِيرُ ’’جب تقدیر آ پہنچتی ہے تو تدبیر بے اثر ہو جاتی ہے۔‘‘
دعا اور بلا کی مدافعت
دُعا اور بلا کی مدافعت کے بیان میں ابن قیم رحمہ اللہ نے تین صورتیں ذکر کی ہیں:
وَ لَهُ مَعَ الْبَلَاءِ ثَلَاثُ مَقَامَاتٍ: اَحَدُهَا: اَنْ يَكُونَ اَقْوَى مِنَ الْبَلَاءِ فَيَدْفَعَهُ. الثَّانِي: اَنْ يَكُونَ اَضْعَفَ مِنَ الْبَلَاءِ فَيَقْوَى عَلَيْهِ الْبَلَاءُ، فَيُصَابَ بِهِ الْعَبْدُ، وَلَكِنْ قَدْ يُخَفِّفَهُ، وَ اِنْ كَانَ ضَعِيفًا. الثَّالِثُ: اَنْ يَتَقَاوَمَا وَ يَمْنَعَ كُلُّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا صَاحِبَهُ.
’’بلا کے ساتھ دُعا کے تین مقامات ہیں: پہلا یہ کہ دُعا بلا سے زیادہ قوی ہو تو اسے دفع کر دے۔ دوسرا یہ کہ دُعا بلا سے کمزور ہو تو بلا اس پر غالب آئے اور بندے کو پہنچ جائے‘ لیکن دُعا کمزور ہونے کے باوجود اسے ہلکا کر سکتی ہے۔ تیسرا یہ کہ دونوں باہم مقابلہ کریں اور ہر ایک دوسرے کو روکے رکھے۔‘‘
چنانچہ کبھی دُعا بلا کو دفع کرتی ہے‘ کبھی اس کی شدت کم کرتی ہے‘ اور کبھی دونوں کے مقابلے سے بلا رکی رہتی ہے۔ اس میں اصل دُعا کی قوت اور اس کے آداب کا بیان مقصود ہے‘ نہ یہ کہ دُعا تقدیر سے باہر کوئی مستقل قوت ہے۔
حضرت ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے منقول روایت میں دُعا‘ نیکی اور رزق کے متعلق فرمایا گیا ہے:
((لَا يَزِيدُ فِي الْعُمْرِ اِلَّا الْبِرُّ، وَ لَا يَرُدُّ الْقَدَرَ اِلَّا الدُّعَاءُ، وَ اِنَّ الرَّجُلَ لَيُحْرَمُ الرِّزْقَ بِالذَّنْبِ يُصِيبُهُ.)) [سنن ابن ماجہ:۴۰۲۲]
’’نیکی کے سوا کوئی چیز عمر میں اضافہ نہیں کرتی‘ دُعا کے سوا کوئی چیز تقدیر کو نہیں پھیرتی‘ اور آدمی اس گناہ کے سبب رزق سے محروم کر دیا جاتا ہے جس کا وہ ارتکاب کرتا ہے۔‘‘
اس آخری جملے کا مفہوم یہ بیان کیا گیا کہ گناہ کے سبب بندے کے لیے آنے والی نعمت کا راستہ رک سکتا ہے‘ جس طرح دُعا سے بلا کا راستہ رک جاتا ہے۔ سوال پھر یہی ہے کہ یہ سب تقدیر سے کیسے متعلق ہے؟
بظاہر اشکال یہ ہے کہ تقدیر تو اسی امر کا نام ہے جو واقع ہونا ہے۔ اگر دُعا اسے پھیر دے تو کیا وہ تقدیر نہ رہی؟ ایک طرف ہم تقدیر کو مشیت ِالٰہی کا وہ حکم کہتے ہیں جو ہر حال میں جاری ہونا ہے۔ دوسری طرف کسی شے سے اس کے دفع ہونے کا ذکر کرتے ہیں۔ یہ ظاہری تعارض کیسے سمجھا جائے؟
اس کو سمجھنے کا ایک پہلو یہ ہے کہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ فاعلِ مختار ہے۔ بندے اس کی تقدیر سے باہر نہیں نکل سکتے‘ مگر اس سے یہ نتیجہ نہیں نکلتا کہ ‘نعوذ باللہ‘ اللہ تعالیٰ اپنے علم اور ارادے کے ہاتھوں کسی خارجی جبر کا پابند ہے۔ اس کا علم و ارادہ قدیم ہے‘ لیکن اسے انسانی علم و ارادے پر قیاس نہیں کیا جا سکتا۔ اس کی مشیت پر کوئی اکراہ‘ کوئی جبر اور کوئی مستقل مؤثر حاکم نہیں۔ قرآن مجید میں فرمایاگیا:
{ اِنَّ اللہَ یَفْعَلُ مَا یُرِیْدُ(۱۴) } (الحج) ’’بے شک اللہ وہی کرتا ہے جو چاہتا ہے۔‘‘
اور فرمایا:
{فَعَّالٌ لِّمَا یُرِیْدُ(۱۶) } (البروج) ’’وہ جو چاہتا ہے‘ کر گزرتا ہے۔‘‘
دعا‘دوا اورتقدیر
دوسرا پہلو یہ ہے کہ دُعا‘ دوا اور جملہ تدابیر بھی تقدیر ہی میں شامل ہیں۔ ایک روایت میں آتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے علاج‘ دم اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپ ﷺنے فرمایا کہ یہ بھی تقدیر ہی میں سے ہے۔ حضر ت ابوخزامہ اپنے والد (رضی اللہ تعالیٰ عنہما) سے روایت کرتے ہیں‘ وہ کہتے ہیں کہ مَیں نے رسول اللہﷺ سے پوچھا:
يَا رَسُولَ اللّٰهِ، اَرَاَيْتَ رُقًى نَسْتَرْقِيهَا وَ دَوَاءً نَتَدَاوَى بِهِ وَ تُقَاةً نَتَّقِيهَا، هَلْ تَرُدُّ مِنْ قَدَرِ اللّٰهِ شَيْئًا؟ قَالَ: ((هِيَ مِنْ قَدَرِ اللّٰهِ!))
