(پیش رفت ..... 2022ء تک) شعبہ خط و کتابت کورسز - مدیر شعبہ

24 /

(4)شعبہ خط و کتابت کورسز

انجمن خدام القرآن لاہور قرآن حکیم کی تعلیمات کو عام کرنے اور اس کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کے سلسلہ میں مختلف شعبہ جات کے ذریعے اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔ ان شعبوں میں ایک ’’شعبہ خط و کتابت کورسز‘‘بھی ہے ۔ایسے افراد جو وقت کی کمی کی وجہ سے صبح کے ’’رجوع الی القرآن کورس‘‘یا شام کے ’’فہم دین کورس‘‘ میں داخلہ نہیں لے سکتے ان کے لیے گھر بیٹھے قرآن فہمی اور عربی سیکھنے کے حوالے سے خط و کتابت کے ذریعے مختلف کورسز نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونی ممالک کے طلبہ و طالبات کے لیے کروائے جاتے ہیں۔
قرآن حکیم کے آفاقی اور انقلابی پیغام کو بذریعہ خط و کتابت عام کرنے کا آئیڈیا لطف الرحمٰن خان مرحوم و مغفور نے دیا تھا۔ اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے جنوری 1988ء میں شعبہ خط و کتابت کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے ڈاکٹر اسرار احمدؒکے مرتب کردہ قرآن حکیم کےمنتخب نصاب کی آڈیو کیسٹس سےسوالنامے تیار کیے۔ بعدازاں عربی گرامر کورس کے لیے’’آسان عربی گرامر‘‘ کے عنوان سے تین کتابیں بھی تالیف کیں۔ جنوری 1988ء تا جنوری 1991ء وہ اس شعبہ کے ناظم رہے۔ فروری 1991ء سے جون 2015ء تک انوار الحق چوہدری مرحوم شعبہ خط و کتابت کورسز کے ناظم رہے ۔انہی کی کاوش سے ’’ترجمہ قرآن حکیم کورس‘‘ شروع کیا گیا۔ جولائی 2015ء سے اگست 2021ء تک حافظ عاطف وحید صاحب ناظم شعبہ خط و کتابت کورسز کی ذمہ داری سرانجام دیتے رہے۔ انہی کی مساعی سے یکم ستمبر 2016 ء سے قرآن حکیم کی فکری و عملی راہنمائی کورس کو بذریعہ آن لائن بھی شروع کیا گیا۔ ستمبر 2021ء سے تاحال محمد آصف شیخ صاحب بطور ناظم شعبہ خط و کتابت کورسز کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ محمد آصف شیخ صاحب شعبہ کی وسیع پیمانے پر تشہیر کے لیے بہت فعال ہیں۔ وہ خود سوشل میڈیا پر کورسز کی تشہیر کا کام سر انجام دے رہے ہیں ۔اس کے لیے انہوں نے شعبہ کی اپنی ڈومین خریدنے کا اہتمام کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ قرآن حکیم کی فکری و عملی راہنمائی کورس بذریعہ آن لائن کےلیے نئی ویب سائٹ تیار کروا رہے ہیں جو لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کے علاوہ بذریعہ واٹس ایپ بھی ساز گار ہو گی۔
(i ) قرآن حکیم کی فکری و عملی راہنمائی کورس
اس کا بذریعہ خط و کتابت آغاز جنوری 1988ء میں کیا گیا ۔ اس کورس کا مقصد خواتین و حضرات کو قرآن حکیم کے مربوط مطالعے کے ذریعے دین کے جامع اور ہمہ گیر تصور سے متعارف کرانا ہے۔ بفضل باری تعالیٰ یہ کورس بڑی کامیابی سے جاری ہے۔
(الف) بذریعہ خط و کتابت: اس میں اب تک طلبہ و طالبات کی تعداد 4466 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 687 طلبہ و طالبات کورس کامیابی سے مکمل کرچکے ہیں۔
(ب) بذریعہ آن لائن: اس کا اجراء یکم ستمبر2016ء کوہوا تھا۔ مجموعی طور پر اب تک 2024 طلبہ و طالبات کورس ہذا کا فارم جمع(Submit) کر واچکے ہیں جن میں1404پاکستانی جبکہ 43بیرونی ممالک کے 620 طلبہ و طالبات شامل ہیں۔ ان میں سے866طلبہ و طالبات داخلہ لے چکے ہیںجن میں613 پاکستانی اور28 ممالک کے 253 طلبہ و طالبات شامل ہیںجبکہ 29طلبہ و طالبات کورس کی تکمیل کر چکے ہیں جن میں 22 پاکستانی اور مختلف 4ممالک کے 7طلبہ و طالبات شامل ہیں۔
(ii ) ابتدائی عربی گرا مر کورس(III,II,I)
اس کورس کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ کو عربی گرامر کے بنیادی اصولوں سے اس حد تک متعارف کرا دیا جائے کہ قرآن اور احادیث سے براہ راست استفادہ کے لئے انہیں ایک بنیاد حاصل ہو جائے۔ یہ کورس بھی بہت مقبول ہوا ہے۔ یہ کورس بذریعہ خط و کتابت کے علاوہ بذریعہ واٹس ایپ بھی کروایا جاتا ہے۔
عربی گرامر کورس (حصہ اول): اس کا اجراء نومبر 1990ء میں کیا گیا۔ اس کورس میں طلبہ اور طالبات کی تعداد 4344تک پہنچ چکی ہے اور 681 طلبہ و طالبات اسے مکمل کرچکے ہیں۔
عربی گرامر کورس (حصہ دوم): اس کا آغاز اکتوبر 1992ء میں ہوا تھا۔ اس میں طلبہ کی تعداد 735تک پہنچ چکی ہے اور 383 طلبہ و طالبات اس کی تکمیل کر چکے ہیں۔
عربی گرامر کورس (حصہ سوم): اس کا آغاز مارچ 1997 ء میں ہوا تھا۔ اس میں طلبہ کی تعداد 426تک پہنچ چکی ہے جبکہ 212 طلبہ و طالبات کورس مکمل کرچکے ہیں۔
(iii) ترجمہ قرآن کریم کورس
اس کورس کا اجراء1996میں کیا گیا تھا۔ یہ خاص طور پر ان نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جنہیں قرآنی الفاظ کے معانی براہ ِ راست سمجھنے اور یاد کرنا ہوتے ہیں۔ اب تک اس کورس میں3416طلبہ اور طالبات داخلہ لے چکے ہیں جبکہ 377 طلبہ و طالبات تکمیل کر چکے ہیں۔ یہ کورس بذریعہ خط و کتابت کے علاوہ بذریعہ واٹس ایپ بھی کروایا جاتا ہے۔
کورسز کی تشہیر
تمام کورسز کی تشہیر ’’میثاق‘‘ اور ’’ندائے خلافت‘‘ کے علاوہ بذریعہ سوشل میڈیا بھی کی جاتی ہے ۔اس مقصد کے لیے تنظیم اسلامی کی ویب سائٹ، تنظیم کے فیس بک پیج اور شعبہ خط وکتابت کورسز کے فیس بک پیج کو استعمال کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں تنظیم اسلامی کے سالانہ اجتماع کے موقع پر اور تنظیم اسلامی کےحلقہ خواتین کو کورسز کے پراسپکٹس فراہم کیے جاتے ہیں۔