(کتاب نما) تعارف و تبصرہ - ادارہ

10 /
تعارف و تبصرہ
 
نام کتاب:تنظیم ِاُمّت
مصنّف:خلیل الرحمٰن چشتی
صفحات:284  ‘ قیمت :  1200روپے   
ملنے کا پتہ:خلیل الرحمن چشتی اسلام آباد  (فون:03005560900)
 
اقوام کیوں ناکام ہوتی ہیں؟ ایک ہی خطے میں ہونے کے باوجود ان میں سے کچھ ترقی اور کچھ تنزلی کا سفر کرتی ہیں۔ ان کی ترقی اور تنزلی میں ثقافت‘ مذہب‘ جغرافیہ‘ صلاحیت یا نسل کے حوالے سے کون سا عامل زیادہ اثر انگیز ہے ‘اس کا فیصلہ کرنا آسان نہیں ۔ منتشر نظریات کی حامل قوم نہ منظم معاشرہ ‘ نہ منظم ادارے اور نہ ہی ایک منظم ریاست کو جنم دے سکتی ہے۔ وہ کون سے معاشی‘ معاشرتی‘ اخلاقی عوامل ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر کوئی انفرادیت کسی اجتماعیت تک کا مرحلہ طے کرتی ہے؟ اجتماعیت کا ہدف کیا ہو گا؟ اجتماعیت اگر اپنا ہدف کھو د ے گی تواقوام کی راہوں کو مزید تاریک بنا دے گی۔ اگر اجتماعیت مضبوط اخلاقی بنیادوں پر قائم ہو گی تو وہ اپنے ہدف کے حصول میں کامیابی کے  نسبتاً زیادہ امکانات رکھتی ہے۔اجتماعیت اگر ہوس ملک گیری کے لیے بنے گی تو تاریخ اس کو ’’تموچن‘‘ کی شکل میں اقوام کی تباہی کا باعث بنتے دیکھے گی۔نپولین کو یورپی میدانوں سے روس کے برفیلے علاقوں تک خون سے نہلانے کا باعث بن جائے گی۔ تیمور لنگ جیسے کردار انسانی کھوپڑیوں کے پہاڑ بناتے نظر آئیں گے۔ اجتماعیت اگر معاشی محرومیوں کا بدلہ لینے کے لیے تشکیل دی جائے گی تو وہ ’’داس کیپٹل ‘‘ جیسی رہنمائی پائے گی اور لاکھوں لوگوں کے قتل عام کا باعث بن جائے گی۔
اسلام اجتماعیت کے ضمن میں کس قسم کی ہدایات دیتا ہے اور اس کے لیے کیا فکری بنیادیں مہیا کرتا ہے؟  اس اجتماعیت کا ہدف کیا ہو گا اور وہ ہمارے اجتماعی رویوں پر کیسے اثر انداز ہو گا؟ اخلاقی انفرادیت اجتماعیت میں کیسے بدل جائے گی؟ عبادات کا ایک ایسا نظام جو ہماری انفرادی نماز کو اجتماعی نماز میں اورجمعۃ المبارک‘ عیدین سے ہوتا ہوا حج جیسے عالمی اجتماع تک پہنچ جائے۔ صیام و قیامِ رمضان کا نظام بھی اجتماعیت کو صحیح رخ پر گامزن رکھنے کے لیے مضبوط بنیادیں فراہم کرتا ہے۔ معاشرتی نظم قائم کرنے کے لیے گھر ‘ خاندان‘ معاشرہ‘ ریاست سے اُمت کے وسیع تر تصور اُجاگر کرتا ہے۔ سیاسی نظم کو قائم کرنے کے لیے نظریاتی مواد ہمیں نہ صرف قرآن و حدیث سے حاصل ہوتا ہے بلکہ خلافت راشدہ سے بھی۔ مسلمانوں کی چودہ سو سالہ تاریخ بھی بہت سے تجربات سے ہمیں آگاہی فراہم کرتی ہے۔
زیر تبصرہ کتاب پانچ ابواب پر مشتمل ہے:
(۱)    جماعت اور الجماعت (۲)  بیعت   (۳)  امیر اور اس کی اطاعت کے احکام
(۴)   سمع و طاعت(۵)   شورائیت