’’اے اللہ کے رسول! ان دموں کے بارے میں بتائیے جو ہم کراتے ہیں‘ اس دوا کے بارے میں جس سے علاج کرتے ہیں‘ اور ان احتیاطوں کے بارے میں جن سے بچاؤ کرتے ہیں‘ کیا یہ اللہ کی تقدیر میں سے کچھ پھیر دیتی ہیں؟ فرمایا: ’’یہ بھی اللہ کی تقدیر ہی سے ہیں!‘‘
حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ نے اپنے ایک رسالے میں لکھا کہ یہ بہت کافی اور شافی جواب ہے۔ ہمیں غلط فہمی یہ ہوتی ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تقدیر اور دوسرے تمام انسانی افعال آپس میں نبرد آزما ہیں‘جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تقدیر کُل کائنات اور اس میں ہونے والے تمام اعمال کو محیط ہے۔ علاج‘ دم‘ دُعا اور احتیاط‘ سب اسی میں شامل ہیں۔ لہٰذا دُعا اور قدر کے درمیان مقابلے کی تعبیر کو یہ معنی نہیں دیا جا سکتا کہ دُعا‘ قدر کے دائرے سے باہر کھڑی ہے۔ خود دُعا بھی قدر ہی سے ہے۔
اسی حقیقت کو سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سفر شام کے موقع پر واضح فرمایا۔ جب معلوم ہوا کہ شام میں طاعون پھیلا ہوا ہے تو انہوں نے مشورے کے بعد واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ ایک صحابی نے سیدنا عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا:کیا آپ اللہ کی تقدیر سے بھاگ رہے ہیں؟ آپ نےجواب دیا:
نَفِرُّ مِنْ قَدَرِ اللّٰهِ اِلَى قَدَرِ اللّٰهِ. ’’ ہم اللہ کی تقدیر سے اللہ ہی کی تقدیر کی طرف بھاگتے ہیں۔‘‘
یعنی شام کی طرف نہ جانا اور اپنا رخ واپسی کی طرف پھیر دینا بھی تقدیر سے باہر نہ تھا۔ احتیاط کو تقدیر کے مخالف سمجھ لینا ہی اصل غلط فہمی ہے۔
تقدیر ِمعلق
اسی باب میں بعض اہل علم نے تقدیر ِ معلق کی اصطلاح استعمال کی ہے۔ تقدیر ِ معلق سے مراد وہ صورت ہے جس میں کسی نتیجے کو شرط کے ساتھ بیان کیا گیا ہو۔ مثلاً اگر فلاں عمل ہوگا تو یہ نتیجہ ہوگا‘ اور اگر نہ ہوگا تو دوسرا نتیجہ ہوگا۔ فرشتوں کو دی جانے والی خبر‘ یا نوشتے میں مشروط طور پر درج معاملے کو اس اعتبار سے معلق کہا جاتا ہے کہ دونوں صورتوں میں سے بالفعل کیا واقع ہوگا‘ یہ اللہ تعالیٰ کے علم ازلی میں معلوم ہے‘ مگر یہ علم کسی اور کو حاصل نہیں ہے۔چنانچہ تقدیر کے دفع ہونے کا مطلب یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ بلا کا آنا دُعا نہ ہونے کے ساتھ مشروط تھا‘ اور چونکہ بندے نے دُعا کی لہٰذا بلا نازل نہیں ہوئی۔ دُعا بھی تقدیر ہی میں تھی‘ اور اللہ کے علم میں یہ بھی معلوم تھا کہ بندہ دُعا کرے گا یا نہیں۔
اس بحث میں پیش آنے والے اشکالات کا ایک سبب یہ ہے کہ ہم نہیں جانتے کہ علم و ارادۂ الٰہی کی حقیقت کیا ہے۔ بار بار یہ بات پیشِ نظر رکھنی چاہیے کہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ اپنی ذات و صفات سمیت زمان و مکان سے ماورا ہے۔ دُعا کے وقت یہ خیال دل پر مسلط نہ ہو کہ اگر پہلے سے طے ہے تو مل جائے گا‘ ورنہ پکارنے کا کیا حاصل؟ ’’پہلے‘‘ اور ’’ بعد ‘‘ہمارے زمانی اعتبار ات ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا علم ہمارے زمانے میں مقید نہیں۔ اس کے سامنے تمام ازمنہ اور تمام اماکن بیک وقت حاضر ہیں۔
ہم علم و ارادے کو قدیم کہتے ہیں‘ مگر اس قدم کو دنیا کی زمانی طوالت پر قیاس نہیں کر سکتے۔ مراد یہ ہے کہ علمِ الٰہی میں حوادث کی طرح تجدد نہیں ہوتا۔ ساتھ ہی یہ بھی مانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ زمان و مکان سے ماورا ہے۔ اس لیے اس کے حضور دُعا کرتے ہوئے کسی ایسی انسانی ہستی کا تصور درست نہیں جس نے بہت پہلے کوئی فیصلہ لکھ کر رکھ دیا ہو‘ پھر اس فیصلے پر ایک مدّت گزر چکی ہو اور اب وہ اسی نوشتے کی پابند ہو۔ اللہ کے حضور تمام زمانے اور تمام مقامات کا علم ہے۔ اس کے ہاں ہماری طرح قبل و بعد کی کوئی پابندی نہیں۔
یہ حقیقت پورے طور پر ہماری گرفت میں نہ بھی آئے‘ تب بھی اتنا واضح ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی صفاتِ علم و ارادہ کو انسانی علم و ارادے کی طرح نہ سمجھا جائے۔ یہ سوال کہ ’’پہلے طے ہو چکا تو اب تبدیل کیسے ہوگا‘‘ ہمارے محدود زمانی تصور سے پیدا ہوتا ہے۔ اسی پہلو کی طرف قرآن مجید کی اس آیت سے بھی رہنمائی ملتی ہے:
{یَمْحُوا اللہُ مَا یَشَآئُ وَیُثْبِتُ ج وَعِنْدَہٗٓ اُمُّ الْکِتٰبِ(۳۹) } (الرعد)
’’اللہ جو چاہتا ہے مٹا دیتا ہے اور (جو چاہتا ہے)باقی رکھتا ہے‘ اور اسی کے پاس اصل کتاب ہے۔‘‘
سیدنا عمرفاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف منسوب ایک دُعا میں اسی آیت کے حوالے سے سعادت طلب کرنے اور شقاوت مٹانے کے الفاظ نقل ہوئے ہیں:
اللّٰهُمَّ اِنْ كُنْتَ كَتَبْتَنِي فِي اَهْلِ السَّعَادَةِ فَاَثْبِتْنِي فِيهَا، وَ اِنْ كُنْتَ كَتَبْتَ عَلَيَّ الذَّنْبَ وَالشِّقْوَةَ فَامْحُنِي وَ اَثْبِتْنِي فِي اَهْلِ السَّعَادَةِ، فَاِنَّكَ تَمْحُو مَا تَشَاءُ وَ تُثْبِتُ، وَ عِنْدَكَ أُمُّ الْكِتَابِ.
’’اے اللہ! اگر تُو نے مجھے اہلِ سعادت میں لکھا ہے تو مجھے اسی میں ثابت رکھ‘ اور اگر تُو نے میرے لیے گناہ اور شقاوت لکھی ہے تو مجھے (اس سے)مٹا دے اور اہلِ سعادت میں سےکر دے۔ بے شک تُو جو چاہتا ہے مٹاتا ہے اور (جو چاہتا ہے )باقی رکھتا ہے‘ اور اصل کتاب تیرے پاس ہے۔‘‘
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یہ بات یقیناً معلوم ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
((رُفِعَتِ الْاَقْلَامُ وَ جَفَّتِ الصُّحُفُ)) [سنن الترمذی:۲۵۱۶]
’’قلم اٹھا لیے گئے اور صحیفے خشک ہو گئے۔‘‘
لیکن اس کے باوجود ان کا یہ دُعا کرنا اسی معنی کی طرف اشارہ ہے کہ دُعا بھی تقدیر ہی میں شامل ہے‘ اس سے باہر نہیں۔ اور یہ کہ اللہ تعالیٰ کا علم اور ارادہ اسے مجبور نہیں کرتا۔ اس حیثیت سے جب اللہ کو پکاریں تو دُعا قبول ہوتی ہے۔ دُعا کی قبولیت کا یقین اس معنی میں نہیں کہ ہم نے اللہ تعالیٰ پر اپنی طرف سے کوئی امر واجب کر دیا ہے بلکہ اس کی بنیاد اللہ تعالیٰ کا اپنا وعدہ ہے:
{ وَ قَالَ رَبُّکُمُ ادْعُوْنِیْٓ اَسْتَجِبْ لَکُمْ ط} (غافر:۶۰)
’’اور تمہارے رب نے فرمایا: مجھے پکارو‘ میں تمہاری دُعا قبول کروں گا۔‘‘
دعا کی قبولیت کی تین صورتیں
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت میں رسول اللہ ﷺ نے قبولیت کی تین صورتیں بیان فرمائی ہیں:
((مَا مِنْ مُسْلِمٍ يَدْعُو بِدَعْوَةٍ لَيْسَ فِيهَا اِثْمٌ وَ لَا قَطِيعَةُ رَحِمٍ، اِلَّا اَعْطَاهُ اللّٰہُ بِهَا اِحْدَى ثَلَاثٍ: اِمَّا اَنْ یُعَجِّلَ لَهُ دَعْوَتُهُ، وَ اِمَّا اَنْ يَدَّخِرَهَا لَهُ فِي الْآخِرَةِ، وَ اِمَّا اَنْ يَصْرِفَ عَنْهُ مِنَ السُّوءِ مِثْلَهَا. قَالُوا: اِذًا نُكْثِرُ؟ قَالَ: اللّٰہُ اَكْثَرُ.)) [مسند احمد:۱۱۱۳۳]
’’کوئی مسلمان ایسی دُعا نہیں کرتا جس میں گناہ یا قطع رحمی نہ ہو‘ مگر اللہ تعالیٰ اس کے بدلے اسے تین میں سے ایک چیز عطا کرتا ہے: یا اس کی دُعا (کا مطلوب) جلد عطا کر دیتا ہے‘ یا اسے اس کے لیے آخرت میں محفوظ کر لیتا ہے‘ یا اس جیسی کوئی برائی اس سے پھیر دیتا ہے۔‘‘ صحابہ نے عرض کیا: تب تو ہم کثرت سے دُعا کریں گے۔ فرمایا: ’’اللہ (کا عطا فرمانا)اس سے بھی زیادہ ہے۔‘‘
کبھی مطلوب اسی دنیا میں مل جاتا ہے‘ کبھی اس کا اجر اور فائدہ آخرت کے لیے محفوظ ہوتا ہے‘ اور کبھی بندے کو وہ شے تو نہیں ملتی جسے اس نے مانگا تھا‘ مگر اس کے مانند کوئی تکلیف دفع ہو جاتی ہے۔ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے یہ سنا تو عرض کیا کہ پھر ہم دُعا کی کثرت کریں گے۔ جواب میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی عطا کی وسعت بتائی گئی کہ اس کے خزانے میں کوئی کمی نہیں۔ یوں دُعا شرائط اور آداب کے ساتھ ہر صورت میں نفع کا باعث ہے‘ اگرچہ اس نفع کی صورت ہمیشہ بندے کے اندازے کے مطابق نہیں ہوتی۔
اس بات سے تمام اشکالات کسی درجے میں رفع ہو جاتے ہیں کہ اللہ سبحانہٗ وتعالیٰ کو اپنے اوپر‘ اور اس کے علم و ارادے کو اپنے علم و ارادے پر قیاس نہ کیا جائے۔ انسانی سطح پر ہم کہتے ہیں کہ پہلے فلاں وقت یہ طے کیا تھا‘ اب اس کے برخلاف کیسے ہو۔ مگر اللہ تعالیٰ زمان و مکان میں مقید نہیں۔ وہ فاعلِ مختار ہے اور جو چاہتا ہے کرتا ہے۔ اہل علم اور بزرگوں کے واقعات میں دُعا کی تاثیر اور اس کے بارے میں یقین کی جو کیفیت ملتی ہے‘ وہ اسی تعلق کا مظہر ہے۔ بعض اوقات ہمارے اندر وہ کامل یقین نہیں ہوتا اور اسی لیے ہمیں اشکالات لاحق ہوتے ہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ کو پکارتے ہوئے بھی کسی خاص سبب کو سامنے رکھتے ہیں۔ دل میں یہ طے ہوتا ہے کہ مدد آئے گی تو زید‘ بکر یا کسی اور شخص کے ذریعے آئے گی۔ گویا اللہ بھی انہی اسباب کا محتاج ہے جو ہمارے ذہن میں موجود ہیں۔ دُعا کے آداب کے لحاظ سے یہ محدود نگاہ ہے۔ جب بندہ مسبّب الاسباب کو پکار رہا ہو‘ تو اس کی نظر صرف مانوس اسباب پر بند نہ رہے۔ اللہ چاہے تو کوئی نیا سبب پیدا کر سکتا ہے اور ایسے راستے سے عطا فرما سکتا ہے جس کا بندے کو گمان تک نہ ہو۔ قرآن مجید میں فرمایا:
{وَّ یَرْزُقْـہُ مِنْ حَیْثُ لَا یَحْتَسِبُ ط} (الطلاق:۳)
’’اور (اللہ) اسے (بندے کو)وہاں سے رزق دیتا ہے جہاں سے اسے گمان بھی نہیں ہوتا۔‘‘
لہٰذا اللہ تعالیٰ سے ایسا حسنِ ظن رکھا جائے جو اُس کی عظمت‘ جلال اور قدرت کے شایانِ شان ہو‘ نہ کہ ایسا تصور جس میں اُس کی عطا کو اپنے معلوم وسائل تک محدود کر دیا جائے۔ حدیث ِقدسی میں ہے:
((اَنَا عِنْدَ ظَنِّ عَبْدِي بِي، فَلْيَظُنَّ بِي مَا شَاءَ.)) [مسند احمد:۱۶۰۱۶]
’’میں اپنے بندے کے میرے بارے میں گمان کے مطابق(معاملہ کرتا)ہوں۔ پس وہ میرے بارے میں جو چاہے گمان رکھے۔‘‘
مثلاً ایک شخص یہ سمجھتا ہے کہ اس کی ہر ضرورت صرف مال ہی سے پوری ہو سکتی ہے۔ دُعا کرتے وقت بھی اس کی پوری نظر اسی پر ہے کہ رقم مل جائے تو کام ہوگا۔ جب وہ اللہ تعالیٰ کی عطا کے متعلق اپنا گمان انہی وسائط تک محدود رکھتا ہے تو اسے انہی اسباب سے بقدرِ ضرورت حاصل ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں دوسرا شخص اللہ تعالیٰ کو اس یقین سے پکارتا ہے کہ وہ چاہے مال کے ذریعے عطا کرے‘ چاہے کوئی نیا سبب پیدا کر دے‘ چاہے معلوم اسباب کے بغیر کام بنا دے۔ دونوں کی قلبی کیفیت یکساں نہیں۔ دُعا کے وقت غور کرنا چاہیے کہ اللہ کے بارے میں ہمارا تصور کیا ہے؛ اور کیا ہم اسے اس کی شان کے مطابق پہچان رہے ہیں؟ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
{ وَمَا قَدَرُوا اللہَ حَقَّ قَدْرِہٖ ق} (الزمر)
’’اور انہوں نے اللہ کی قدر نہ کی‘ جیسی اس کی قدر کا حق ہے۔‘‘
دعا کا مقصودِ اصلی : قرب
کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم اپنے ذہن کی کسی صورت کو بڑا کر کے خدا کا تصور بنا بیٹھے ہیں اور اسی کو پکارتے چلے جا رہے ہیں؟ اور کیا اللہ تعالیٰ ہمارے لیے فی نفسہٖ مقصود ہے‘ یا محض کسی دوسری مطلوب چیز تک پہنچنے کا وسیلہ؟ جس کے لیے اللہ خود مقصود ہو‘ وہ اگر صحیح شرائط کے ساتھ دُعا کرے تو اسے لازما خدا کا قرب حاصل ہو گا۔ اس اعتبار سے مقصودِ اصلی دُعا ہی کے ساتھ حاصل ہونے لگتا ہے ‘کیونکہ اصل مطلوب اللہ کا قرب ہے۔ دنیا کو مقصود بالذات بنا لینا تو کسی اعتبار سے درست نہیں۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:
((لَيْسَ شَيْءٌ اَكْرَمَ عَلَى اللّٰهِ تَعَالٰى مِنَ الدُّعَاءِ)) [سنن الترمذی:۳۳۷۰]
’’اللہ تعالیٰ کے نزدیک دُعا سے زیادہ معزز کوئی چیز نہیں۔‘‘
اس لیے توجہ صرف اس بات پر نہ ہو کہ مطلوب ملا یا نہیں۔ پہلے یہ دیکھیے کہ دُعا درست طور پر ہوئی یا نہیں۔ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف منسوب ایک مشہور قول میں یہی توجیہہ بیان ہوئی ہے:
اِنِّي لَا اَحْمِلُ هَمَّ الْاِجَابَةِ، وَلَكِنْ اَحْمِلُ هَمَّ الدُّعَاءِ، فَاِذَا اُلْهِمْتُمُ الدُّعَاءَ فَاِنَّ الْاِجَابَةَ مَعَهُ.