پہلے باب میں اجتماعیت کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے مسجد‘ خاندان‘ ریاست اوراُمت کے کردار کو بیان کیا گیا ہے۔ اُمت ِمسلمہ ایک عمار ت کی طرح ہے جس کی اخلاقی بنیادوں کو نماز‘سفر‘ زکوٰۃ‘ روزوں‘ حج کی اجتماعیت سے بنایا گیا ہے۔اس مقصد کے لیے منظم جدوجہد کے لیے کسی جماعت سے جڑنا اور قرآن و سنت کی اخلاقی بنیادوں پر اجتماعیت تشکیل دینا‘ نیز جماعت سے اعراض کی وضاحت احادیث کی روشنی میں کی گئی ہے۔
دوسرا باب اس نظام بیعت سے بحث کرتا ہے جو کسی اجتماعیت کو منظم رکھنے کے قانون سے متعلق ہے۔اس مقصد کے لیے قرآن و سنت سے بیعت کی مختلف اقسام کو بیان کیا گیا ہے۔ نیز حضورﷺ سے صحابہ کرام  رضی اللہ تعالیٰ عنہم  کی بیعت کا طریقہ کار اور احادیث سے ماخوذ مختلف الفاظ بھی نقل کیے گئے ہیں۔بیعت میں حکمرانوں اور عوام کادائرہ کار بھی بیان کیا گیا ہے۔خواتین کی بیعت کی شرائط اور طریقہ کار بھی واضح کیا گیا ہے۔ حکمرانوں سے بیعت امربالمعروف کی بنیاد پر ہو گی اور ’’لَاطَاعَۃَ لِمَخْلُوْقٍ فِیْ مَعْصِیَۃِ الْـخَالِق‘‘ میں اس کی حد بیان کر دی گئی ہے۔ بیعت ِخلافت کی تاریخ سے بھی پڑھنے والوں کو آگاہی دی گئی ہے۔ صالح فکر پر بننے والی یہ بیعت اپنے معاشروں اور تاریخ میں بہت مؤثر اور مثبت اثرات ڈالنے میں کامیاب رہی۔
تیسرا باب امیراور اس کی اطاعت کے احکام پر مشتمل مضامین سے بحث کرتا ہے۔ اس میں امیر کی اطاعت کی فرضیت‘ مقام و مرتبہ ‘حدود‘ امیر اور اہل منصب کے تقویٰ‘علم‘دیانت داری کے اوصاف کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اہل منصب کی نااہلی اور معزولی ‘برے لیڈر اور برے امیر جن کی اطاعت جائز نہیں‘ کو بھی زیر بحث لایاگیا ہے۔ 
چوتھے باب میں سمع و طاعت کی شرعی حیثیت کے بارے میں رسول اللہﷺ کے احکامات بیان کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم   کے روشن کردار کو پیش کیا گیا ہے جو ہمارے لیے عملی نمونہ ہیں۔ 
پانچویں باب میں شورائیت کی لغوی و اصطلاحی تعریفات کے بعد اس کا مقصد اور فوائد بیان کیے گئے ہیںـ۔ مشاورت کے ضمن میں اقوال‘نیز مشاورت کے پانچ تقاضےبیان کرتے ہوئے سیرت طیبہ سے اس کی مثالیں بیان کی گئی ہیں۔خلفائے راشدین نے مشاورت کے بعد اپنی ذمہ داریوں کو ادا کیا۔ خلفائےراشدین ہی نے قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق عملی صورت دنیا کے سامنے پیش کی۔شورائیت کی حدود کارمتعین کرتے ہوئے  نص کی موجودگی میں شورائیت سے گریز ‘ متقی اور عباد ت گزار سے مشاورت کرنے‘ ناصح اور مخلص صاحب الرائے شخص سے مشاورت کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس ضمن میں ۱۴ اصول بیان کیے گئے ہیں۔ قرآن و احادیث سے سجی ہوئی یہ کتاب اجتماعیت کے حوالے سے بلاشبہ ایک معتبر دستاویز ہے۔ 