’’مجھے قبولیت کی فکر نہیں‘ بلکہ دُعا کی فکر ہے۔ جب تمہیں دُعا کا الہام ہو جاتا ہے تو قبولیت اس کے ساتھ ہوتی ہے۔‘‘
ہمارے ہاں عموماً یہ رویہ پایا جاتا ہے کہ تمام اسباب برتنے کے بعد کہا جاتا ہے کہ اب تو دُعا ہی کی جا سکتی ہے‘ اور اب دُعا کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ یہ الفاظ اگرچہ سہواً کہہ دیے جاتے ہیں‘ مگر ان میں یہ مفہوم چھپا ہو سکتا ہے کہ پہلے معاملہ ہمارے اختیار یا اسباب کے دائرے میں تھا‘ اور جب ہم تمام اسباب سے مایوس ہو گئے تو اب اللہ کا کام شروع ہوا۔
ظاہر ہے یہ تصور درست نہیں۔ دُعا صرف اسباب کے ختم ہونے کے بعد نہیں‘ بلکہ سبب اختیار کرنے سے پہلے بھی‘ اختیار کرتے وقت بھی اور اس کے بعد بھی ہے۔ دُعا میں ہم مسبّب الاسباب کو پکارتے ہیں‘ اسباب کو مستقل مؤثر نہیں مانتے۔ اگر یہ کہا جائے کہ پہلے سبب سے کام چلائیں گے‘ اس سے نہ ہوا تو دُعا کر لیں گے‘ تو دل کا اعتماد اصلاً سبب پر ہوتا ہے۔
اسباب اختیار کرنا اپنی جگہ مطلوب ہے۔ دوا اس لیے اختیار کی جاتی ہے کہ علاج کا حکم اور رسول اللہ ﷺ کی سنت موجود ہے‘ نہ کہ اس عقیدے کی وجہ سے کہ دوا مشیت ِالٰہی سے آزاد کوئی قوت رکھتی ہے۔ سبب پر مستقل اعتماد اور اسی پر توکل درست نہیں۔ بندہ سبب اختیار کرتے ہوئے بھی اثر اللہ تعالیٰ سے طلب کرتا ہے۔ گویا انسان یہ کہہ رہا ہوتا ہے کہ :اے اللہ! تیرے حکم کی تعمیل میں سبب اختیار کیا ہے‘ اس کے ذریعے فائدہ بھی تُو ہی عطا فرما۔ اس اعتبار سے دُعا کو اصل سبب کہا جاتا ہے کہ اس میں درخواست اسی ہستی سے ہے جس کے اختیار میں نتیجہ ہے۔
دُعا قبول نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ بندہ اسباب کے بارے میں ایسا اعتقاد رکھتا ہو جو کامل توکل کے منافی ہو۔ دُعا کرتے وقت بھی وہ اپنی طرف سے طریقے متعین کر رہا ہوتا ہے کہ فلاں صورت سے کام ہو اور فلاں راستہ اختیار ہو۔ اس کے مقابلے میں صحیح کیفیت یہ ہے کہ سبب اختیار کیا جائے‘ مگر تاثیر اور نتیجہ مشیت ِالٰہی کے سپرد رہے۔
دعا کی قبولیت کے موانع
اب ہم ابن قیم رحمہ اللہ کی ایک عبارت کا مطالعہ کریں گے جو دُعا کے آداب ‘شرائط اور موانع کا ایک جامع بیان ہے۔ابن قیم رحمہ اللہ دُعا کی قبولیت کے موانع کو اس طرح بیان کرتے ہیں:
وَكَذَالِكَ الدُّعَاءُ، فَاِنَّهُ مِنْ اَقْوَى الْاَسْبَابِ فِي دَفْعِ الْمَكْرُوهِ وَ حُصُولِ الْمَطْلُوبِ، وَلَكِنْ قَدْ يَتَخَلَّفُ اَثَرُهُ عَنْهُ، اِمَّا لِضَعْفِهِ فِي نَفْسِهِ، بِاَنْ يَكُونَ دُعَاءً لَا يُحِبُّهُ اللّٰہُ، لِمَا فِيهِ مِنَ الْعُدْوَانِ، وَاِمَّا لِضَعْفِ الْقَلْبِ وَ عَدَمِ اِقْبَالِهِ عَلَى اللّٰہِ وَ جَمْعِيَّتِهِ عَلَيْهِ وَقْتَ الدُّعَاءِ، فَيَكُونُ بِمَنْزِلَةِ الْقَوْسِ الرَّخْوِ جِدًّا، فَاِنَّ السَّهْمَ يَخْرُجُ مِنْهُ خُرُوجًا ضَعِيفًا، وَ اِمَّا لِحُصُولِ الْمَانِعِ مِنَ الْاِجَابَةِ: مِنْ اَكْلِ الْحَرَامِ‘ وَ الظُّلْمِ‘ وَ رَيْنِ الذُّنُوبِ عَلَى الْقُلُوبِ، وَاسْتِيلَاءِ الْغَفْلَةِ وَ الشَّهْوَةِ وَ اللَّهْوِ، وَ غَلَبَتِهَا عَلَيْهَا.
’’اسی طرح دُعا ناپسندیدہ چیز کو دفع کرنے اور مطلوب حاصل کرنے کے قوی ترین اسباب میں سے ہے‘ لیکن کبھی اس کا اثر ظاہر نہیں ہوتا؛ یا خود دُعا کی کمزوری کے سبب‘ اس طرح کہ وہ ایسی دُعا ہو جسے اللہ تعالیٰ اس میں حد سے بڑھنے کی وجہ سے پسند نہیں کرتا؛ یا دل کی کمزوری‘ دُعا کے وقت اللہ کی طرف اس کے متوجہ نہ ہونے اور اس پر یکسو نہ ہونے کے سبب۔ تب وہ نہایت ڈھیلی کمان کی مانند ہوتی ہے‘ جس سے تیر کمزور نکلتا ہے؛ یا قبولیت میں کسی مانع کے سبب‘ مثلاً حرام کھانا‘ ظلم‘ دلوں پر گناہوں کا زنگ‘ اور غفلت‘ خواہش اور لہو کا ان پر چھا جانا اور غالب آ جانا۔‘‘
کبھی دُعا اپنی نوعیت کے لحاظ سے کمزور ہوتی ہے‘ کیونکہ جس چیز کا سوال کیا جا رہا ہے وہ اللہ کو پسند نہیں۔ قرآن مجید کا حکم ہے:
{اُدْعُوْا رَبَّکُمْ تَضَرُّعًا وَّخُفْیَۃً ط اِنَّہٗ لَا یُحِبُّ الْمُعْتَدِیْنَ(۵۵) } (الاعراف)
’’اپنے رب کو گڑگڑا کر اور چپکے سے پکارو۔ بے شک وہ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘
دُعا میں ’’حد سے بڑھنا ‘‘ کسی پر ناحق بددُعا‘ یا ایسی خواہش کی صورت میں بھی ہو سکتا ہے جو انسان کے مقام اور اللہ تعالیٰ کی جاری سنت کے لحاظ سے نامناسب ہو۔ یہ کہنا کافی نہیں کہ اللہ اس پر قادر ہے۔ قدرتِ الٰہی کا اقرار اپنی جگہ‘ مگر دُعا میں ادب بھی درکار ہے۔ مثال کے طور پر سفر کے لیے اونٹ‘ گھوڑا‘ گاڑی یا ہوائی جہاز اختیار کیا جاتا ہے۔ کوئی شخص دُعا کرے کہ اچانک اس کے پَر نکل آئیں اور وہ اُڑ کر مکہ و مدینہ پہنچ جائے۔ اللہ تعالیٰ یقیناً اس پر قادر ہے‘ مگر یہ بات آدابِ دُعاکے منافی ہے‘کیونکہ اللہ کی جاری سنت یہی ہے کہ انسان کے پَر نہیں ہوتے۔ یہ پرندوں کی ساخت ہے۔ کسی بندے کو غیر معمولی طور پر مختصر مدت میں منزل تک پہنچا دینا قدرتِ الٰہی سے باہر نہیں‘ اور بزرگوں کی کرامات میں ایسی باتیں نقل بھی ہوئی ہیں‘ مگر ان کا مقصود اپنے لیے غیر معمولی شان طلب کرنا نہیں ہوتا۔ رسول اللہ ﷺ کے سفرِ اسراء میں فرمایا گیا:
{ اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ لَیْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَی الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا } (الاسراء)
’’ (اللہ تعالیٰ) اپنے بندے کو رات کے ایک حصے میں مسجد ِحرام سے مسجد ِاقصیٰ تک لے گیا ۔‘‘
مگر اس کو بنیاد بنا کر اپنے لیے اسی طرح کے غیر معمولی مقام کا مطالبہ کرنا مناسب نہیں۔ دُعا کرنے والے کو اپنے مقام‘ اپنی بندگی اور سوال کے ادب پر نظر رکھنی چاہیے۔ اصل سوال ایسا نہ ہو جسے اللہ پسند نہیں کرتا۔
دنیا کی جائز چیزیں مانگنا ممنوع نہیں‘ تاہم بہت سے اہلِ سلوک کی توجہ دنیا کے مطالبات کے بجائے اللہ کے قرب پر رہی ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی دُعاؤں میں حمد‘ شکر‘ کبریائی کا اعتراف‘ آخرت کی طلب اور اللہ کی رضا کی خواہش نمایاں ہے۔ اگر دُعا صرف دنیا کے کاموں تک محدود ہو تو غور کرنا چاہیے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہمارے لیے خود مقصود ہے یا محض دنیا کے حصول کا ذریعہ! اگر قربِ الٰہی مقصود ہو تو جنت‘ رضا‘ آخرت میں قرب اور دیدار کی طلب ہماری دُعاؤں میں زیادہ نمایاں ہونی چاہیے۔
دوسری صورت یہ ہے کہ سوال تو درست ہو‘ مگر دل کمزور ہو۔ اللہ تعالیٰ کی طرف اقبال اور توجہ نہ ہو‘ یا توجہ ہو بھی تو جمعیت ِقلب نہ ہو۔ اقبال اور جمعیت میں فرق یہ ہے کہ دل اللہ کی طرف متوجہ تو ہو‘ مگر اس کے بعض گوشے دوسری طرف بھی لگے رہیں۔ ابن قیم رحمہ اللہ نے جو کمان کی مثال دی ہے وہ اسی کیفیت کو واضح کرتی ہے۔ نہایت ڈھیلی کمان سے نکلا ہوا تیر قوت کے ساتھ نہیں جاتا۔ اگر ڈور پوری قوت سے نہ کھنچے تو تیر کمزور پڑ جاتا ہے۔ اسی طرح بے توجہی اور منتشر دل کے ساتھ دُعا میں وہ قوت نہیں رہتی جو حضورِ قلب سے پیدا ہوتی ہے۔
تیسری صورت کسی مانع کا وجود ہے۔ کسی امر کے مؤثر ہونے کے لیے شرائط کا پایا جانا اور موانع کا نہ ہونا‘ دونوں ضروری ہوتے ہیں۔ حرام غذا‘ ظلم‘ گناہوں کا دل پر زنگ اور غفلت ایسے موانع ہیں جو دُعا کی قبولیت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے ایک مسافر کی مثال بیان فرمائی:
((ثُمَّ ذَكَرَ الرَّجُلَ يُطِيلُ السَّفَرَ، اَشْعَثَ اَغْبَرَ، يَمُدُّ يَدَيْهِ اِلَى السَّمَاءِ: يَا رَبِّ، يَا رَبِّ، وَ مَطْعَمُهُ حَرَامٌ، وَ مَشْرَبُهُ حَرَامٌ‘ وَ مَلْبَسُهُ حَرَامٌ، وَ غُذِيَ بِالْحَرَامِ‘ فَاَنّٰی يُسْتَجَابُ لِذٰلِكَ؟))[صحیح مسلم:۲۳۴۴]
’’پھر آپﷺ نے ایسے شخص کا ذکر فرمایا جو طویل سفر کرتا ہے‘ پراگندہ بال اور گردآلود ہے‘ آسمان کی طرف دونوں ہاتھ پھیلا کر کہتا ہے: اے میرے رب! اے میرے رب! حالاں کہ اس کا کھانا حرام‘ پینا حرام اور لباس حرام ہے‘ اور اس کی پرورش حرام سے ہوئی ہے۔ پھر ایسے شخص کی دُعا کیسے قبول ہو؟‘‘
اس مثال سے یہ بنیادی بات واضح ہوتی ہے کہ ظاہری کیفیت کے ساتھ باطنی اور عملی شرائط بھی دیکھی جائیں گی۔ اسی اصول کے تحت مکہ یا مدینہ پہنچ جانا بذاتِ خود قبولیت کی قطعی دلیل نہیں۔ قبولیت کی امید ضرور رکھی جائے‘ مگر اس کے دلائل صرف کسی مقام تک پہنچنے سے متعین نہیں ہوتے۔ اصل توجہ ایمان‘ بندگی‘ حلال غذا اور دیگر شرائط پر ہونی چاہیے۔
سورۃ البقرہ میں رمضان کے احکام کے درمیان دُعا کی آیت آئی ہے :
{وَاِذَا سَاَلَکَ عِبَادِیْ عَنِّیْ فَاِنِّیْ قَرِیْبٌ ط اُجِیْبُ دَعْوَۃَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِ لا } (البقرۃ:۱۸۶)
’’اور جب میرے بندے آپ سے میرے بارے میں پوچھیں تو میں قریب ہوں۔ پکارنے والے کی دُعا قبول کرتا ہوں‘ جب وہ مجھے پکارتا ہے۔‘‘
اور اسی کے سیاق میں ایک آیت کے بعد فرمایا:
{وَلَا تَاْکُلُوْٓا اَمْوَالَـکُمْ بَیْنَـکُمْ بِالْبَاطِلِ } (البقرۃ:۱۸۸)
’’اور آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق طریقے سے نہ کھاؤ۔‘‘
اہل ِعلم نے اس ربط کی طرف توجہ دلائی ہے کہ دُعا کی قبولیت کے وعدے کے ساتھ بندے کا عملی رویہ بھی اہم ہے۔ باطل طریقے سے مال کھانا اور حرام کمائی کرنا قبولیت کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔ خود دُعا والی آیت میں فرمایا:
{ فَلْیَسْتَجِیْبُوْا لِیْ وَلْیُؤْمِنُوْا بِیْ لَعَلَّہُمْ یَرْشُدُوْنَ(۱۸۶)} (البقرۃ)
’’پس انہیں چاہیے کہ میری بات قبول کریں اور مجھ پر ایمان رکھیں‘ تاکہ راہِ راست پائیں۔‘‘
دعا:عبدیت کا اظہار‘ حکم نہیں
بندہ اللہ کو پکارتا بھی ہے تو شریعت کی پیروی اور ایمان کے ساتھ پکارے۔ کبھی دعویٰ اللہ کو پکارنے کا ہوتاہے‘ مگر اعتماد اسباب پر قائم رہتا ہے اور اللہ کو صرف اپنی مطلوب چیز کے لیے ذریعہ بنا لیا جاتا ہے۔ غور کرنا چاہیے کہ کیا ہم اللہ تعالیٰ کو واقعی اس پر ایمان رکھ کر پکارتے ہیں‘ اور کیا ہماری کیفیت عبد کی ہے یا‘ نعوذ باللہ‘ حکم دینے والے کی؟
عبد کی حیثیت سے پکارنے کا مطلب یہ ہے کہ میں اپنی کامل مصلحت نہیں جانتا‘ میری قدرت مستقل نہیں‘ اور میری بھلائی کا پورا علم تجھے ہے۔ قرآن مجید فرماتا ہے:
{وَاللہُ یَعْلَمُ وَاَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ(۲۱۶)}(البقرۃ)
’’اور اللہ جانتا ہے‘ جب کہ تم نہیں جانتے۔‘‘