کتاب ظاہری و باطنی حسن سے بھرپور ہے۔ دوبارہ اشاعت میں قرآنی آیات و احادیث کے لیے اگر واضح عربی خط کو اختیار کیا جائے تو یہ قارئین کے لیے مزید آسانی اور خوشی کا باعث ہوگا۔ (تبصرہ نگار: حافظ محبوب احمد)    
(۲)
 
نام رسالہ:فتاویٰ ‘آراء نمبر ’’صفدر‘‘   (اشاعت خاص)
مرتب:حمزہ احسانی
شمارہ نمبر: 139 تا 142 (ستمبر تا دسمبر 2022ء)
تاریخ اشاعت ( طبع اوّل ) : جون  2025ء
صفحات:160 قیمت :150روپے
ناشر : جامعہ حنفیہ ‘ فیصل آباد (فون :03036827313)
ہمارا دین اسلام ہے جو اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ پر قرآن کی صورت میں نازل کیا۔ اس دین سے مراد وہ نظام زندگی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر انسان دنیوی اور اُخروی فلاح پا سکتا ہے۔ مسلک  (school of thought) وہ فقہی یا فکری راستہ ہے جو ایک ہی دین کے ماننے والے ‘دینی مسائل کو سمجھنے اور عمل کرنے کے لیے اختیار کرتے ہیں۔ دین تو ایک ہی ہے ‘ لیکن مسالک دینی مسائل کی تشریح اور طریقہ کار میں فرق رکھتے ہیں۔ ان مسالک کا مقصد دین کی وضاحت اور آسانی پیدا کرنا ہے نہ کہ کوئی نیا دین بنانا۔ جب لوگ اپنے مسلک ہی کو ’’اصل دین ‘‘ سمجھ بیٹھیں اور جواس دائرے(circle)سے باہر قدم رکھے ‘اسے کافر یاگمراہ کہنا شروع کردیں تو پھر یہ مسلک فرقہ بن جاتا ہے جس سے معاشرے میں انتشار اور بدامنی جنم لیتی ہے۔ اسی فرقہ بندی کی بدترین شکل تکفیری فتنہ ہے جس نے اب تک اُمّت ِ مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم میں اہل ِایمان کو اللہ کی رسی مضبوطی سے تھامے رکھنے اور ہر قسم کے تفرقہ سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد عمار خان ناصرگوجرانوالہ کے قصبہ گکھڑ منڈی میں ۱۰ دسمبر ۱۹۷۵ء کو ایک علمی و مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے دادا مولانا محمد سرفراز خان صفدر دیوبندی مکتب فکر کے نمایاں علماء میں شمار ہوتے ہیں‘ جبکہ  والد مولانا زاہد الراشدی بھی ایک متوازن دینی اسکالر ہیں۔ڈاکٹر محمد عمار خان ناصر نے ابتدائی دینی تعلیم مدرسہ انوار العلوم گوجرانوالہ سے حاصل کی اور۱۹۹۴ءمیں مدرسہ نصرت العلوم سے روایتی دینی علوم میں فراغت پائی۔ بعد ازاں عصری تعلیم کی جانب متوجہ ہوئے اور ۲۰۰۱ءمیں پنجاب یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں ایم اے کیا۔ ۲۰۱۹ء میں انہوں نے ’’فقہ الحدیث میں ائمہ احناف کا اصولی منہج ‘‘کے موضوع پرڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔
۱۹۸۹ء سے ۲۰۰۰ء تک ماہنامہ ’’الشریعہ‘‘ (گوجرانوالہ) میں معاون مدیر رہے‘ بعد ازاں باقاعدہ مدیر بنے۔اِن دنوں یہ ماہنامہ ’’الشریعہ‘‘ کی مجلس مشاورت اور ماہنامہ ’’اشراق‘‘ (لاہور )کی مجلس علمی کے ممبر ہیں۔ آپ دینی اور عصری علوم میں مہارت ‘حدیث و فقہ اور اسلامی قوانین ‘جدید اسلامی تحریکات اور مغرب و اسلام کے تعلقات میں گہری تحقیق اورعلمی مباحث میں اعتدال کی خداداد صلاحیت رکھتے ہیں ۔۱۹۹۶ء میں ان کی پہلی کتاب ’’امام ابوحنیفہ ؒاور عمل بالحدیث ‘‘شائع ہوئی۔ ان کی تحقیق میں ’’حدود و تعزیرات‘‘‘ ’’جہاد‘‘ اور ’’مسجد اقصیٰ کی تولیت ‘‘جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔اگرچہ ان کا تعلق دیوبندی مسلک سے ہیں مگر یہ تقلید جامد کے قائل نہیں۔ علمی وفقہی مسائل میں اپنا ایک خاص نقطہ نظر رکھتے ہیں ۔ ان کی تحقیقات و افکارکا دائرہ اکابر علماء دیوبند کی تحقیقات و افکار سے مختلف ہے ‘ جس کی وجہ سے اس مکتبہ فکر میں ان کے حوالے سے مختلف تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ان پر شدید تنقید کی جاتی رہی ہے مگر اب معاملہ فتاویٰ جات تک پہنچ چکا ہے۔
مجلّہ ’’صفدر‘‘ کی زیر تبصرہ اشاعت ِخاص ڈاکٹر محمد عمار خان ناصرسے متعلق علماء دیوبند کے فتاویٰ جات اور آراء پر مشتمل ہے۔ اس طرح کے فتاویٰ جات اور آراء کی امثال ماضی میں بھی ملتی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ اس کے کوئی اچھے نتائج برآمد نہیں ہوئے ‘بلکہ معاشرے میں قربتوں کی بجائے دُوریوں ہی نے جنم لیا ہے۔اگر کسی پر فتاویٰ جات کی بارش کردی جائے تو اس فرد کی اصلاح کی اُمید دَم توڑدیتی ہے اور معاملہ ضدم ضدا کی نظر ہو جاتا ہے جبکہ گفتگو اور مکالمہ کا راستہ اختیار کر کے اس شخص سے علمی دلائل کو قبول کرکے اپنی رائےسے رجوع واصلاح کی توقع کی جاسکتی ہے۔نصح اورخیرخواہی کا تقاضا یہ ہے کہ ان سے معاملات علمی انداز میں ‘افہام وتفہیم کے ماحول میں حل کیے جائیں ‘ وگرنہ نفرتیں انسانوں کے مابین فاصلے پیدا کر دیتی ہیں ۔ خدارا! قربتیں بڑھائیں ‘ نفرتیں مٹائیں۔
اہل علم اس اشاعت ِ خاص کا مطالعہ کریں مگر اس کے ساتھ ڈاکٹر محمد عمار خان ناصرکے افکار ونظریات سے متعلق ان کے والدگرامی مولانا زاہدالراشدی کے تحریری نقطہ نظر کا بھی جائزہ لیں تو معاملات کو سمجھنے میں آسانی رہے گی‘ان شاء اللہ۔  (تبصرہ نگار: احمد علی محمودی ) 
 
(۳)
نام کتاب:دینی مدارس: خدمات‘ مسائل اور مستقبل    
مؤلف:مولانا عبدالقیوم حقانی 
صفحات:400
اشاعت (اوّل) : اگست 2026 ء / ربیع الاوّل۱۴۴۸ھ  
ناشر:القاسم اکیڈمی‘ جامعہ ابوہریرہ‘ خالق آباد‘ نوشہرہ۔ واٹس ایپ: 03464010613      
برصغیر پاک و ہند میں دینی مدارس صرف تعلیمی ادارے نہیں ہیں‘ بلکہ یہ وہ ناقابلِ تسخیر اسلامی قلعے ہیں جنہوں نے صدیوں سے اسلامی تہذیب‘ دینی علوم‘ اخلاقی اقدار اور ہماری علمی و فکری وراثت کی حفاظت کا عظیم فریضہ سرانجام دیا ہے۔ اگر آج ہمارا ملک محفوظ ہے اور ہماری اسلامی و تاریخی روایات قائم و دائم ہیں‘ تو یہ سب دینی مدارس ہی کی برکات اور علماء کی بے لوث خدمات کا مرہونِ منت ہے۔ جب بھی معاشرے میں اخلاقی انحطاط یا فکری انتشار کا خطرہ پیدا ہوا‘ ان مدارس نے شمع ِ ہدایت بن کر راہ دکھائی ہے۔ 