اگر انسان یہ سمجھ کر پکارے کہ اپنی مصلحت تو میں جانتا ہوں‘ اللہ کا کام صرف میرے طے کردہ مطالبے کو پورا کرنا ہے‘ تو یہ بندگی کی کیفیت نہیں۔ بندہ علم و قدرت میں اپنی محتاجی تسلیم کر کے پکارے‘ نہ کہ اپنی طرف سے اللہ کے لیے حکم جاری کرے۔کبھی کوئی منکر ِخدا کہتا ہے کہ اللہ کو پکار کر دیکھتے ہیں‘ جواب آیا تو مان لیں گے۔ ایسی پکار میں دُعا کی مطلوب کیفیات اور احوال موجود نہیں ہوتے۔ دُعا محض کوئی امتحان نہیں‘ جیسے کسی گھر کو دور سے پکارا اور جواب نہ آیا تو یہ نتیجہ نکال لیا کہ وہاں کوئی موجود نہیں۔ دُعا ایمان‘ عبودیت‘ اقبال‘ توکل اور صحیح تصورِ الٰہی کے ساتھ پکارنے کا نام ہے۔ جہاں قرآن مجید نے دُعا کا حکم دیا‘ وہاں بندے کے ایمان اور اطاعت کی کیفیت بھی بتائی۔
قرآن مجید نے مشرکین کے اس رویے کا ذکر کیا ہے کہ تکلیف میں اللہ کو پکارتے ہیں‘ اور راحت ملنے پر بالکل غافل ہو جاتے ہیں۔ یہ دل پر غفلت کا غلبہ بھی دُعا کی قبولیت میں ایک مانع بن جاتا ہے۔ ایک روایت میں فرمایا گیا ہے:
((ادْعُوا اللّٰهَ وَاَنْتُمْ مُوقِنُونَ بِالْاِجَابَةِ، وَ اعْلَمُوا اَنَّ اللّٰهَ لَا يَسْتَجِيبُ دُعَاءً مِنْ قَلْبٍ غَافِلٍ لَاهٍ)) [سنن الترمذی: ۳۴۷۹]
’’اللہ کو اس یقین کے ساتھ پکارو کہ (دُعا) قبول ہوگی‘ اور جان لو کہ اللہ غافل اور بے پروا دل کی دُعا قبول نہیں کرتا۔‘‘
دعاکی قبولیت کی شرائط
ان موانع کے بیان کے بعد ابن قیم رحمہ اللہ نے دُعا کی قبولیت کی چند شرائط بیان فرمائی ہیں:
’’جب دُعا کے ساتھ دل کی حاضری اور مطلوب پر اس کی مکمل یکسوئی جمع ہو‘ اور قبولیت کے چھ اوقات میں سے کوئی وقت بھی مل جائے‘ یعنی رات کا آخری تہائی حصہ‘ اذان کے اوقات‘ اذان و اقامت کے درمیان کا وقت‘ فرض نمازوں کے آخر میں‘ جمعہ کے دن امام کے منبر پر چڑھنے سے اس دن کی نماز پوری ہونے تک‘ اور عصر کے بعد آخری گھڑی‘ اور دل میں خشوع‘ رب کے سامنے انکسار‘ اس کے لیے عاجزی‘ تضرع اور رقت بھی ہو تو دُعا کرنے والا قبلے کی طرف رخ کرے‘ طہارت کی حالت میں ہو‘ اللہ کی طرف ہاتھ اٹھائے‘ اللہ کی حمد و ثنا سے ابتدا کرے‘ پھر حضرت محمد ﷺ پر درود بھیجے‘ اپنی حاجت پیش کرنے سے پہلے توبہ و استغفار کرے‘ پھر اللہ کے حضور آئے‘ سوال میں اصرار کرے‘ نیازمندی ظاہر کرے‘ امید اور خوف کے ساتھ اسے پکارے‘ اس کے ناموں‘ صفات اور توحید کے ذریعے اس کا قرب طلب کرے‘ اور دُعا سے پہلے صدقہ پیش کرے‘ تو ایسی دُعا تقریباً کبھی رد نہیں ہوتی‘ خصوصاً جب وہ ان دُعاؤں کے موافق بھی ہو جن کے بارے میں نبی ﷺ نے خبر دی کہ وہ قبولیت کا مظنہ ہیں‘ یا ان میں اسمِ اعظم شامل ہے۔‘‘
اس عبارت میں دُعا کے ساتھ حضورِ قلب اور پورے دل کی جمعیت مطلوب ہے۔ پچھلی عبارت میں عدمِ اقبال اور عدمِ جمعیت دُعا کی کمزوری کے اسباب تھے۔ یہاں ان کے مقابلے میں یہ ہے کہ پورا دل اللہ کی طرف حاضر اور متوجہ ہو۔ اس کے ساتھ قبولیت کے اوقات کا بھی ذکر کیا گیاہے۔ حضورِ قلب کے ساتھ خشوع اور رب کے سامنے انکسار بھی ہو۔ بندہ اپنی بے بسی کو پہچانے اور مضطر کی طرح پکارے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
{اَمَّنْ یُّجِیْبُ الْمُضْطَرَّ اِذَا دَعَاہُ وَیَکْشِفُ السُّوْٓئَ وَیَجْعَلُکُمْ خُلَفَآئَ الْاَرْضِ ط}(النمل:۶۲)
’’کون ہے جو بے قرار کی دُعا قبول کرتا ہے جب وہ اسے پکارتا ہے‘ اور تکلیف دور کرتا ہے‘ اور تمہیں زمین میں جانشین بناتا ہے؟‘‘
اضطرار کی کیفیت یہ ہے کہ بندہ اسباب کو اپنا مستقل سہارا نہ سمجھے۔ دُعا کے وقت نگاہ اسباب پر نہ ہو اگرچہ اس کے پاس اسباب مہیا ہوں۔اگر تمام اعتماد اللہ پر ہو تب ہی دل میں بے بسی اور محتاجی کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔
ابن قیم رحمہ اللہ نے قبلہ رخ ہونے‘ طہارت کی حالت میں رہنے اور اللہ کی طرف ہاتھ اٹھانے کا بھی ذکر کیا ہے۔ طہارت میں وضو کی حالت بھی شامل ہے۔ ہاتھ اٹھانے کے بارے میں رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:
((اِنَّ رَبَّكُمْ تَبَارَكَ وَ تَعَالٰى حَيِيٌّ كَرِيمٌ، يَسْتَحْيِي مِنْ عَبْدِهِ اِذَا رَفَعَ يَدَيْهِ اِلَيْهِ اَنْ يَرُدَّهُمَا صِفْرًا.))[بلوغ المرام:۱۳۴۴]
’’بے شک تمہارا رب‘ تبارک وتعالیٰ‘ حیا والا‘ کرم فرمانے والا ہے۔ جب اس کا بندہ اپنے دونوں ہاتھ اس کی طرف اٹھاتا ہے تو وہ انہیں خالی لوٹانے سے حیا فرماتا ہے۔‘‘
عرفہ کے موقع پر بھی رسول اللہ ﷺ کا ہاتھ اٹھا کر دُعا کرنا منقول ہے۔ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہما روایت کرتے ہیں :
كُنْتُ رَدِيفَ النَّبِيِّ ﷺ بِعَرَفَاتٍ، فَرَفَعَ يَدَيْهِ يَدْعُو.[صحیح النسائی:۳۰۱۱]
’’میں عرفات میں نبی ﷺ کے پیچھے (سواری پر)بیٹھا تھا‘ تو آپﷺ نے دُعا کرتے ہوئے اپنے دونوں ہاتھ اٹھائے۔‘‘
اسی طرح استسقاء کی دُعا میں ہاتھ زیادہ بلند اٹھانے کی تفصیل بھی صحیح روایت میں آئی ہے:
وَاِنَّهُ يَرْفَعُ حَتّٰى يُرَى بَيَاضُ اِبْطَيْهِ. [صحیح البخاری:۱۰۳۱، صحیح مسلم:۲۰۷۶]
’’اور آپؐ ہاتھ اتنے اٹھاتے تھے کہ آپ ؐکی بغلوں کی سفیدی دکھائی دیتی تھی۔‘‘
دُعا کی ابتدا اللہ تعالیٰ کی حمد اور ثنا سے ہو‘ پھر محمد رسول اللہﷺ پر درود بھیجا جائے۔ اپنی حاجت پیش کرنے سے پہلے شعوری طور پر توبہ و استغفار کی جائے۔ اس کے بعد اللہ سے مانگا جائے‘ اور مانگنے میں الحاح ہو۔ محض چند بے جان الفاظ پڑھ کر فارغ نہ ہو جائے‘ بلکہ اصرار‘ نیازمندی اور دل کی طلب کے ساتھ دُعا کرے۔ الحاح کا مطلب اللہ پر اپنی طرف سے کوئی شرط لگانا یا اپنی مرضی مسلط کرنا نہیں بلکہ بندگی کے ساتھ مسلسل سوال کرنا ہے۔
عبارت میں تملق کا لفظ بھی آیا ہے۔ یہاں اس سے مراد اللہ کے حضور نیازمندی‘ اس کی بڑائی کا اقرار اور اس کے اسماء و صفات کے ساتھ عرضِ حاجت ہے۔ رغبت اور رہبت دونوں ہوں۔ یعنی اللہ کی رحمت کی امید بھی‘ اور اس کے حضور جواب دہی کا خوف بھی۔ اللہ تعالیٰ کے اسماء‘ صفات اور توحید کے ذریعے توسل کیا جائے۔ اسماء و صفات کا توسل خود قرآن مجید سے ثابت ہے:
{وَلِلہِ الْاَسْمَآئُ الْحُسْنٰی فَادْعُوْہُ بِہَاص}(الاعراف:۱۸۰)
’’اور اللہ ہی کے لیے بہترین نام ہیں‘ پس اسے انہی ناموں سے پکارو۔‘‘
رسول اللہ ﷺ کی طرف منسوب ایک روایت میں کثرتِ دُعا کے وقت یہ ندا آئی ہے:
اِذَا اجْتَهَدَ فِي الدُّعَاءِ قَالَ: يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ.[زاد المعاد ۴/ ۱۸۸]
’’جب نبی ﷺ دُعا میں بہت کوشش فرماتے تو کہتے: يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ!‘‘
اسی طرح ایک دوسری روایت میں آتا ہے:
((اَلِظُّوا بِيَا ذَا الْجَلَالِ وَالْاِكْرَامِ.)) [سنن الترمذی:۳۵۲۴]
’’یا ذوالجلال والاکرام کے ساتھ (دُعا میں) لگے رہو۔‘‘
یعنی ان الفاظ کے ساتھ بار بار اللہ تعالیٰ کو پکارا جائے۔ ابن قیم رحمہ اللہ نے دُعا سے پہلے صدقہ کرنے کا ذکر بھی کیا ہے۔ ان کیفیات اور آداب کے ساتھ کی جانے والی دُعا تقریباً ردّ نہیں ہوتی (عبارت میں لَا يَكَادُ يُرَدُّّ کے الفاظ آئے ہیں‘ یعنی اگرچہ اللہ پر کوئی جبر یا اکراہ نہیں‘ لیکن نصوص سے پتا چلتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ایسی دُعا کی قبولیت کا وعدہ کیا ہے)۔ موانع نہ ہوں‘ حرام غذا اور غفلت نہ ہو‘ اللہ کی طرف کامل توجہ اور اسی پر توکل ہو‘ بندگی کے ساتھ پکار ہو‘ اور یہ آداب جمع ہوں تو قبولیت کی امید نہایت قوی ہوتی ہے۔ اس سب کی بنیاد اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے:
{ وَقَالَ رَبُّکُمُ ادْعُوْنِیْٓ اَسْتَجِبْ لَکُمْ ط اِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَکْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ سَیَدْخُلُوْنَ جَہَنَّمَ دٰخِرِیْنَ(۶۰) } (غافر)
’’اور تمہارے رب نے فرمایا: مجھے پکارو‘ میں تمہاری دُعا قبول کروں گا۔ بے شک جو لوگ میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں‘ وہ عنقریب ذلیل ہو کر جہنم میں داخل ہوں گے۔‘‘
دُعا اور اسم اعظم
ابن قیم رحمہ اللہ نے مزید یہ فرمایا کہ اگر یہ دُعا ان دُعاؤں کے موافق بھی ہو جنہیں رسول اللہ ﷺ نے قبولیت کا مظنہ بتایا ہے یا جن میں اسمِ اعظم ہونے کی خبر دی ہے‘ تو قبولیت کی امید اور بڑھ جاتی ہے۔ دُعا میں وہی توحید‘ ثنا اور بندگی کے الفاظ بھی آ جائیں جو نبوی تعلیم میں موجود ہیں‘ تو یہ نورٌ علیٰ نور کی کیفیت ہے۔
ایک روایت میں ہے ایک شخص نے ان الفاظ کے ساتھ دُعا کی:
اللّٰہُمَّ اِنِّي اَسْاَلُكَ بِاَنِّي اَشْهَدُ اَنَّكَ اَنْتَ اللّٰهُ، لَا اِلٰهَ اِلَّا اَنْتَ الْاَحَدُ الصَّمَدُ، الَّذِي لَمْ يَلِدْ وَ لَمْ يُولَدْ وَ لَمْ يَكُنْ لَهُ كُفُوًا اَحَدٌ.
’’اے اللہ! میں تجھ سے اس بنا پر سوال کرتا ہوں کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ تُو ہی اللہ ہے‘ تیرے سوا کوئی معبود نہیں‘ تُو یکتا‘ بے نیاز ہے‘ جس نے نہ کسی کو جنا‘ نہ وہ جنا گیا‘ اور کوئی اس کا ہمسر نہیں۔‘‘
رسول اللہ ﷺ نے اس کی دعا سن کر اس کے بارے میں فرمایا:
((وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ، لَقَدْ سَاَلَ اللّٰہَ بِاسْمِهِ الْاَعْظَمِ الَّذِي اِذَا دُعِيَ بِهِ اَجَابَ، وَاِذَا سُئِلَ بِهِ اَعْطَى.)) [صحیح الترمذی:۳۴۷۵]
’’اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اس نے اللہ تعالیٰ سے اُس کے اسمِ اعظم کے ذریعے سوال کیا ہے‘ جس کے ساتھ اسے پکارا جائے تو وہ جواب دیتا ہے‘ اور جس کے ساتھ اس سے سوال کیا جائے تو وہ عطا فرماتا ہے۔‘‘
ایک دوسری روایت میں یہ الفاظ ہیں:
اللّٰہُمَّ اِنِّي اَسْاَلُكَ بِاَنَّ لَكَ الْحَمْدَ، لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ الْمَنَّانُ، بَدِيعُ السَّمَوَاتِ وَ الْاَرْضِ، يَا ذَا الْجَلَالِ وَ الْاِكْرَامِ، يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ.
’’اے اللہ! میں تجھ سے اس بنا پر سوال کرتا ہوں کہ حمد تیرے ہی لیے ہے‘ تیرے سوا کوئی معبود نہیں‘ تُو بہت احسان فرمانے والا‘ آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے۔ اے جلال اور اکرام والے! اے زندہ! اے(سب کو)قائم رکھنے والے!‘‘
یہ دُعا سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
((لَقَدْ دَعَا اللّٰهَ بِاسْمِهِ الْعَظِيمِ الَّذِي اِذَا دُعِيَ بِهِ اَجَابَ وَ اِذَا سُئِلَ بِهِ اَعْطَى)) [سنن ابی داوٗد:۱۴۹۵]
’’اس نے اللہ کو اس کے عظیم نام کے ساتھ پکارا ہے‘ جس کے ساتھ اسے پکارا جائے تو وہ جواب دیتا ہے‘ اور جس کے ساتھ اس سے سوال کیا جائے تو وہ عطا فرماتا ہے۔‘‘
بیہقی کی ایک روایت میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی طرف اسمائے الٰہی کے ساتھ یہ دُعا منسوب ہے:
اللّٰہُمَّ اِنِّي اَسْاَلُكَ بِجَمِيعِ اَسْمَائِكَ الْحُسْنَى كُلِّهَا، مَا عَلِمْنَا مِنْهَا وَ مَا لَمْ نَعْلَمْ، وَ اَسْاَلُكَ بِاسْمِكَ الْعَظِيمِ الْاَعْظَمِ، الْكَبِيرِ الْاَكْبَرِ، وَالَّذِي مَنْ دَعَاكَ بِهِ اَجَبْتَهُ، وَ مَنْ سَاَلَكَ بِهِ اَعْطَيْتَهُ.