زیر ِ نظر کتاب انہی مقدس اداروں کے ماضی‘ حال اور مستقبل کا ایک جامع‘ متوازن اور عمیق فکری تجزیہ پیش کرتی ہے۔ یہ کتاب نہ صرف مدارس کی شان دار تاریخ اور ان کی گراں قدر خدمات کا احاطہ کرتی ہے‘ بلکہ ان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر بھی بے باک گفتگو کرتی ہے۔ پھر ایک روشن مستقبل کا لائحہ عمل تجویز کرتی ہے۔ دینی مدارس اور اُمّت ِمسلمہ کو درپیش فکری و تعلیمی مسائل کے حوالے سے فاضل مؤلف مولانا عبدالقیوم حقانی کے مختلف ادوار میں تحریر کردہ منتخب مضامین کا یہ مجموعہ آٹھ جامع ابواب پر مشتمل ہے:
باب اوّل : دینی مدارس: تعارف‘ خدمات اور عصری چیلنجز
باب دوم : نصابِ تعلیم‘ درسِ نظامی اور اسلامی نظامِ تعلیم
باب سوم : اساتذۂ کرام‘ طلبہ اور تربیت ِعلم
باب چہارم : طالبان‘ جہاد‘ عزم و استقلال اور معاصر حالات
باب پنجم : تعلیم و تربیت‘ خدمات اور علمی ذوق
باب ششم : عشق رسول ﷺ اور پیغامِ عمل
باب ہفتم : دینی مدارس کا مستقبل‘ نصاب میں توسیع اور اتحادِ اُمّت
باب ہشتم : دینی مدارس کی جدید کاری‘ نصاب اور اختتامی پیغام 
یہ کتاب اس تاریخ ساز سچائی کی یاد دہانی کراتی ہے کہ انگریز دورِ حکومت اور استعمار کی فکری یلغار کے وقت‘ جب اسلامی تشخص کو شدید خطرات لاحق تھے‘ انہی مدارس نے دین کی اصل روح کو محفوظ رکھا۔ علماءِ مدارس نے انگریز استعمار کے خلاف جو عملی اور فکری جدوجہد کی‘ وہ تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ انہوں نے انتہائی پُرخطر حالات میں ہزاروں فضلاء‘ مفتیانِ کرام‘ محدثین اور مفسرین تیار کر کے اسلامی علمی و ادبی سرمائے کی حفاظت کی اور دنیا بھر میں دین کے پیغام کو عام کیا۔
کتاب میں مدارس کو درپیش اندرونی اور بیرونی مسائل وتنقید کا نہایت بے لاگ اور مدلل تجزیہ پیش کرکے اس حقیقت کو پُرزور انداز میں واضح کیا گیا ہے کہ مدارس بیرونی امداد کو صرف اور صرف دینی مقاصد ہی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس امداد سے نہ تو اسلحہ خریدا جاتا ہے‘ نہ طلبہ کو تشدد کی تربیت دی جاتی ہے‘ اور نہ ہی فرقہ واریت کو فروغ دیا جاتا ہے؛ بلکہ اس کا استعمال خالصتاً تعلیمی اور دینی امور تک محدود ہے۔ مزید برآں‘ دینی مدارس کے متعدد اساتذہ اور طلبہ خود دہشت گردی کی خوںریز لپیٹ میں آ کر جامِ شہادت نوش کرچکے ہیں‘ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ادارے خود اس بربریت کا شکار رہے ہیں نہ کہ اس کے داعی۔ 