’’اے اللہ! میں تیرے تمام اچھے ناموں (کے وسیلے) سے تجھ سے سوال کرتی ہوں‘ جنہیں ہم جانتے ہیں اور جنہیں ہم نہیں جانتے۔ اور تیرے عظیم‘ اعظم‘ بڑے‘ سب سے بڑے نام (کے وسیلے) سے سوال کرتی ہوں‘ اور اس (نام کے وسیلے)سے کہ جو اس کے ساتھ تجھے پکارے‘ تو تُو اسے جواب دیتا ہے‘ اور جو اس کے ساتھ تجھ سے مانگے‘ تو تُو اسے عطا فرماتا ہے۔‘‘
حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت یونس علیہ السلام کی دُعا کے متعلق فرمایا:
((دَعْوَةُ ذِي النُّونِ اِذْ دَعَا وَهُوَ فِي بَطْنِ الْحُوتِ: لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ سُبْحَانَكَ اِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ. فَاِنَّهُ لَمْ يَدْعُ بِهَا رَجُلٌ مُسْلِمٌ فِي شَيْءٍ قَطُّ اِلَّا اسْتَجَابَ اللّٰہُ لَهُ.)) [سنن الترمذی:۳۵۰۵]
’’ذوالنون علیہ السلام کی وہ دُعا‘ جب انہوں نے مچھلی کے پیٹ میں دُعا کی: لَا اِلٰـهَ اِلَّا اَنْتَ سُبْحَانَكَ اِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ ۔ کوئی مسلمان کسی معاملے میں ان الفاظ سے دُعا نہیں کرتا‘ مگر اللہ اس کی دُعا قبول فرماتا ہے۔‘‘
سورۃ الانبیاء کے اس حصے میں انبیاء کرام علیہم السلام کی دُعائیں اور ان کی قبولیت مسلسل بیان ہوئی ہیں۔ حضرت نوح علیہ السلام کے بارے میں فرمایا:
{وَنُوْحًا اِذْ نَادٰی مِنْ قَبْلُ فَاسْتَجَبْنَا لَہٗ } (الانبیاء:۷۶)
’’اور نوح کو(یاد کیجیے)‘ جب اس سے پہلے انہوں نے پکارا‘ تو ہم نے ان کی دُعا قبول کی۔‘‘
حضرت ایوب علیہ السلام کی پکار یہ تھی:
{وَاَیُّوْبَ اِذْ نَادٰی رَبَّہٗٓ اَنِّیْ مَسَّنِیَ الضُّرُّ وَاَنْتَ اَرْحَمُ الرّٰحِمِیْنَ(۸۳) } (الانبیاء)
’’اور ایوب کو(یاد کیجیے)‘ جب انہوں نے اپنے رب کو پکارا کہ مجھے تکلیف پہنچی ہے‘ اور تُو سب رحم کرنے والوں سے بڑھ کر رحم فرمانے والا ہے۔‘‘
پھر فرمایا:
{فَاسْتَجَبْنَا لَہٗ فَکَشَفْنَا مَا بِہٖ مِنْ ضُرٍّ } (الانبیاء:۸۴)
’’پس ہم نے ان کی دُعا قبول کی اور جو تکلیف انہیں تھی اسے دور کر دیا۔‘‘
حضرت یونس علیہ السلام کے بارے میں فرمایا:
{فَنَادٰی فِی الظُّلُمٰتِ اَنْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّآ اَنْتَ سُبْحٰنَکَ ق اِنِّیْ کُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْنَ(۸۷)} (الانبیاء)
’’پھر انہوں نے اندھیروں میں پکارا کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں‘ تُو پاک ہے‘ بے شک میں ظالموں میں سے تھا۔‘‘
اس کے بعد فرمایا:
{فَاسْتَجَبْنَا لَہٗ لا وَنَجَّیْنٰہُ مِنَ الْغَمِّ ط } (الانبیاء:۸۸)
’’پس ہم نے ان کی دُعا قبول کی اور انہیں غم سے نجات دی۔‘‘
حضرت زکریا علیہ السلام کی دُعا یوں بیان ہوئی:
{وَزَکَرِیَّآ اِذْ نَادٰی رَبَّہٗ رَبِّ لَا تَذَرْنِیْ فَرْدًا وَّاَنْتَ خَیْرُ الْوٰرِثِیْنَ(۸۹) } (الانبیاء)
’’اور زکریا کو (یاد کیجیے)‘ جب انہوں نے اپنے رب کو پکارا (اور کہا ) اے میرے رب! مجھے اکیلا نہ چھوڑ‘ اورتُو سب وارثوں سے بہتر ہے۔‘‘
پھر فرمایا:
{فَاسْتَجَبْنَا لَہٗ ز وَوَہَبْنَا لَہٗ یَحْیٰی } (الانبیاء:۹۰)
’’پس ہم نے ان کی دُعا قبول کی اور انہیں یحییٰ عطا کیے۔‘‘
حضرت زکریا علیہ السلام کے بارے میں سورۂ مریم میں فرمایا:
{ذِکْرُ رَحْمَتِ رَبِّکَ عَبْدَہٗ زَکَرِیَّا(۲) } (مریم)
’’یہ ذکر ہے آپؐکے رب کی رحمت کا جو اُس نے اپنے بندے زکریاؑ پر کی۔‘‘
{اِذْ نَادٰی رَبَّہٗ نِدَآءً خَفِیًّا(۳) } (مریم)
’’جب انہوں نے اپنے رب کو چپکے سے پکارا۔‘‘
خفیہ پکار‘ حضورِ قلب‘ نیازمندی اور صحیح تعلق‘ دُعا کے ان آداب میں شامل ہیں جو قرآن مجید کی ان مثالوں سے سامنے آتے ہیں۔ ان آیات میں دُعا کے آداب بالکل واضح ہیں: اپنی محتاجی کا اظہار‘ اللہ تعالیٰ کی رحمت کا اقرار‘ اُس کی پاکی اور توحید‘ جبکہ اپنی کوتاہی کا اعتراف۔
حاصل بحث
عقیدۂ تقدیر کو دُعا کی قبولیت میں رکاوٹ نہیں بلکہ اس کی روح سمجھنا چاہیے۔ اللہ کی مشیت کو نافذ مانے بغیر کامل اقبال‘ توکل اور تفویض کا کوئی معنی نہیں۔ دُعا اسی تقدیر میں شامل ایک سبب ہے‘ اور اس میں بندہ مسبّب الاسباب سے تعلق قائم کرتا ہے۔ حضورِ قلب‘ حلال غذا‘ اطاعت‘ ایمان‘ تضرع اورما ٔثور آداب کے ساتھ پکارا جائے تو دُعا کا حقیقی تعلق پیدا ہوتا ہے۔ اسی کی اصلاح اس بحث کا مقصود ہے‘ تاکہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہمارا تعلق محض الفاظ کا نہ رہے‘ بلکہ سچی بندگی کی صورت اختیار کرے۔
آئندہ گفتگو میں ایمان کی بحث سے پہلے سابقہ مضامین کا اعادہ‘ ’’العقيدۃ الطحاويہ‘‘کی منتخب عبارتوں سے کریں گے۔ اب تک کے تمام مباحث متاخرین کے اسلوب میں پیش ہوئے تھے۔ ’’العقيدۃ الطحاويہ‘‘ میں انہی بنیادی مضامین کا ایک دوسرا اسلوب سامنے آئے گا۔ اس مطالعے سے گزشتہ گفتگو تازہ ہو جائے گی‘ جس کے بعد ایمان کا موضوع شروع ہوگا‘ ان شاء اللہ!