فاضل مؤلف نے مدارس اور عصری تعلیمی اداروں کے درمیان فکری ربط قائم کرنے پر زور دیا ہے تاکہ معاشرے کو متوازن شخصیات میسر آ سکیں۔ اس حوالے سے جو غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں‘ انہیں باہم مذاکرات کے ذریعہ دورکیا جاسکتا ہے جہاں تک دینی مدارس کے نصابِ تعلیم کا تعلق ہے‘ اسے بہتر سے بہتر بنایا جا سکتا ہے‘ مگر اس حد تک کہ ان اداروں کا اصل مقصد ِتاسیس‘ روحانی جذبہ اور بنیادی مقصد مجروح نہ ہونے پائے۔
کتاب کا اسلوبِ بیان انتہائی شگفتہ‘ نکھرا ہوا‘ مدلل اور پُرکشش ہے۔ ہر اس شخص کو اس کا مطالعہ کرنا چاہیے جو دینی مدارس کے فکری و عملی نظام کو دیانت داری سے سمجھنا چاہتا ہے۔ یہ کتاب ہمیں یہ سنہری سبق دیتی ہے کہ مستقبل  انہی اداروں کا روشن ہوگا جو اپنی بنیادوں اور اصل دینی روایات سے جڑے رہیں گے۔  (تبصرہ نگار: احمد علی محمودی )
(۴)
نام کتاب:تذکرہ مشائخ جامعہ ابوہریرہؓ
مصنف:مولانا محمد دانیال کلاچوی
ضخامت:64 صفحات
ناشر:القاسم اکیڈمی‘ جامعہ ابوہریرہ‘ خالق آباد‘ نوشہرہ
 
جامعہ ابوہریرہؓ کا شمار صف اوّل کے دینی مدارس میں ہوتا ہے۔ اس کی بنیاد جامعہ حقانیہ کے ایک ہونہار طالب علم عبدالقیوم حقانی نے نہایت نامساعد حالات میں رکھی۔ حقانی صاحب کی خداداد صلاحیت اور شب و روز کی محنت رنگ لائی اور آج یہ ادارہ مقبولیت کے اعلیٰ مقام پر ہے۔ اس کے فضلاء کو قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جو مختلف علاقوں میں دین کی تعلیم دے رہے ہیں۔
اس کتابچے میں مصنف نے جامعہ ابوہریرہؓ کے سات بڑے مشائخ کا تذکرہ کیا ہے۔ سب سے پہلا نام شیخ الحدیث عبدالقیوم حقانی کا ہے جنہوں نے جامعہ دار العلوم حقانیہ سے تعلیم و تربیت پائی اور تصنیف و تالیف میں منفرد نام پایا۔ پھر مشائخ میں دوسرا نام مولانا محمد قاسم حقانی کا ہے جو شیخ الحدیث مولانا عبدالقیوم حقانی کے فرزند ارجمند ہیں اور ادارے کو ترقی دینے میں اپنے والد کےدست و بازو ہیں۔ اس کے علاوہ شیخ الحدیث مولانا مفتی عبدالصبور‘ مفتی اسعد ثانی‘ قاری عبدالعلیم حقانی‘ مولانا عبدالغفار حقانی اور مفتی عاصم اسلام کا مختصر تعارف ہے۔ ان علمی شخصیات کے بارے میں یہ کہہ دینا ہی کافی ہے کہ انہوں نے نہ صرف رسوخ فی العلم میں نام پایا ہے بلکہ تقویٰ اور خدمت خلق میں بھی ان کا مقام معروف ہے۔
مشائخ کے علاوہ کتابچے کے آخر میں ان ۶۷ طلبہ کے نام بھی ہیں جو اس وقت جامعہ میں زیرتعلیم ہیں۔ مصنف کی تحریر بلند پایہ ادبی مقام رکھتی ہے جس کے زیر اثر جہاں جامع ابوہریرہؓ کا شایانِ شان تعارف ہوتا ہے وہاں اساتذہ کی قابلیت‘ محنت اور لگن بھی عیاں ہوتی ہے جو علم دین کے پیاسوں کے لیے کشش کا باعث ہے۔ 
(تبصرہ نگار:پروفیسر محمد یونس جنجوعہ)